اتوار, جون 29, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 1602

نادرا موبائل وین آپ کے علاقے میں کب آرہی ہے؟

0

نادرا شہریوں کو ان کے گھر کے قریب سہولت کی فراہمی کے سلسلے میں جلد درج ذیل علاقوں میں وین سروس لے کر آرہا ہے۔

جن شہروں میں نادرا کی وین عوام کو خدمت کی فراہمی کے لیے آئے گی ان میں سکھر، شکارپور، شہید بےنظیر آباد، لاڑکانہ، نوشہروفیروز، جیکب آباد، خیرپور، سانگھڑ، دادو، گھوٹکی، شہداد کوٹ اور کشمور شامل ہیں۔

ان شہروں میں نادرا کے موبائل رجسٹریشن وینز کے دوروں کا شیڈول 27جنوری تا 31 جنوری 2025 ہے۔

اس کے علاوہ صارفین مزید معلومات اور اپ ڈیٹس کے لیے نادرا کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور وٹس ایپ چینل کو بھی فالو کرسکتے ہیں۔

نادرا نے شہریوں کے لئے اہم ہدایات جاری کردیں

کیا اجے دیوگن کی فلم ’آزاد‘ دیکھنے تھیٹر میں کوئی نہیں آیا؟

0
کیا اجے دیوگن کی فلم ’آزاد‘ دیکھنے تھیٹر میں کوئی نہیں آیا؟

ممبئی: خود ساختہ بھارتی فلمی ناقد کمال آر خان المعروف ’کے آر کے‘ نے تھیٹر میں اجے دیوگن کی پروڈیوس کردہ فلم ’آزاد‘ کو اکیلے بیٹھ کر دیکھنے کا دعویٰ کر دیا۔

اجے دیوگن کی فلم ’آزاد‘ 17 جنوری 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنی جو اداکار کے بھتیجے امان دیوگن اور اداکارہ روینہ ٹنڈن کی بیٹی راشا تھاڈانی کی ڈیبیو فلم ہے۔

کمال آر خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خالی تھیٹر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے یہ فلم اکیلے بیٹھ کر دیکھی۔

یہ بھی پڑھیں: کے آر کے نے نیا تنازع کھڑا کر دیا

انہوں نے لکھا کہ ’تھیٹر میں ’آزاد‘ اکیلے دیکھ رہا ہوں۔ کیا شہرت ہے اجے دیوگن بھائی کی، مان گئے!‘۔

کے آر کے کی پوسٹ کو بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ کرنا پڑا کیونکہ بہت سے لوگوں نے الزام لگایا کہ وہ اجے دیوگن کو نشانہ بنا کر توجہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

غیر ضروری تنازعات پیدا کرنے کی تاریخ کی وجہ سے مداحوں اور دیگر افراد نے ان کے تبصرے کو مسترد کیا۔ کے آر کے کی پوسٹ پر ایک مداح نے جواب میں لکھا کہ ’ایک ٹکٹ پر شو کیسے چل رہا ہے؟‘۔

راشا تھاڈانی اور امان دیوگن کو فلم میں پرفارمنس کیلیے پذیرائی مل رہی ہے جبکہ بہت سے افراد نے انہیں بالی وڈ کے نئے آنے والے کھلاڑی قرار دیا۔

سُپر اسٹار سلمان خان نے ان نوجوان اداکاروں کیلیے اپنی حمایت کا اظہار کیا تھا اور انہیں اپنے شو بگ باس 18 میں فلم کی تشہیر کی دعوت دی تھی۔

اجے دیوگن اس پروجیکٹ کے سرپرست ہیں اور نئے ٹیلنٹ کو سپورٹ کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کمال آر خان کے تبصرے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری معطل

0

اسلام آباد: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سلمان منصور کو معطل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سلمان منصور کی معطلی کی منظوری ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں دی گئی۔ سلمان منصور نے 26ویں ترمیم کیخلاف بطور سیکرٹری آئینی درخواست داخل کر رکھی تھی۔

رولز کے تحت صدر اور ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری لینا ضروری تھی جو نہیں لی گئی۔

صدرسپریم کورٹ بار رؤف عطا کا کہنا ہے کہ سیکرٹری بار کو آج وضاحت کےلیے طلب کیا گیا تھا لیکن سیکرٹری سلمان منصور وضاحت دینے کے بجائے آئے نہیں جس پر سلمان منصور کو رولز کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا۔

فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے سیکرٹری سپریم کورٹ بار سلمان منصور نے کہا کہ قواعد میں کسی عہدیدار کو معطل کرنے کی کوئی شق نہیں کوئی کسی کومعطل نہیں کر سکتا، ایگزیکٹو کمیٹی کسی ایگزیکٹو ممبر کو بھی معطل نہیں کر سکتی ایسوسی ایشن کےپاس اختیار نہیں، معطلی کابیان محض صدر کا زبانی بیان ہے۔

بھارتی ڈومیسٹک بولر نے روہت شرما کو آؤٹ کرنے کے بعد کیا کہا؟

0

جموں کشمیر کے پیسر عمر نذید نے رانجی ٹرافی کے میچ میں ممبئی کے بیٹر اور بھارتی کپتان روہت شرما کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

ممبئی کے خلاف رانجی ٹرافی ٹورنامنٹ گروپ اے کے میچ میں کشمیر کے بولر نے پہلے دن ممبئی کے خلاف شاندار بولنگ کرتے ہوئے 41 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں جس میں روہت شرما کی قیمتی وکٹ بھی شامل تھی، روہت 2015 کے بعد پہلی بار یہ ٹورنامنٹ کھیل رہے تھے۔

عمر نذید نے روہت شرما کو آؤٹ کرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے ذہن میں پہلا خیال یہی تھا کہ میں جشن نہیں مناؤں گا کیوں کہ میں روہت شرما کا فین ہوں اور میں نے ان کی وکٹ لینے کے بعد کوئی جشن نہیں منایا۔

اس دن کے کھیل کے اختتام پر بھارتی پیسر نے مزید کہا کہ میں جانتا ہوں کہ وہ بہت بڑے کھلاڑی ہیں بھلے میں نے انھیں آؤٹ کردیا ہو، میں روہت شرما کا بہت بڑا مداح ہوں۔

خیال رہے کہ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بلا رنز اگلنا بھول گیا ہے وہ فارم بحال کرنے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے گئے لیکن وہاں بھی پہلی اننگز میں صرف 3 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

بھارتی کپتان روہت شرما کے 17 فروری کو پاکستان آنے کا امکان

بھارتی ٹیم کے کپتان گزشتہ روز ممبئی اور جموں و کشمیر کے درمیان رانجی ٹرافی کے مقابلے کے دوران اپنی کھوئی فارم ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔

2015 کے بعد اپنا پہلا رانجی ٹرافی میچ کھیلنے والے روہت شرما جموں و کشمیر کے فاسٹ بولر کی باؤنسرز کھیلتے ہوئے پریشان نظر آئے اور 19 گیندوں پر 3 رنز بنا کر وہ فاسٹ بولر عمر نذیر میر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

سامان چوری کرنے کے لیے نوجوان چلتی ٹرین سے لٹک گیا، ویڈیو وائرل

0
وائرل ویڈیو

بھارت میں چلتی ٹرین سے سامان چوری کرنے کے لیے ایک شخص نے اپنی جان خطرے میں ڈال دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں ایک شخص کو چلتی ٹرین کی کھڑکی سے لٹکتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مبینہ طور پر چور فرار ہونے کی کوشش میں خطرناک حالت میں پھنس گیا اور اس نے غلطی سے دوسری ٹرین سے چلتی ٹرین میں چھلانگ لگادی۔

انسٹاگرام صارف نے ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ زندگی سے پیار نہیں ہے۔

ویڈیو میں مبینہ چور کو ٹرین کی کھڑکی سے لٹکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اور وہ ٹرین میں سے سامان اٹھانے کی کوشش کررہا ہے جبکہ مسافر ویڈیو بنانے میں مصروف ہیں۔

ویڈیو ریکارڈ کرنے والے شخص نے دعویٰ کیا کہ یہ شخص ایک گھنٹے سے زیادہ ٹرین کی کھڑکی سے لٹکا رہا۔

چور ٹرین میں رکھی چیزیں اٹھانے کی کوشش کررہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی بھی اس پر تبصرہ کررہے ہیں، ایک صارف نے تبصرہ کیا، "یہ چور پرو میکس ہے۔” ایک اور صارف نے لکھا، ’’یہ اگلے درجے کا چور ہے بھائی‘‘۔

کئی صارفین نے لکھا کہ لوگ ویڈیو بنانے میں مصروف ہیں کوئی اس کی مدد نہیں کررہا۔

سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے 4 افراد کو سزائے موت

0
سوشل میڈیا پر مذہبی توہین آمیز مواد پھیلانے پر 2 ملزمان کو سزائے موت

راولپنڈی: عدالت نے سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے کے کیس میں 4 افراد کو سزائے موت اور 10، 10 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

سزا پانے والے مجرمان میں رانا عثمان، اشفاق علی، سلمان سجاد اور واجد علی شامل ہیں۔ کیس کا فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج محمد طارق ایوب نے سنایا، پیکا ایکٹ کی سیکشن الیون کے تحت اکتوبر 2022 میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

19 ستمبر 2024 کو سوشل میڈیا پر توہین رسالت پر مبنی مواد شیئر کرنے پر عدالت نے خاتون کو تامرگ پھانسی کے پھندے پر لٹکانے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گستاخانہ مواد کی تشہیر پر 3 مجرمان کو سزائے موت

مجرمہ کو پیکا ایکٹ خصوصی عدالت کے جج افضل مجوکا نے سزائے موت کا فیصلہ سنایا تھا۔ شگفتہ کرن کو تعزیرات پاکستان 295 سی کے تحت 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی دی گئی تھی۔

عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ خاتون کو تامرگ پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے تاہم مجرمہ 30 روز کے اندر سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حق رکھتی ہیں۔

سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو خاتون کو حراست میں رکھنے کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔

بھارتی کرکٹر نے اپنے اور گوتم گمبھیر کے تنازع میں وسیم اکرم کو بھی کھینچ لیا

0

بھارت کے سابق کرکٹر نے اپنے اور موجودہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے درمیان تنازعے میں پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کو بھی کھینچ لیا ہے۔

گوتم گمبھیر اپنی جارح مزاج شخصیت کے لیے مشہور ہیں اور ماضی میں ان کی مہندر سنگھ دھونی اور ویرات کوہلی جیسے کرکٹرز سے بھی ان بن کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہی ہیں، بھارت کے ایک اور کرکٹر منوج تیواڑی اور ان کی چپقلش بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔

رانجی ٹرافی 2015 کے دوران دہلی اور بنگلا کے درمیان ہونے والے میچ میں دونوں میں تلخ کلامی ہوئی تھی اور بات کافی بڑھ گئی تھی جبکہ اسے بھارتی کرکٹ کی تاریخ کے چند بدترین واقعات میں سے ایک کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

منوج تیواڑی نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ جب میں نے 2010 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز جوائن کی تو پہلے میرے اور ان کے تعلقات ٹھیک مگر پھر انھوں نے اپنا آپا کھو دیا اور مجھے بات بات پر ڈانٹنے لگے ان کی استعمال کیے گئے الفاظ بہت تکلیف دینے والے ہوتے تھے۔

بھارت کے سابق بیٹر نے بتایا کہ جب ہم کےکے آر میں ٹیم میٹ تھے تو ایڈن گارڈن میں ہماری بحث ہوئی، گوتم نے مجھے کہا کہ آج کے بعد تجھے کبھی نہیں کھلاؤں گا، اس دوران بولنگ کوچ وسیم اکرم بھی وہاں آگئے اور انھوں نے معاملے کو سنبھالا۔

منوج کا مزید کہنا تھا کہ میں اس وقت کولکتہ کے ان چند کرکٹرز میں سے ایک تھا جو تواتر کے ساتھ کارکردگی دکھا رہے تھے، اس وقت میڈیا مجھ پر توجہ دیتا تھا تو ان چیزوں پر گوتم کا ری ایکشن اچھا نہیں ہوتا تھا۔

اسرائیل نے غزہ کا واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ تباہ کر دیا، فلسطینی صاف پانی کو ترس گئے

0

اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے واحد واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کو تباہ کر دیا۔

فلسطینی واٹر اتھارٹی کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے محصور شمالی غزہ میں پانی کی ضروریات کو پورا کرنے والے واحد ڈی سیلینیشن پلانٹ کو تباہ کر دیا ہے۔

وفا نیوز ایجنسی کے حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تکنیکی ٹیموں کو سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی بڑے پیمانے پر تباہی کے ساتھ ساتھ آلات اور ایندھن کی کمی کی وجہ سے سائٹ تک رسائی میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ابتدائی تکنیکی تشخیص نے پلانٹ کے مختلف آپریشنل مراحل اور یونٹس کے برقی اور الیکٹرو مکینیکل اجزاء کو شدید نقصان کے بارے میں بتایا ہے۔

اسرائیلی قابض افواج نے پلانٹ کے کچھ اہم حصوں کو مکمل طور پر منہدم کر دیا جس میں پانچ سمندری پانی کی فراہمی کے کنویں، پلانٹ کی انٹیک پائپ لائن، دو پاور جنریٹر، ایک پمپ، پانی کی واپسی کی لائن، نیز بیرونی باڑ اور آؤٹ پٹ پمپس شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ غزہ کے پانی کے شعبے کو منظم طریقے سے تباہ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے اور مزید کہا کہ پلانٹ غزہ شہر کے شمالی اور مغربی محلوں کو صاف پانی فراہم کرتا ہے۔

راکی فلنٹوف نے والد اینڈریو کا 26 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

0
راکی فلنٹوف

انگلش ٹیم کے سابق اسٹار آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹوف کے بیٹے راکی نے والد کا 26 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

ایمرجنگ بیٹر راکی فلنٹوف نے انگلش لائنز کی نمائندگی کرتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف سنچری اسکور کرکے والد اینڈریو کا 26 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

راکی نے ٹور میچ مین 128 گیندوں پر 108 رنز اسکور کیے اور اس وقت ان کی عمر 16 سال 291 دن ہے۔

اس سے قبل ان کے والد اینڈریو فلنٹوف نے کینیا کے خلاف 1998 میں سنچری اسکور کی تھی جب ان کی عمر 20 سال 28 دن تھی۔

یہ کامیابی دورہ آسٹریلیا کے لیے انگلینڈ لائنز اسکواڈ میں ان کے انتخاب کے حوالے سے خدشات کے درمیان سامنے آئی کیونکہ ان کے نام پر فرسٹ کلاس کا ایک تاریک ریکارڈ درج تھا۔

آسٹریلیا کے دورے سے قبل راکی نے چار فرسٹ کلاس اور سات لسٹ اے میچز کھیلے ہیں۔

رائٹ ہینڈڈ بیٹر نے چار فرسٹ کلاس میچز میں 87 رنز 12.45 کی اوسط سے بنائے جس میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 32 رنز تھا۔

لسٹ اے کیریئر میں راکی نے سات میچز میں 23.85 کی اوسط اور 60 کے اسٹرائیک ریٹ سے 167 رنز بنارکھے ہیں۔

واضح رہے کہ لیجنڈری آل راؤنڈر گزشتہ سال ستمبر میں انگلینڈ لائزن کے ہیڈ کوچ بنے اور ان کے پہلے دورے جنوبی افریقہ میں بیٹے راکی کو انگلینڈ انڈر 19 سے لائنز میں ترقی دی گئی۔

پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر خان چیئرمین پی اے سی منتخب

0
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر خان چیئرمین پی اے سی منتخب

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) منتخب کر لیا گیا۔

طارق فضل چوہدری کی جانب سے جنید اکبر خان کا نام تجویز کیا گیا۔ سینیٹر افنان اللہ، نارا قاسم، ریاض فتیانہ، وجیہہ قمر، جنید انوار اور سردار یوسف نے نام کی تائید کی جبکہ عمر ایوب، شبلی فراز، ڈاکٹر شاہ منصب علی نے بھی رضامندی ظاہر کی۔

پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے بتایا کہ چیئرمین پی اے سی کے انتخاب میں ایک سال لگا اس کی ذمہ دار حکومت ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کو چیئرمین بنایا گیا تو کوئی پینل نہیں مانگا گیا تھا۔

عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے پینل مانگ کر نئی مثال قائم کر دی ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ہمارا حق تھا پینل کی نئی روایت ڈال دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے چیئرمین پی اے سی کیلیے نام پھر سے تبدیل کر دیا

رہنما مسلم لیگ (ن) طارق فضل چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت اپوزیشن لیڈر کو چیئرمین پی اے سی بنانے کیلیے تیار تھی، اس انتخاب پر وزیر اعظم شہباز شریف کو کریڈٹ دوں گا۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اتحادیوں کے دباؤ کے باوجود پی ٹی آئی کو چیئرمین شپ دینے کا فیصلہ کیا۔

اپریل 2024 میں پی ٹی آئی پی اے سی کیلیے شیر افضل مروت کا نام فائنل کیا تھا جو اُس وقت پارٹی قیادت سے نالاں تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بتایا تھا کہ بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی، پی اے سی کی سربراہی کیلیے انہوں نے شیر افضل مروت کا نام فائنل کیا۔

بعدازاں مئی 2024 میں حکومت نے کمیٹی کی سربراہی سنی اتحاد کونسل کو دینے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ سنی اتحاد کونسل نے شیخ وقاص اکرم کو چئیرمین پی اے سی کیلیے نامزد کیا تھا۔

2 جولائی 2024 کو وفاقی حکومت نے پہلی بار پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کیلیے اپوزیشن سے چار نام مانگے تھے۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ چیف وہپ طارق فضل کی جانب سے قوم اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کو خط لکھا گیا تھا جس میں ان سے عہدے کیلیے چار مانگے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق خط میں لکھا گیا تھا کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلیے سینئر اور تجربہ کار لوگوں کے نام دیے جائیں، باہمی رضا مندی سے ناموں میں چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا تھا کہ خط کی کا پی پی ٹی آئی چیف وہپ عامر ڈوگر کو ارسال کر دی گئی تھی۔