پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 10) میں راکٹ مین کی شہرت سے مجبور ہو کر آئی پی ایل نے نقل میں روبوٹک کتا میدان میں اتار دیا۔
دنیا کی مقبول ترین کرکٹ لیگز میں سے ایک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے اپنے دسویں ایڈیشن میں نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے راکٹ مین متعارف کرایا۔
اس کا چرچا جب دنیا میں ہوا تو انڈین پریمیئر لیگ بھی ٹیکنالوجی استعمال کرنے پر مجبور ہوگئی۔
تاہم نقل کے لیے بھی عقل درکار ہوتی ہے لیکن آئی پی ایل انتظامیہ نے بھونڈی نقل کرتے ہوئے ٹیموں کے میچ سے قبل ٹاس کے لیے میدان میں روبوٹک کتا لے آئی۔
اس روبوٹک کتے نے بھی پی ایس ایل کے راکٹ مین کی طرح میچ کے آغاز سے قبل ٹاس کا سکہ کپتان کے سپرد کیا۔
بی سی سی آئی اور آئی پی ایل انتظامیہ کی یہ بھونڈی نقل سوشل میڈیا صارفین کو ایک آنکھ نہ بھائی اور انہوں نے آئی پی ایل انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس کو پاکستان سپر لیگ کی نقالی مگر فلاپ شو قرار دیا۔
واضح رہےکہ پاکستان میں پی ایس ایل 10 اور بھارت میں آئی پی ایل 18 ایک ہی دورانیے میں جاری ہیں۔
پی ایس ایل 10 کی افتتاحی تقریب اور میچ میں راکٹ مین نے فضا میں اڑنے کا شاندار مظاہرہ کیا تھا جس سے نہ صرف اسٹیڈیم اور پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ بلکہ دنیا بھر کے شائقین محظوظ ہوئے جب کہ دیگر لیگ کے منتظمین متوجہ ہوئے تھے۔
قابل ذکر یہ ہے کہ پی ایس ایل 10 میں راکٹ مین کی نمائش سے قبل آئی پی ایل میں روبوٹک کتا سمیت ایسا کوئی مظاہرہ نہیں کیا گیا تھا۔
تاہم آئی پی ایل منتظمین کے اسٹنٹ کو پاکستان کی کاپی قرار دیا جارہا ہے، کئی صارفین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لیگ کا موازنہ کرنا بھی شروع کردیا ہے کہ کون سی لیگ زیادہ بہتر ٹیکنالوجی استعمال کررہی ہے۔