کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخی بلندیوں کو چھونے کے بعد اچانک سے منفی زون میں جانے لگی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تاریخی بلندیوں کو چھونے کے بعد اسٹاک مارکیٹ کا دوسرا ہفتہ ہے جس میں وہ شدید مندی کا شکار رہی ہے، رواں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر ہی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
بینچ مارک 100 انڈیکس 1419 پوائنٹس کمی کے ساتھ 1 لاکھ 10 ہزار 995 پر ٹریڈ کر رہا ہے، دوران کاروبار 1500 پوائنٹس سے زائد کمی دیکھی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑے انسٹی ٹیوشن منافع کمانے کے لیے میوچل فنڈز فروخت کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں مندی دیکھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کا آغاز امید افزا طور پر ہوا تھا، اور گزشتہ ہفتے کے برعکس اس کاروباری ہفتے کے پہلے دن مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی تھی، اور 100 انڈیکس میں 1 لاکھ 12 ہزار کی حد بحال ہو گئی تھی۔
گزشتہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 100 انڈیکس میں ہفتہ وار 4.19 فی صد گراوٹ کے ساتھ 4788 پوائنٹس کی کمی ہوئی، اور کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 4788 پوائنٹس کی کمی سے 109513 پر بند ہوا تھا۔
100 انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 117039 پوائنٹس ریکارڈ ہوئی، 100 انڈیکس کی ہفتہ وار کم ترین سطح 105601 پوائنٹس رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں ہفتہ وار 629 ارب روپے کی کمی ہوئی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 14587 ارب روپے سے کم ہو کر 13958 ارب روپے ہو گئی۔
رواں سال پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد میں سال 2022 اور 2023 کی نسبت کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سال 2024 کا سورج غروب ہونے میں صرف چند دن باقی رہ گئے ہین اور اے آر وائی نیوز کو سول ایوی ایشن ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق رواں سال پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد میں گزشتہ دو سالوں کی نسبت کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اے سی سی ذرائع کے مطابق رواں سال 2024 کے ابتدائی چند ماہ میں فضائی حدود میں پروازوں کی تعداد میں اضافہ رہا تاہم اختتامی ماہ میں اس میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔ اس کی وجہ مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال ہے جس کے باعث رواں سال کا آخر اچھا نہیں رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث متعدد ایئر لائنز نے ایران کی فضائی حدود کو ترک کر دیا اور ایران سے گزر کر پاکستان آنے والی پروازوں کا رخ تبدیل ہونے کی وجہ سے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
اس سے قبل 2022 میں پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد ایک لاکھ تین ہزار رہی رہی تھی جو 2023 میں 25 فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 27 ہزار تک جا پہنچی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں براستہ ایران یا افغانستان بین الاقوامی پروازیں آتی اور وہیں سے واپسی کا راستہ اپناتی ہیں۔
پاکستان شوبز کے معروف اداکار اور میزبان شہریار منور کی ہلدی تقریب کی تصاویر و ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہریار منور اور اداکارہ ماہین صدیقی کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوچکا ہے، اب سے کچھ دن قبل جوڑے کی قوالی نائٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
اس موقع پر اداکارہ ماہین صدیقی نے پیلے رنگ کا جوڑا جبکہ شہریار نے آسمانی رنگ کا کرُتا زیب تن کر رکھا ہے، تصاویر میں دونوں اس تقریب سے لطف اندوز ہوتے نظر آرہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شہریار منور نے ایک انٹرویو کے دوران دسمبر کے آخر میں شادی کا اعلان کیا تھا۔
سال 2024 کے آخری دن چل رہے ہیں، رواں سال کو اگر جنگوں، قتل و غارت گری، قحط اور تباہی کا سال کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، رواں برس کے دوران بہت سے ایسے واقعات رونما ہوئے جو دنیا کی توجہ کا محور رہے۔
اس سال کی اہم ترین خبریں سنئے صفدر عباس کی اس آڈیو پوڈکاسٹ میں
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یشمیٰ گل نے انسٹاگرام اسٹوری میں شادی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
شادی کرنے یا نہ کرنے کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی اداکارہ یشمیٰ گل کا حال ہی میں انسٹاگرام اسٹوری میں شادی کی خواہش کے اظہار کا اسکرین شاٹ وائرل ہوگیا۔
اسکرین شوٹ وائرل ہونے کے بعد متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز نے اداکارہ کی جانب سے جلد شادی کرنے کے عندیے کی خبر شائع کی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے جنوری 2024 میں پہلی بار مدینہ منورہ اور مکہ شریف کے مقدس مقامات پر نہ صرف نکاح کی اجازت دی تھی بلکہ اس ضمن میں حکومتی سطح پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے سروسز شروع کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔
اگرچہ ماضی میں بھی دنیا بھر کے مسلمان کعبت اللہ اور مسجد نبوی ﷺ سمیت دیگر مقدس مقامات پر جاکر نکاح کی سنت ادا کرتے تھے، تاہم رواں برس سعودی عرب کی حکومت نے نکاح کے لیے حکومتی سہولیات متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے پاکستان کو جن دہشت گرد عناصر سے خطرہ ہے انکے ٹھکانے افغانستان میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکیورٹی ادارے بڑی احتیاط کیساتھ بارڈر ایریاز پر آپریشن کرتے ہیں، دہشت گرد گروپس پاکستان افغانستان سیکیورٹی کیلئے خطرہ ہیں اور پاکستان کو جن دہشت گرد عناصر سے خطرہ ہے انکے ٹھکانے افغانستان میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے نمائندہ خصوصی صادق خان کی افغان حکام سے تمام ایشو پر بات چیت ہوئی، پاکستان اور افغانستان سیکیورٹی باڈر مینجمنٹ اور تجارت پر بھی بات ہوئی۔
ترجمان کا کہنا ہے پاکستان افغانستان کیساتھ مذاکرات سے حل نکالنا چاہتا ہے، ہم چاہتے ہیں افغان سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہو، ہم بھی افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان مذاکرات اور ڈپلومیسی پر یقین رکھتا ہے، پاکستان نے افغانستان سے سرحد پار در اندازی کے ایجنڈے کو بار بار اٹھایا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں کیلئے رابطہ و مذاکرات بڑے اہم ہیں، ایئر اسرائیک پر سوشل میڈیا یا دہشت گرد گروپس کی معلومات پر یقین نہ کیا جائے، پاکستان افغانستان کی خود مختاری کا احترام کرتا ہے اس لیے پاکستان افغانستان کیساتھ مذاکرات سے حل نکالنا چاہتا ہے۔
قازقستان کے شہر اکٹو کے ہوائی اڈے کے قریب گزشتہ روز تباہ ہونے والے آذر بائیجان کے مسافر طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آذر بائیجان کی تحقیقاتی ٹیم قازقستان میں طیارہ گرنے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
معاملے کا جائزہ لینے والے آذربائیجان کے پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق اس وقت طیارہ گرنے کے تحقیقاتی نتائج ظاہر نہیں کر سکتے، طیارہ گرنے کی تمام ممکنہ وجوہات کا جائرہ لے رہے ہیں۔
اس سے قبل مسافر طیارے کے گر کر تباہ ہونے سے پہلے اندر کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے، بدقسمت طیارے میں عملے سمیت 67 افراد سوار تھے، طیارہ باکو سے گروزنی چیچنیا کی طرف محو پرواز تھا۔
رپورٹس کے مطابق طیارہ مبینہ طور پر میزائل حملے کا نشانہ بنا ہے، روسی یا چیچن فورس کے چلائے گئے میزائل کے فضا میں پھٹنے کے باعث اس کے ٹکڑے مسافر طیارے کے پچھلے حصے پر لگے ہیں۔
تباہی سے قبل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں نہ صرف طیارے کے اندر بالکل باہر سے تباہی کے مناظر بھی ریکارڈ ہوئے ہیں، مسافر طیارہ گرنے سے قبل کی ویڈیو میں مسافر آخری لمحات میں کلمہ پڑھتے نظر آ رہے ہیں۔
روسی میڈیا کے مطابق طیارے کے اندر کی ویڈیو ایک مسافر نے بنائی تھی جو اس نے اپنی بیوی کو اس وقت بھیجی جب اسے پتا چل گیا کہ طیارہ اب گرنے والا ہے۔
طیارے میں لوگ دعائیں مانگ رہے ہیں، جب کہ آکسیجن ماسک باہر نکل کر لٹکتے نظر آ رہے ہیں، طیارہ تباہ ہونے کے بعد کے اندرونی مناظر بھی دل دہلاتے ہیں، جب زخمی مسافر درد سے کراہتے اور مدد طلب کرتے ہیں۔
سانحہ 9 مئی میں ملوث مزید 60 مجرموں کو سزائیں سنا دی گئیں جناح ہاؤس حملے میں ملوث حسان نیازی کو 10 سال قید با مشقت سزا سنائی گئی۔
ٓئی ایس پی آر کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سانحہ 9 مئی کیسز پر شواہد کی جانچ پڑتال کے بعد مزید 60 مجرموں کو سزائیں سنا دی ہیں اور یہ سزائیں مجرموں کو انکے قانونی حق کی فراہمی اور تقاضوں کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے سنائی گئی ہیں۔
فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے جناح ہاؤس حملے میں ملوث حسان نیازی ولد حفیظ اللہ نیازی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔ اسی حملے میں ملوث بریگیڈیئر(ر) جاوید اکرم ولد چوہدری اکرم، رئیس احمد ولد شفیع اللہ ، علی رضا ولد غلام مصطفیٰ، محمد رحیم ولد نعیم خان، وقاص علی، مدثر حفیظ اور ارزم جنید ولد جنید رزاق کو 6، چھ سال قید با مشقت کی سزائیں دی گئی ہیں۔
جناح ہاؤس پر حملے میں ہی ملوث راجا دانش، سجاد احمد ولد محمد اقبال اور امیر ذوہیب کو 4، چار سال جب کہ میاں عباد فاروق ولد امانت علی، محمد اکرم عثمان، حیدر مجید ولد محمد مجید اور کیپٹن وقاص احمد محسن(ریٹائرڈ) کو 2، دو سال قید بامشقت کی سزائیں دی گئی ہیں۔
جی ایچ کیو حملے میں ملوث حسن شاہ ولد آصف حسین شاہ کو 9 سال قید با مشقت اور محمد عبداللہ ولد کنور اشرف خان کو 4 سال قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اے آئی ایم ایچ راولپنڈی پر حملے میں ملوث علی حسین ولد خلیل الرحمان اور فرہاد خان ولد شاہد حسین کو 7، سات سال قید بامشقت کی سزا دی گئی ہے۔
بنوں کینٹ حملے میں ملوث امین شاہ ولد مشتر خان، اکرام اللہ ولد خانزادہ خان، خضر حیات، ثقلین حیدر ولد رفیع اللہ خان، عزت گل ولد میر داد خان، نیک محمد ولد نصر اللہ جان، رحیم اللہ ولد بیعت اللہ اور خالد نواز ولد حامد خان کو 9، 9 سال قید با مشقت جب کہ سمیع اللہ کو دو سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
فیصل آباد آئی ایس آئی آفس حملے میں ملوث فہد عمران ولد محمد عمران شاہد کو 9 سال اور محمد فرخ ولد شمس تبریز کو 8 سال قید با مشقت جب کہ حمزہ شریف ولد محمد اعظم، محمد علی ولد محمد بوٹا، امجد علی ولد منظور احمد اور محمد سلمان ولد زاہد نثار کو 2، 2 سال قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
پی اے ایف بیس میانوالی حملے میں ملوث احسان اللہ ولد نجیب اللہ کو 10 سال قید بامشقت، فہیم ساجد ولد محمد خان کو 8 سال، محمد ارسلان کو 7، محمد عمیر کو 6 جب کہ محمد بلال ولد محمد افضل اور نعمان محمود شاہ کو 4، چار سال قید بامشقت کی سزا ہوئی ہے۔
راہوالی گیٹ گوجرانوالہ کینٹ حملے میں ملوث احمد ولد محمد نذیر، منیب احمد، محمد نواز، محمد وقاص ولد ملک محمد کلیم، اشعر بٹ اور سفیان ادریس کو 2، دو سال قید با مشقت کی سزائیں دی گئی ہیں۔
ہیڈ کوارٹر دیر اسکاؤنٹس تیمرگرہ حملے میں ملوث سہراب ولد ریاض خان، اسد اللہ درانی کو 4، چار سال قید بامشقت جب کہ محمد سلیمان سعید غنی، عزت خان ولد اول خان، محمد الیاس ولد محمد فضل حلیم کو دو، دو سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
ملتان کینٹ چیک پوسٹ حملے میں ملوث خرم لیاقت ولد لیاقت علی شاہد کو 4 سال قید بامشقت جب کہ پیرزادہ محمد اسحاق بھٹہ ولد پیرزادہ قمرالدین اور حامد علی ولد سید ہادی شاہ کو 3 سال قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
قلعہ چکدرہ حملے میں ملوث ذاکر حسین ولد شاہ فیصل اور گوہر رحمان ولد گل رحمان کو 7، سات سال جب کہ اکرام اللہ ولد شاہ زمان اور رئیس احمد ولد خستہ رحمان کو 4، چار سال قید بامشقت کی سزا دی گئی ہے۔
پنجاب رجمنٹ سینٹر مردان حملے میں ملوث زاہد خان ولد محمد نبی اور گیٹ ایف سی کینٹ پشاور حملے میں ملوث محمد ایاز ولد صاحبزادہ خان کو 2 سال قید بامشقت کی سزا دی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی حراست میں لیے گئے تمام ملزمان پر مقدمات کی سماعت متعلقہ قوانین کے تحت مکمل کی گئی۔ آئین اور قانون کےتحت مجرموں کے پاس اپیل و دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں۔
آئی ایس پی آر کے جاری اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت اور مسلح افواج انصاف اور ریاست کی ناقابل تسخیر رٹ برقرار رکھنے میں ثابت قدم ہیں۔
باکو: آذربائیجان کے مسافر طیارے کی تباہی سے قبل کلمہ پڑھنے والا مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
تفصیلات کے مطابق قازقستان میں گر کر تباہ ہونے والی آذربائیجان ایئر لائن کی پرواز میں سوار مسافر کو اللہ نے محفوظ رکھا، حادثے میں انھیں چہرے پر صرف معمولی خراشوں ہی آئیں۔
معجزانہ طور پر بچ جانے والے مسافر کی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں، ایک ویڈیو میں وہ تباہی سے قبل کلمہ پڑھ رہے ہیں اور انھوں نے ویڈیو بنا کر اپنی بیوی کو بھیجی، دوسری ویڈیو میں وہ طیارہ گرنے کے بعد کے مناظر دکھا رہے ہیں۔
مسافر نے دوران پرواز، طیارہ گرنے سے چند منٹ قبل اپنی اہلیہ کے لیے ایک ویڈیو ریکارڈ کی تھی، ویڈیو میں انھیں کلمہ شہادت کا ورد کرتے اور تکبیریں پڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آذربائیجان سے روس کے لیے پرواز کرنے والا مسافر طیارہ قازقستان کے شہر اکتاؤ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں 39 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے تھے، بدقسمت طیارے میں عملے سمیت 67 افراد سوار تھے، طیارہ باکو سے گروزنی چیچنیا کی طرف محو پرواز تھا۔
اب حادثے کے شکار ہونے والے اس مسافر طیارے کے بارے میں اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ طیارہ مبینہ طور پر میزائل حملے کا نشانہ بنا ہے، روسی یا چیچن فورس کے چلائے گئے میزائل کے فضا میں پھٹنے کے باعث اس کے ٹکڑے مسافر طیارے کے پچھلے حصے پر لگے ہیں۔
کراچی میں موت باٹنے والی تیز رفتار ٹرالر نے ایک اور نوجوان کو معذور کردیا۔
تفصیلات کے مطابق روشنیوں کا شہر حادثات کا شہر بن گیا ہے، کراچی میں حادثات کے گزشتہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، دوسری طرف سال 2024 خونی سال بھی ثابت ہوا ہے۔
کراچی میں حادثات کے گزشتہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، رواں سال اب تک 9 ہزار کے قریب ٹریفک حادثات ہوئے جن میں 7 سو 71 شہری جاں بحق ہوئے، جب کہ 8 ہزار 174 افراد زخمی ہوئے۔
تاہم آج سہراب گوٹھ کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 18 سال کا نوجوان معذور ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ نیو کراچی کا رہائشی عبید گزشتہ رات سبزی کا اسٹال بند کرکے گھر جارہا تھا۔
پولیس کے مطابق تیز رفتار ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے نوجوان کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں، پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور حبیب اللہ کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ڈرائیور نے پولیس کو دیے گئے بیان میں انکشاف کیا کہ اس کا ڈرائیوئنگ لائسنس جعلی ہے جو کی 1500 روپے میں لیاری سے 2 سال پہلے بنوایا تھا۔
ڈرائیور حبیب اللہ نے انکشاف کیا کہ لگاڑی چلاتے ہوئے اکثر ٹریفک پولیس روکتی ہے، جعلی لائسنس دکھا کر خرچہ دیتا ہوں تو پولیس والے چھوڑ دیتے ہیں، لرننگ لائسنس 2019 میں بنا 2020 میں ایکسپائر ہوگیا تھا۔