ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 2

شادی سے 2 روز قبل لڑکی نے منگیتر کی پٹائی کروا دی، نوجوان کوما میں چلا گیا

0
شادی سے 2 روز قبل لڑکی نے منگیتر کی پٹائی کروا دی، نوجوان کوما میں چلا گیا

بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد میں لڑکی نے شادی سے دو روز قبل اپنے ہی منگیتر پر حملہ کروا دیا جس کے باعث وہ کوما میں چلا گیا۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 28 سالہ گورو نامی نوجوان پر دو افراد نے حملہ کیا۔ پولیس حکام نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔

آئی ٹی آئی ٹیچر گورو پر 17 اپریل 2025 کو اُس وقت حملہ کیا گیا جب وہ گھر لوٹ رہا تھا، حملے میں مبینہ طور پر سورو نامی ملزم، اس کا دوست سونو اور دیگر ملزمان شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شادی سے چند روز قبل منگیتر کیساتھ پکنک پر جانے والی لڑکی کی موت

گورو کے اہل خانہ کے مطابق ملزمان نے اسے لاٹھیوں اور بلے سے مارا جس سے دونوں ٹانگیں، ایک ہاتھ اور ناک ٹوٹ گئی جبکہ سر میں گہری چوٹیں آئیں۔

اہل خانہ نے الزام لگایا کہ حملے کی منصوبہ بندی گورو کی منگیتر نیہا نے کروائی جو سورو کے ساتھ تعلقات میں ہے، گورو نے بے ہوش ہونے سے پہلے ہمیں بتایا کہ اس پر کس نے حملہ کیا ہے۔

گورو کے بیان کے مطابق ملزم سورو نے اسے اس کی تصویر دکھائی اور کہا کہ نیہا نے مجھے تمہیں مارنے کیلیے بھیجا ہے۔

زخمی نوجوان کے چچا سنیل نے کہا کہ گورو جس لڑکی سے شادی کرنے جا رہا تھا اس نے اپنے بوائے فرینڈ کو اسے مارنے کے لیے بھیجا۔

اہل خانہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ 15 اپریل کو منگنی کے دوران نیہا کے گھر والوں نے گورو کو سونے کی انگوٹھی اور چین دی تھی جو حملے کے دوران چھین لی گئی۔

دھمکیاں ملنے کے بعد گورو کے والد نے پہلے سورو کے خلاف شکایت درج کروائی تھی لیکن سورو کے معافی مانگنے کے بعد معاملہ طے پا گیا تھا۔

صدر بلبھ گڑھ پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر امیش نے تصدیق کی کہ ایف آئی آر میں دو ملزمان کو نامزد کر دیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

گوگل سرچ انجن غیر قانونی اجارہ داری کا مرتکب قرار

0
گوگل سرچ انجن امریکی فیڈرل جج

امریکی فیڈرل جج نے گوگل سرچ انجن کے خلاف دائر ایک مقدمے میں اسے غیر قانونی اجارہ داری کا مرتکب قرار دے دیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی فیڈرل جج کی جانب سے کیے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گوگل سرچ انجن نے عدم اعتماد کے قانون کی خلاف ورزی کی۔

رپورٹس کے مطابق ادارے نے ایک غیر قانونی اجارہ داری قائم کرنے اور دنیا کا ڈیفالٹ سرچ انجن بننے کیلئے اربوں ڈالر خرچ کیے۔

امریکی محکمہ انصاف نے بھی گوگل سے ایڈ مینیجر سسٹم بیچنے کا مطالبہ کردیا، امریکا میں اس پہلے بھی گوگل پر اجارہ داری کے الزام میں دو مقدمے دائر ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کو ٹیکنالوجی ماہرین کیلئے اپنے عدم اعتماد کے مقدمے میں ایک اور بڑے دھچکے کی شکل میں دیکھا جا رہا ہے۔

امریکی فیڈرل جج کا کہنا ہے کہ کمپنی نے گوگل کے اشاعتی صارفین، مسابقتی عمل اور اوپن ویب پر اطلاعات کے صارفین کو نقصان پہنچایا ہے۔

امریکی اٹارنی جنرل پامیلا بونڈی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ”ڈیجیٹل عوامی میدان پر گوگل کی اجارہ داری کو روکنے کی لڑائی میں ایک تاریخی فتح ہے۔“

محکمہ انصاف کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ابی گیل اسلیٹر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گوگل کا غیر قانونی غلبہ انہیں امریکی آوازوں کو سینسر کرنے اور یہاں تک کہ انہیں پلیٹ فارم سے ہٹانے کی اجازت دیتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ گوگل نے اپنے غیر قانونی طرز عمل کو بے نقاب کرنے والی معلومات کو چھپا دیا ہے۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ آج کی رائے آن لائن اشتہارات اور تیزی سے، انٹرنیٹ پر کنٹرول کرنے کی تصدیق کرتی ہے۔

گوگل نے سینکڑوں ملازمین کو برطرف کردیا

گوگل کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی، ریگولیٹری معاملات کیلئے گوگل کے نائب صدرلی اینی ملہولینڈ نے دلیل دی کہ پبلشرز کے پاس کئی متبادل ہیں اور وہ اس لئے گوگل کا انتخاب کرتے ہیں کیونکہ اس کے ایڈ ٹیک ٹولز سادہ، سستے اور انتہائی موثر ہیں۔

قومی اسمبلی میں عمر ایوب کی نشست خطرے میں پڑگئی

0
عمر ایوب این اے 18 ہری پور

اسلام آباد : این اے 18 ہری پور میں دھاندلی تحقیقات کے خلاف جاری حکم امتناع ختم ہونے سے عمر ایوب کی نشست خطرے میں پڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 18 ہری پور میں دھاندلی تحقیقات کے خلاف جولائی 2024 سے جاری حکم امتناع ختم کرتے ہوئے عمر ایوب کی درخواست کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے 8 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمر ایوب کی درخواست اس عدالت کے سامنے قابل سماعت نہیں، کیس کے میرٹ پر کوئی فائنڈنگ نہیں دے رہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن فریقین کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کرے، این اے 18 ہری پور میں دھاندلی تحقیقات کے خلاف جولائی 2024 سے جاری حکم امتناع ختم کیا جاتا ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ عدالت کی رائے ہے الیکشن کمیشن کو اس کا فیصلہ کرنا ہے، اگر درخواست گزار فیصلے سے متاثرہ ہوں تو اپیل سپریم کورٹ دائر کر سکتے ہیں۔ فریقین کو سماعت کا مکمل حق دیں قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔

فیصلے کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، فیصلے کی کاپی ملنے کے بعد الیکشن کمیشن فریقین کو نوٹس کرکے کاروائی آگے بڑھائے۔

عمر ایوب نے دھاندلی کی تحقیقات کیلئے الیکشن کمیشن کا 10 جولائی کا آرڈر چیلنج کیا تھا، عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی کاروائی روک دی تھی۔

عمر ایوب کا موقف ہے الیکشن کمیشن نے درخواست پر 60 دنوں میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے، درخواست گزار کے مطابق 60 دن گزرنے کے بعد الیکشن کمیشن کی کارروائی غیر قانونی ہے۔

عمر ایوب کے الیکشن میں مخالف امیدوار نے دھاندلی تحقیقات کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کر رکھا ہے۔

کالعدم تنظیم کی تشہیر کرنے والا ملزم گرفتار

0
کالعدم تنظیم کی تشہیر کرنے والا ملزم گرفتار

کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اسلام آباد نے کالعدم تنظیم کی تشہیر کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کی تشہیر کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم نے کنونشن سنٹر اسلام آباد میں کالعدم تنظیم کے نام کی ویڈیو بنائی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم مزار قائد کے باہر بھی ویڈیو بنا کر پھیلائی تھی، گرفتار ملزم کی شناخت حسن کے نام سے ہوئی ہے، حسن کارروائی کے بعد ڈیرہ اسمعیل خان میں رپوش ہو گیا تھا۔

حکام نے مزید کہا کہ خفیہ اطلاع پر ملزم کو گرفتار کیا گیا، تعلق خوارجی گروپ سے ہے، ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور وڈیوز بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

دکی : سی ٹی ڈی کی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع دکی میں سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک کردیے۔

کارروائی کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاع پر کی گئی، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو دیکھ کر مشتبہ افراد نے فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

پنجاب یونیورسٹی کے 12 اساتذہ کروڑوں کی اسکالر شپس لے کر فرار

0
پنجاب یونیورسٹی کے 12 اساتذہ کروڑوں کی اسکالر شپس

لاہور : کروڑوں کی اسکالرشپس لے کر فرار ہونے والے بارہ اساتذہ کو ملازمت سے برخاست کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کروڑوں کی اسکالر شپس لیکر فرار ہونے والے پنجاب یونیورسٹی کے 12 اساتذہ کو برخاست کردیا گیا۔

مفرور اساتذہ سے رقوم کی ریکوری کیلئے پنجاب یونیورسٹی ایف آئی اے کو خط لکھے گی جبکہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کیلئے وزارت خارجہ کو خط لکھا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی کے 56 اساتذہ کو بیرون ملک پی ایچ ڈی کیلئےگرانٹ ملی ، پنجاب یونیورسٹی کے 7 اساتذہ ایچ ای سی کی اسکالرشپ اور 5 اساتذہ یونیورسٹی کی اسکالر شپ لے کر مفرور ہے۔

اساتذہ کو پی ایچ ڈی کرنے کے بعد 5 سال یونیورسٹی میں سروسز دینی تھی ، 56 میں سے 12 اساتذہ نے اسکالرشپ حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی جوائن نہ کی، ڈیوٹی جوائن نہ کرنے پر اساتذہ کو یونیورسٹی کو کروڑوں روپے ادا کرنے تھے۔

پنجاب یونیورسٹی جی آئی ایس سینٹر کی فرح ستار 70 لاکھ ، جی آئی ایس سینٹر کے سید محسن علی ایک کروڑ 40 لاکھ ، انسٹی ٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز کی کرن عائشہ ایک کروڑ ادا کیے بغیر مفرور ہیں۔

اس کے علاوہ شعبہ ایم ایم جی کی رابعہ عباد 90 لاکھ روپے، آئی کیو ٹی ایم کے خواجہ خرم خورشید 84 لاکھ روپے، طہیلی کالج آف کامرس کی شمائلہ اسحاق ایک کروڑ 61 لاکھ ، سینٹرفارکول ٹیکنالوجی کے عثمان رحیم 72 لاکھ روپے دیے بغیر مفرور ہیں۔

لاہور:کالج آف انجینئرنگ کے سلمان عزیز 90 لاکھ ، جی آئی ایس کے محمد نواز 72 لاکھ روپے ، پی یو سی آئی ٹی کی جویریہ اقبال 60 لاکھ ، ایڈمنسٹریٹو سائنسز کی سیماب آرا کو ایک کروڑ اور سامعہ محمودایک کروڑ 16 لاکھ ادا کرنے ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کا بیک وقت انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

0
انسداد پولیو مہم

اسلام آباد : پاکستان اور افغانستان کا بیک وقت انسداد پولیو مہم 21 اپریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان نے بیک وقت انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان افغانستان میں بیک وقت پولیومہم رواں ماہ منعقد ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیو مہم کے حوالے سے پاک افغان کوآرڈی نیشن تاحال جاری ہے ، پولیو مہم کا شیڈول پاک افغان حکام کی مشاورت سے تیار ہوا، پاک افغان مشترکہ پولیو مہم کا آغاز 21 اپریل سے ہوگا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں159 ، افغانستان کے382  اضلاع میں پولیومہم چلائی جائے گی اور پاکستان میں ساڑھے 4کروڑ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

افغانستان میں ایک کروڑ16 لاکھ سےزائدبچوں کی ویکسی نیشن ہوگی، انسداد پولیو مہم کے حوالے سے پاک افغان کوآرڈی نیشن مکمل کرلی گئی ہے۔

پولیو مہم میں پاک افغان سرحد سےمتعلق خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے ، پاک افغان سرحد پرفکسڈ، موبائل پولیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، پاک افغان کراسنگ پوائنٹس پر تمام بچوں کی ویکسی نیشن ہو گی۔

رواں سال اب تک پاکستان میں6،افغانستان میں ایک پولیوکیس رپورٹ ہوچکا ہے ، پاکستان افغانستان ماضی میں بیک وقت پولیو مہم چلاتے رہے ہیں،ماضی میں پاک افغان روابط اور تعاون سےپولیومیں نمایاں کمی آئی تھی۔

یاد رہے پاکستان اور افغانستان پر پولیو کے باعث مشروط عالمی سفری پابندیاں عائد ہیں ، ڈبلیو ایچ او نے پاکستان، اور افغانستان کو پولیو سےمتعلق ایک بلاک قراردیا ہے۔

کینیڈا: بس اسٹاپ پر کھڑی بھارتی طالبہ فائرنگ سے ہلاک

0
کینیڈا: بس اسٹاپ پر کھڑی بھارتی طالبہ فائرنگ سے ہلاک

کینیڈا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بھارتی طالبہ ہرسمرت رندھاوا جان کی بازی ہار گئی۔

بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 21 سالہ بھارتی طالبہ ہرسمرت رندھاوا بس اسٹاپ پر بس کا انتظار کر رہی تھی کہ اچانک ایک کار سوار نے فائرنگ کر دی۔ مقتولہ اونٹاریو کے موہاک کالج کی طالبہ تھی۔

کینیڈا پولیس کے مطابق طالبہ کی موت اندھی گولی لگنے کے باعث ہوئی ہے، جبکہ اس سلسلے میں مزید تحقیقیات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

بھارتی قونصلیٹ کے مطابق 2 کار سواروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ اس موقع پر طالبہ کو سینے میں گولی لگی جس کے بعد اسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

دوسری جانب بھارت کے تلنگانہ کے پداپلی ضلع میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، 26 سالہ نوجوان لڑکی نے ملازمت نہ ملنے پر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

مقتولہ کی شناخت چندو پرتیوشا کے طورپر کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پرتیوشا نے ایم کام کیا تھا اور بینک یا سرکاری ملازمت کے لئے کوششوں میں مصروف تھی۔

17 سالہ لڑکے کے قتل میں ملوث لیڈی ڈان گرفتار

لڑکی کو کوششوں کے باوجود بھی کوئی ملازمت نہ مل سکی، جس کے باعث وہ بہت زیادہ مایوسی کا شکار ہوگئی، ملازمت کے حصول میں ناکامی کے باعث اس نے گزشتہ رات اپنے کمرے کی چھت سے پھانسی لگالی۔

رپورٹس کے مطابق گھر والوں نے فوری اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دوران علاج جان کی بازی ہار گئی۔

وانی کپور نے فواد خان کی تعریف میں کیا کہا؟

0
وانی کپور نے فواد خان کی تعریف میں کیا کہا؟

پاکستانی اداکار فواد خان تقریباً 9 برس بعد ایک مرتبہ پھر بالی ووڈ فلم ’عبیر گلال‘ میں انڈین اداکارہ وانی کپور کے ساتھ سنیما گھروں کی پردہ اسکرینوں پر جلوہ گر ہوں گے۔

فواد خان کی نئی بالی ووڈ فلم کا پہلا ٹیزر پچھلے دنوں جاری کیا گیا، اداکارہ وانی کپور اور فواد خان کے اکاونٹس پر نظر آنے والی سوشل میڈیا پوسٹس میں کہا گیا ہے کہ فلم ’عبیر گُلال‘ رواں برس 9 مئی کو ریلیز ہو گی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Galaxy Lollywood (@galaxylollywood)

جبکہ حال ہی میں فلم ‘عبیر گلال’ کا پہلا گانا جاری کیا گیا تھا، اس فلم کے  رومانوی گانے کا ٹائٹل ‘خدایا عشق’ ہے جس میں  فلم کی مرکزی اداکارہ وانی کپور کو بھی دیکھا گیا۔

وانی کپور نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں میزبان نے اداکارہ  سے پوچھا کہ ان کا پسندیدہ ساتھی اداکار کون ہے جس پر انہوں نے کہا کہ ’مجھ سے یہ سوال نہ کریں‘۔

میزبان کے اصرار پر وانی کپور نے بتایا کہ فواد خان میرے پسندیدہ ساتھی اداکار ہیں وہ بہت اچھے اور مددگار ہیں۔

انہوں نے فواد خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فواد خان بہت پر کشش ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ فواد خان سینیما اور فلموں کے لیے ہی پیدا ہوئے ہیں۔

فواد خان اور وانی کپور کی فلم ’عبیر گلال‘ کے گانے کا ٹیزر جاری

واضح رہے کہ انڈسٹری کے اندرونی ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنی بالی ووڈ میں واپسی پر اپنا معاوضہ بھی بڑھادیا ہے اور فلم ’عبیر گلال‘ میں اداکاری کیلئے فواد خان نے 5 سے 10 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ وصول کیا ہے۔

دوسری جانب فلم عبیر گلال کیلئے اداکارہ وانی کپور کا معاوضہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے بتایا گیا ہے، میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی ٹیلی ویژن ڈراموں کے لیے فواد خان کی ایک قسط کا معاوضہ 15 سے 20 لاکھ روپے ہے۔

سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں کمی

0
سعودی عرب میں سونے کی قیمت 19 اپریل 2025

سعودی عرب 24 قیراط سونے کی قیمت میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد آج 19 اپریل 2025 کو کمی کا رجحان دیکھا گیا۔

فاریکس ڈاٹ پی کے کے مطابق سعودی عرب میں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 41 ریال کی کمی کے بعد 4 ہزار 631 ہوگئی جو گزشتہ روز 4 ہزار 672 ریال تھی۔

سعودی عرب میں 10 گرام سونا سستا ہو کر 3 ہزار 975 جبکہ فی اونس 12 ہزار 362 ریال میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یو اے ای میں سونے کی قیمت کا نیا ریکارڈ بن گیا

امریکا اور چین کے درمیان جاری ٹیرف جنگ کی وجہ سے عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ غیر یقینی معاشی صورتحال کے باعث لوگ زیادہ سے زیادہ سونا خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستانی اوپن مارکیٹ میں سعودی ریال مستحکم رہا، آج ایک ریال 74.78 پاکستانی روپے کے برابر ہے۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق کاروباری ہفتے کے پانچویں دن ریال 75.32 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔ اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں، پاکستان میں گذشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

ینگ ڈاکٹرز کا پنجاب بھر کے اسپتالوں کی او پی ڈیز بند کرنے کا اعلان

0
ینگ ڈاکٹرز کا پنجاب بھر

لاہور : پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز نے صوبے بھر میں اسپتالوں کی او پی ڈی بند کرنے کا اعلان کردیا، مظاہرین کا کہنا ہے نجکاری کا فیصلہ واپس لیاجائے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے چلڈرن ہسپتال اور جنرل ہسپتالوں کی او پی ڈیز نے کام کرنا بند کر دیا ہے جب کہ شہر کے دیگر سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں بنیادی مراکز صحت کی نجکاری کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کا پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا تیرہ روز سے جاری ہے۔

پولیس تشدد کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے آج پنجاب بھر کے سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈی بند کردی ہے۔

لاہور کے جنرل، میو، گنگا رام، سروسز اور جناح اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز او پی ڈی بند کراتے ہیں جسے انتظامیہ پدوبارہ بحال کردیتی ہے۔

دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کا کہنا ہے نجکاری سے بے روزگار ہوجائیں گے، نجکاری کا فیصلہ واپس لیاجائے، جب تک حکومت مذاکرت کرنےاورمطالبات منظورنہیں کرلیتی دھرنا جاری رہے گا۔

گزشتہ روزگرینڈ ہیلتھ الائنس کے شرکا کی ایوان وزیراعلیٰ جانےکی کوشش کی تھی ، جس پر انتظامیہ نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پانی کی توپ چلادی تھی۔

جس کے بعد مظاہرین نےچیئرنگ کراس پر دھرنا دے دیا تھا ، ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران نے کہا تھا مذاکرات کےذریعےمسائل کا حل چاہتےہیں لیکن مظاہرین خواتین کو آگے رکھ کرسیاست چمکارہے ہیں۔

یاد رہے قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جناح ہسپتال لاہور کا دورہ کیا تھا ، جس میں مریضوں کی جانب سے میڈیکل ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ سے متعلق متعدد شکایات موصول ہوئیں۔

اپنے معائنے کے دوران، اس نے ضروری ادویات کی کمی اور ہنگامی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات میں کمی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔