پیر, جون 23, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 1260

قمر جاوید باجوہ نے مارشل لا کی پوری تیاری کرلی تھی، فیصل واوڈا

0
فیصل واوڈا

سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ قمر جاوید باجوہ نے مارشل لا کی پوری تیاری کرلی تھی۔

پروگرام خبر میں سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ رجیم چینج جب ہورہی تھی تو اس وقت مارشل لا کی تیاری ہوگئی تھی، قمر باجوہ نے مارشل لا کی تیاری کرلی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کو پی ٹی آئی نے روکنے کی بہت کوشش کی لیکن وہ اللہ کے حکم سے آرمی چیف بن گئے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ آرمی چیف عاصم منیر کے سامنے مارشل لا پلیٹ میں رکھا ہوا ملا لیکن انہوں نے جمہوریت کو چلنے دیا، اگر پی ٹی آئی سے بدلہ لینا ہوتا تو آرمی چیف کے لیے بہت ہی آسان تھا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اچھے نفیس انسان اور حفظ قرآن ہیں۔

فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پیکا قانون حکومت نے بنایا ہے اور اس کی ذمہ داری لینی چاہیے، حکومت کو اپنا وزن اٹھانا پڑے گا ورنہ اس تاثر کے ساتھ آگے نہیں چل سکتے۔

سینیٹر نے کہا کہ حکومت نے اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے توکھڑی ہو کسی اور پر الزام نہ لگائے۔

کرم میں بنکرز کے خاتمے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا اقدام

0

پشاور: کرم میں بنکرز کے خاتمے کیلئے بڑا اقدام کرتے ہوئے کے پی حکومت نے ایکسپلوسیوز خریدنے کیلئے 98 ملین فنڈز کی منظوری دیدی۔

کےپی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کی جانب سے ضلع کرم کے لیے 407 اہلکاروں کی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ کرم میں چوکیوں کیلئے 764 ملین روپے مالیت کے ضروری سامان کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔

کرم میں موجود 1645 میٹرک ٹن پاسکو امپورٹڈ گندم عوام کو جاری کرنے کی منظوری دی گئی، پی ایم ایس امیدواروں کیلئےعمر میں 5 سال کی رعایت دی گئی ہے، 4 امتحانی مواقع فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

ڈی آئی خان ایریگیشن سرکل میں ٹیوب ویلزچلانے آسامیوں کے قیام کی منظوری دی گئی، شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کیلئے ماہانہ راشن الاؤنس مد میں 359 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے صوبائی اسمبلی کی قرارداد نمبر 123 کو وفاقی حکومت کو بھیجنے کی منظوری دی، صوبائی کابینہ نے شاہراہوں پر ایکسل لوڈ کنٹرول کے نفاذ کی منظوری بھی دی۔

اس کے علاوہ ڈی آئی خان کیلئے انٹیگریٹڈ ڈیولپمنٹ پیکج کےعنوان سے نان اے ڈی پی منصوبے کی منظوری دی گئی، کابینہ نے خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹس پراپرٹی لیز رولز 2025 کی منظوری بھی دی۔

اسرائیلی حملے میں حماس کے اہم کمانڈر شہید

0
غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر بات چیت شروع، حماس کی تصدیق

اسرائیل نے لبنان میں ڈرون حملہ کر کے فلسطینی تحریک مزاحمت کے ایک اہم ذمہ دار ابو عماد محمد شاہین کو شہید کر دیا۔

القسام بریگیڈز نے لبنان میں اہم کمانڈر کی اسرائیلی حمالے میں شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔

حماس کے مسلح ونگ نے محمد ابراہیم شاہین کی جرات و بہادری پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت میں، بشمول غزہ کی جنگ کے دوران، ان کا اہم کردار اور خصوصی نقش تھے۔

فلسطینی گروپ نے کہا کہ وہ اپنی کارروائیاں اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک کہ ہمارے لوگوں کی آزادی اور واپسی کا خواب پورا نہیں ہو جاتا۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق، شاہین لبنانی ملیشیا کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی کے نگران بھی تھے اور وہ صالح العاروری اور ذکی شاہین کے ساتھ مل کر مغربی کنارے میں حملوں کی منصوبہ بندی کا حصہ تھے۔

اخبار یدیعوت آحرونوت کے مطابق وہ "لبنان میں آپریشنل سیکشن” کے سربراہ تھے، جو بیرون ملک اسرائیلی اہداف پر حملوں کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔

محمد شاہین ابو عماد غزہ کے پناہ گزین کیمپ البقعہ میں پیدا ہوئے اور ان کا خاندان الفالوجہ گاؤں سے نقل مکانی کر کے غزہ آیا تھا اور ان کے پاس اردنی شہریت بھی تھی۔ قدس نیوز نیٹ ورک نے بتایا کہ ان کے بھائی حمزہ کو کئی سال قبل لبنان کے جنوبی علاقے میں واقع البرج الشمالی کیمپ میں ہونے والے ایک دھماکے میں شہید کر دیا گیا تھا۔

پاکپتن میں بچوں‌ کے جھگڑے پر میاں بیوی نے 4 سالہ بچے کو قتل کردیا

0
پاکپتن چار سالہ بچہ قتل

پاکپتن میں بچوں کے جھگڑے پر میاں بیوی نے گھر کے صحن میں کھیلتے 4 سالہ بچے کو تیز دھار آلے سے ذبح کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکپتن کے گاؤں مل کے رہائشی بشیر کے بچوں کا حفیظ کے بچوں سے جھگڑا ہوا تھا جس کی رنجش پر حفیظ نے اپنی بیوی آسیہ کے ساتھ مل کر 4 سالہ بیٹےعلی حسنین کو گھر کےصحن میں کھیلتے چار سالہ بچے کو  کمرہ میں بند کردیا۔

بشیر نے بچے کی تلاش کے کمرہ کا دروازہ کھولا تو علی حسنین تیز دھار آلہ سے گلہ کٹا ہوا تھا۔

بچہ خون میں لت پت پڑا تھا جسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا  جہاں وہ دم توڑ گیا۔

افسوس ناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او جاوید چدھڑ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے انہوں نے فرار ہونے والہ ملزمہ آسیہ کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی۔

پولیس نے مقتول کے والد بشیر کی رپورٹ مقدمہ درج کرلیا ہے۔

سابق کرکٹر نے شادی کے 12 سال بعد اہلیہ سے علیحدگی اختیار کرلی

0

جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر جے پی ڈومنی اور ان کی اہلیہ سو کے درمیان شادی کے 12 سال بعد طلاق ہوگئی۔

سابق جنوبی افریقی کرکٹر جے پی ڈومنی نے طلاق کے بارے میں سوشل میڈیا کے ذریعے پوسٹ شیئر کرکے مداحوں کو آگاہ کیا ہے۔

دونوں کے تعلقات کافی عرصے سے ٹھیک نہیں چل رہے تھے جس کے باعث علیحدگی کا فیصلہ کیا گیا۔

جے پی ڈومنی اور سو کی شادی 12 سال تک قائم رہی اور ان کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔

جے پی ڈومنی

ڈومنی اور اہلیہ نے لکھا کہ بہت سوچ بچار کے بعد ہم نے الگ ہونے کا فیصلہ کیا، ہماری شادی کے بعد کی کئی خوبصورت یادیں ہیں ہماری دو پیاری بیٹیاں بھی ہیں۔

انہوں نے اپیل کی کہ اس صورتحال میں ہماری پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔

واضح رہے کہ جے پی ڈومنی نے جنوبی افریقا کی جانب سے 46 ٹیسٹ میں 2103 رنز 42 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 199 ون ڈے میں 5117 رنز اور 69 وکٹیں جبکہ 81 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 1934 رنز اور 21 وکٹیں لے رکھی ہیں۔

49 سالہ فرحان علی آغا کی فٹنس دیکھ کر مداحوں کے ہوش اُڑ گئے

0
فرحان علی آغا

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فرحان علی آغا کی فٹنس دیکھ کر مداحوں کے ہوش اُڑ گئے۔

سوشل میڈیا پر معروف اداکار فرحان علی آغا کی تصاویر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ جم میں موجود ہیں اور ایکسرسائز کررہے ہیں۔

اداکار کی مستقل مزاجی اور محنت نے مداحوں کو متاثر کیا اور وہ ان کی فٹنس کی داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔

فرحان علی آغا ہمیشہ صحت کی دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیتے ہیں اور نوجوانوں کو فٹنس سے متعلق متحرک رہنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

ایک پوڈ کاسٹ میں انہوں نے جم سے محبت کرنے والوں کے لیے قیمتی ٹپس اور مشورے شیئر کیے ہیں، جو فٹنس کے شوقین افراد کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔

میزبان نے سوال کیا کہ آپ کا اور ارشد ندیم کا جتنا آن لائن موازنہ ہورہا ہے اور لوگ ردعمل دے رہے ہیں یہ ایک دم کیسے ہوگیا۔

میں نے ایک فٹنس ویڈیو لگائی تھی لیکن میرا پڑوسی بھی مجھے ارشد ندیم کی میمز کی ویڈیو بھیج رہا تھا، اگر فلم آفر ہوا تو بہت اچھا کردار ہوگا۔

فرحان علی آغا نے کہا کہ ارشد ندیم اور میرے درمیان عمر کا فرق ہے وہ جوان ہیں اور میری عمر زیادہ ہے، میں نے ساری زندگی چیزیں سامنے آنے پر فیصلہ کیا ہے جب اسکرپٹ آئے گا تو دیکھیں گے۔

خواجہ دل محمد:‌ ریاضی کا وہ ماہر جو تحریکِ آزادی میں بھی پیش پیش رہا

0

اردو ادب میں خواجہ دل محمد کو جہاں بطور شاعر اور مصنف پہچانا جاتا ہے، وہیں وہ علمی حلقوں میں ریاضی داں اور ماہرِ تعلیم کی حیثیت سے بھی پہچانے گئے۔ ان کا تذکرہ آج شاذ ہی ہوتا ہے لیکن خواجہ صاحب ان شخصیات میں سے ہیں جنھوں نے علم و ادب کے شعبوں میں اپنی قابلیت، استعداد اور خداداد صلاحیتوں کی وجہ سے پہچان بنائی تھی۔

خواجہ صاحب کے مورثِ اعلیٰ نے سلطان محمود غزنوی کے عہد میں اسلام قبول کیا تھا اور ان کے بزرگ بعد میں لاہور آکر آباد ہوگئے تھے۔ ان کا آبائی وطن غزنی تھا۔ آبا و اجداد کا پیشہ تجارت تھا۔ خواجہ دل محمد لاہور کے کوچہ ’’گیان‘‘ عقب کشمیری بازار میں فروری 1883ء میں خواجہ نظام الدین کے گھر پیدا ہوئے۔ قرآن کی تعلیم پائی اور ناظرہ مکمل کرنے کے بعد اسلامیہ ہائی سکول شیرانوالہ گیٹ میں میں داخلہ لیا۔ میٹرک تک تعلیم اسی اسکول سے حاصل کی۔ یہ وہ دور تھا جب انجمن حمایت اسلام نے اسلامیہ ہائی اسکول کی عمارت کے بالائی حصے میں کالج بھی قائم کیا تھا۔ خواجہ دل محمد نے بعد میں یہیں سے ایف اے اور بی اے کے امتحانات پاس کیے۔ کالج کے زمانے میں شیخ سر عبدالقادر ان کے استادوں میں سے تھے اور ان کی شخصیت نے خواجہ دل محمد کی شخصیت پر گہرے اثرات مرتب کیے۔

خواجہ دل محمد کو ریاضی کے مضمون سے فطری مناسبت اور بہت رغبت تھی۔ اسی مضمون میں 1970ء میں ماسٹرز کا امتحان پاس کیا۔ اس کے بعد اسلامیہ کالج ہی میں استاد مقرر ہو گئے۔ علمی دنیا سے ان کی وابستگی ہمیشہ بڑی گہری اور والہانہ رہی۔ وہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں گہری دل چسپی لیتے تھے۔ اگرچہ خواجہ دل محمد کی قابلیت اور محنت و لگن کو دیکھتے ہوئے مختلف اوقات میں انھیں گراں قدر مشاہرے پر خدمات انجام دینے کی پیشکش ہوئی۔ لیکن خواجہ صاحب نے فیصلہ ہمیشہ اسلامیہ کالج کے حق میں دیا۔ وہ 35 برس تک اس کالج میں تشنگان علم کو فیض یاب کرتے رہے۔ 1940 ء میں وہ اس کالج کے پرنسپل مقرر ہوئے اور 1943 ء میں اپنی ذمہ داریوں سے سبک دوش ہو گئے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد رجسٹرار ضلع لاہور مقرر ہوئے۔ 1946 ء میں تقسیم ہند کے وقت خرابی صحت کے سبب اس عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔

خواجہ دل محمد ملازمت کے ساتھ تصنیف و تالیف میں بھی مصروف رہے۔ بحیثیت استاد خواجہ دل محمد بہت کام یاب اور ہر دل عزیز رہے۔ ان کو تدریس کا وسیع تجربہ تھا اور ریاضی جیسا خشک مضمون بہت دل چسپ انداز سے پڑھاتے تھے۔ بحیثیت ریاضی داں ان کی خوب شہرت تھی اور کہتے ہیں‌ کہ اس زمانے میں ان کے پائے کے ماہرِ ریاضیات چند ہی تھے۔

ادبی سفر پر نظر ڈالیں تو خواجہ دل محمد شاعری کی خداداد صلاحیت رکھتے تھے۔ انھوں نے ابتدا نعت گوئی سے کی اور بعد میں قومی و اصلاحی نظموں کی وجہ سے بھی پہچانے گئے۔ خواجہ دل محمد کی شاعری کا باقاعدہ آغاز ہی انجمن حمایت اسلام کے سالانہ جلسوں میں ولولہ انگیز شاعری سے ہوا۔ طالب علمی کے زمانے میں خواجہ صاحب ان جلسوں میں نظمیں سناتے تھے جہاں اکابر شعرا جیسے حالی، شبلی، ڈپٹی نذیر احمد وغیرہم موجود ہوتے اور اپنا کلام پیش کرتے تھے۔ خواجہ دل محمد کو ان شخصیات سے داد ملی۔ خواجہ صاحب نے ان نظموں کو 1956ء میں ’’حیات نو‘‘ کے نام سے شائع کیا۔

خواجہ دل محمد کی سیاسی اور سماجی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ انھوں‌ نے قومی اور سیاسی تحریکوں میں حصہ لیا۔ 1924ء میں خلافت اور کانگریس کی متحدہ کمیٹی کے ٹکٹ پر میونسپل کمیٹی کے الیکشن میں حصہ لیا اور دامے درمے قدمے سخنے مسلمانوں کی مدد کرتے رہے اور اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں آزادی کا جوش اور ولولہ بھی پیدا کرتے رہے۔

الجبرا اور ریاضی پر ان کی متعدد تصانیف تھیں‌ جو نصاب میں بھی شامل رہیں‌۔ دوسری طرف انجمن حمایت اسلام کے اسلامیہ اسکولوں میں ہندو اور انگریز مصنفین کی کتابیں اس وقت متعارف کروائی گئی تھیں مگر خواجہ دل محمد کی ان تصانیف کی طباعت کے بعد انھیں شامل کرلیا گیا۔ پاکستان بننے کے بعد خواجہ دل محمد کی مرتب کردہ ریاضی کی 32 کتب مختلف مدارج کے نصاب میں شامل رہیں۔خواجہ دل محمد نے پنجاب یونیورسٹی لاہور کی اعلیٰ جماعتوں کا نصاب تیار کرنے میں بھی حصہ لیا۔ پنجاب یونیورسٹی سنڈیکیٹ کے گیارہ برس تک ممبر اور 24 برس تک فیلو آف پنجاب یونیورسٹی رہے۔

خواجہ دل محمد کا انتقال 1961ء میں ہوا۔

ڈیپ سیک کو ایپ اسٹورز سے ہٹا دیا گیا

0

جنوبی کوریا نے ڈیپ سیک کو پرائیویسی جائزے کے لیے ایپ اسٹورز سے ہٹا دیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا نے ڈیپ سیک کے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے چیٹ بوٹ کے ڈاؤن لوڈز کو چینی اسٹارٹ اپ کے رازداری کے معیارات کا جائزہ لینے کے لیے معطل کر دیا ہے۔

جنوبی کوریا کے پرائیویسی واچ ڈاگ نے پیر کے روز کہا کہ ڈیپ سیک کے آر ون چیٹ بوٹ کو ایپل کے ایپ اسٹور اور گوگل پلے کے مقامی ورژن سے ہٹا دیا گیا ہے۔

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب ہانگزو میں قائم فرم نے اعتراف کیا کہ وہ ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کے قوانین کی تعمیل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

چینی کمپنی کی ایپ ڈیپ سیک نے دنیا بھر میں دھوم مچادی۔

چینی ایپ کے لانچ ہوتے ہی امریکا اور یورپ میں ہلچل مچ گئی ، ایک ہفتے میں امریکا میں چینی ایپ کو سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا، جس سے امریکا اور یورپ کی ٹیک کمپینز نے سرپکڑ لئے۔

امریکا میں چینی ڈیپ سیک کی اچانک مقبولیت کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے شئیرز گرگئے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے بھی ڈیپ سیک ایپ کو خطرناک قرار دے دیا اور تنبیہ کرتے ہوئے کہا اتنی سستی چینی ایپ کی لانچنگ کے بعد ہماری انڈسٹری کو جاگ جانا چاہیے۔

اب امریکی بحریہ نے بھی چینی ڈیپ سیک کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے متعلقین کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ امریکی بحریہ کے اہلکاروں کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈیپ سیک کا آرون ماڈل کسی بھی کام کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔

امریکی کمپنی اوپن اے آئی کے مالک کا کہنا ہے چینی ایپ متاثر کن ہے تاہم، ہم اس سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

خیال رہے ڈیپ سیک اے آئی چیٹ باٹ ہے، جو صرف چھ ملین ڈالر کی لاگت سے تیار ہوئی ہے، چینی کمپنی نے دعویٰ کیا کہ یہ ایپ حساب، کوڈنگ اور دیگر معاملات میں اوپن اے آئی کے جدید ترین ماڈل سے مقابلہ کرسکتی ہے۔

پاکستان ٹیم چل جائے تو چاند تک، ورنہ تو شام تک! کامران اکمل

0
کامران اکمل کی افغانستان سے شکست پر قومی ٹیم پر تنقید، اندر کی باتیں سامنے لے آئے

سابق کرکٹر کامران اکمل نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے اس کی غیرمستقل مزاجی کی نشاندہی کی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم ایسی ہے چل جائے تو چاند تک، ورنہ تو شام تک۔ ہماری ٹیم میں بہت سی خامیاں ہیں، بولنگ میں ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

کامران اکمل نے کہا کہ ہمارے پاس اسپنرز نہیں ہیں، اوپنرز جدوجہد کر رہے ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ سلیکٹرز اور کپتان نے کیا سوچا، ہمارے چیئرمین نے بھی اس کی منظوری دے دی، دیکھتے ہیں کہ ٹیم کتنی بیلنس ہے۔

’’اگر پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا تو بھارت کو بھی چت کر دے گا‘‘

انھوں نے اسکواڈ کے انتخاب پر تنقید کی اور محمد رضوان کی قیادت میں ٹیم کے چیمپئنزٹرافی جیتنے کے امکانات پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے بھی جدوجہد کا شکار ہوسکتی ہے۔

کامران اکمل نے کہا کہ ہم ایک بہتر ٹیم کا اعلان کر سکتے تھے، مجھے نہیں پتا کہ ایسی ٹیم کیوں منتخب کی گئی، چیئرمین نے اتنی کرکٹ نہیں کھیلی، شاید اس لیے انھوں نے منظوری دے دی۔

سابق وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اس ایونٹ میںنیوزی لینڈ، انگلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گے، پانچ اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے امکانات کافی کم ہوگئے ہیں۔

محمد یوسف نے چیمپئنز ٹرافی کی سب سے متوازن ٹیم کا بتا دیا

0
محمد یوسف چیمپئنز ٹرافی

سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی سب سے بیلنس ٹیموں کا نام بتا دیا۔

پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر محمد یوسف کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں سب سے متوازن ہیں تاہم پاکستان کو فائدہ ہوگا کیونکہ وہ ہوم کنڈیشنز میں کھیل رہے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی پسندیدہ کا انتخاب کرنا مشکل ہے یہ بڑا ٹونامنٹ اور اس کی رفتار کسی بھی وقت بدل سکتی ہے، میرے نزدیک نیوزی لینڈ سب سے متوازن ٹیم لگتی ہے۔

محمد یوسف کے مطابق ان کے پاس ایشیائی وکٹوں کے حساب سے موزوں اسکواڈ ہے ان کی لائن اپ میں تین معیاری بولرز، اچھے اسپنرز اور بیٹنگ میں ٹھوس ٹاپ سکس کھلاڑی شامل ہیں، ان کا وکٹ کیپر ایک آل راؤنڈر ہے اور ان کے پاس دو اسپن بولنگ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہوم کنڈیشنز پر کھیلنے کا فائدہ اٹھا سکتا ہے لیکن انہیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی۔

اگر پاکستان فائنل میں پہنچ جاتا ہے تو اسے گھر پر کھیلنے کا فائدہ ہوگا۔ مجھے امید ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

محمد یوسف نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں ٹرننگ وکٹوں پر کھیلا ہے اس لیے ہمیں  اسٹرائیکٹ کو روٹیٹ کرنے اور ڈاٹ بالز کو کم سے کم کرنے کی ضرورت ہے۔

سابق کرکٹر نے ٹورنامںٹ کے آغاز سے قبل ریکارڈ وعقت میں اسٹیڈیمنز کی تزئین و آرائش پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی دوسرے پاکستانی کی طرح بہت پرجوش ہوں۔ 29 سال بعد پاکستان آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔