ہوم بلاگ صفحہ 26349

پاکستان آئندہ 10 سال تک 6 ہزار ڈیوٹی فری ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرسکے گا، خرم دستگیر

0

وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل انڈسٹری وتجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی طرف سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل ہونے سے 10 سال تک یورپی ممالک کو ڈیوٹی فری ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی جا سکیں گی، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی منڈی تک پاکستانی مصنوعات کو رسائی دلوانے کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہے ، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں

وزیر مملکت انجینئر خرم دستگیر نے بتایا کہ جی ایس پی کا درجہ حاصل ہونے سے پاکستان کی مجموعی برآمدات میں سالانہ 29 فیصد جبکہ ٹیکسٹائل کے شعبے کی برآمدات میں 38 فیصد اضافہ ہوگا، انہوں نے بتایا کہ پاکستان آئندہ 10 سال تک 6 ہزار ڈیوٹی فری ٹیکسٹائل مصنوعات 27 یورپی ممالک کو برآمد کرسکے گا۔

رواں سال معیشت بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں رہے گی، آئی ایم ایف

0

آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق سال دو ہزار چودہ میں پاکستانی معیشت بیرونی ادائیگیوں کے دباؤمیں رہے گی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات پاکستانی معیشت کے لئے نقصان دہ ہیں، جبکہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے اسٹیٹ بینک کو شرح سود بڑھانا ہوگا۔

آئی ایم ایف کے مطابق دوہزار تیرہ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر چھ اعشاریہ چھ فی صد گری، جبکہ برآمدات میں اضافہ نہ ہونے اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی کی وجہ سے جاری کھاتوں کا خسار ہ توقع سے زائد رہا اور ترسیلات زر میں اضافہ بھی اس پر مثبت اثر نہ ڈال سکا۔

رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونامعیشت کیلیے نقصان دہ ہوسکتا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے کیلیے سرمایہ کاری بانڈز کا اجراء ضروری ہے، آئی ایم ایف نے توقع ظاہر کی ہے کہ یورو اور ڈالر بانڈ سے پاکستان کو ایک ارب سترہ کروڑ ڈالر مل سکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک کو خود مختاری دی جائے۔

کراچی شہر کی آبادی دو کروڑ نفوس سے بھی تجاوز کرگئی ہے، گورنر سندھ

0

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ قدرتی اور معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ سندھ سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش اہمیت رکھتا ہے خاص طور پر کراچی شہرجو پورے ملک کا اقتصادی حب اور منی پاکستان ہے جہاں دنیا بھر کے سرمایہ کار منافع بخش کاروبار کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کی آبادی دو کروڑ نفوس سے بھی تجاوز کرگئی ہے اس لئے اس کے مسائل میں اضافہ بھی ہورہا ہے ملک بھر سے لوگ اپنے روزگار کے لئے اسی شہر کا ہی رخ کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ غربت اوربے روزگاری جرائم کا سبب بن رہے ہیں لیکن حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ان اسباب پر قابو پانے کی پوری کوششوں میں مصروف عمل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیر اہتمام نیشنل سیکیورٹی ورک شاپ کے شرکاء سے گفتگو میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عالمی جنگ کے باعث پاکستان کی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے جس نے مسائل کو جنم دیا ۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ شہر کراچی میں دہشت گردوں، اغوا ء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کے ملزمان کے خلاف ٹارگیٹڈ کا رروائیاں جاری ہیں بعض ایسے علاقوں میں بھی یہ کارروائیاں کی گئیں ہیں جہاں ماضی میں کبھی نہیں ہوئیں جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں اس وقت اغوا ء برائے تاوان کے کیسز میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ماضی میں 26 ،26 کیسز کا اندراج ہوتاتھا اب صورتحال یہ ہے کہ ایک یا دو کیسز ہی درج ہوتے ہیں ان پر بھی جلد قابو پالیا جائیگا جبکہ ٹارگٹ کلنگ میں بھی کمی واقع ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا رینجرز ، پولیس ، سی پی ایل سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد بڑھا ہے اب لوگ بے خوف اپنی رپورٹ درج کراتے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کا استحکام ان کا کام ہے جرائم پیشہ افراد کا کسی بھی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے اور کوئی بھی جماعت جرائم پیشہ افراد کی حمایت نہیں کرسکتی ہے لیکن جرائم پیشہ افراد سیاسی جماعتوں کا نام لیکر اپنے مقاصد حاصل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نا انصافیاں احساس محرومی پیدا کرتی ہے وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ترقیاتی کاموں سے ہی دل جیتے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مستقبل میں دو بڑے چیلنجز پانی اور بجلی ہیں جن کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

بارہ ربیع الاول کے موقع پرسندھ میں موبائل فون سروس، ڈبل سواری بند کرنے کا فیصلہ

0

سندھ حکومت نے 14جنوری کو بارہ ربیع الاول کے موقع پر صوبے میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے وزارت داخلہ کو جلد خط لکھا جائے گا محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق صوبے میں بارہ ربیع الاول کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اس دوران صوبے بھر میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔

جبکہ خصوصی اجازت نامے منسوخ کردیئے جائیں گے محکمہ داخلہ کو پولیس نے سفارشات ارسال کردی ہیں جن کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے بھر میں موبائل فون سروس علی الصبح بند کردی جائے گی جو کہ رات گئے کھولی جائے گی محکمہ داخلہ سندھ اس بارے میں خط وزارت کو آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ارسال کردے گا۔

سابق امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کی یاد داشت میں انکشافات

0

سابق امریکی دفاعی سربراہ رابرٹ گیٹس نے اوباما کی عراق افغان جنگ کی حکمت عملی پرشدید تنقید کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ الیکشن جیتنے کیلئے اوباما نے امریکی عوام اور دنیا کو دھوکہ دیا، اسامہ کے خلاف آپریشن ایک بہادر فیصلہ تھا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی سیکریٹری دفاع اور پینٹاگون کے سابق چیف رابرٹ گیٹس نے اپنی کتاب ‘‘جنگ پر سیکریٹری کی یاداشتیں میں مزید انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں اسامہ بن لادن کے خلاف ایبٹ آباد کمپائونڈ میں ہونے والے آپریشن کی مخالفت کی تھی لیکن یہ فیصلہ وائٹ ہاؤس میں ہونے والے بہادر فیصلوں میں سے ایک تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج کی جانب سے اختیارات کی فراہمی پر اوبامہ بدظن ہوچکے تھے، انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اوباما کی پالیسی اور فوج بھیجنے پر ان کی حمایت کی گئی تھی اور اوباما صرف اپنی سلامتی چاہنے والا شخص تھا، جن کا کہنا تھا کہ عراق اور افغانستان کی جنگ انہیں سابق صدر سے ورثے میں ملی ہے جوکہ ایک نا پسندیدہ جنگ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اوباما نے کبھی حامد کرزئی اور ڈیوڈ پیٹریاس کو پسند نہیں کیا، یاد رہے کہ رابرٹ گیٹس صدر باراک اوباما اور سابق صدر جارج بش کے ماتحت پینٹاگون کے سربراہ کے طور پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔

دمشق: شام کےکیمیائی ہتھیاروں کی پہلی کھیپ بیرون ملک روانہ

0

شام کے کیمیائی ہتھیاروں کی پہلی کھیپ بیرون ملک روانہ کر دی گئی، دو مقامات سے لایا گیا کیمیائی مواد اللاذقیہ کی بندرگاہ سے ڈینش جہاز پر منتقل کر دیا گیا۔

ہیگ میں قائم کیمیائی ہتھیاروں کی تنظیم او پی سی ڈبلیو نے کہا ہے کہ شامی حکومت نے اپنے کیمیائی ہتھیاروں کی پہلی کھیپ دو مقامات سے ساحلی شہر الاذقیہ کی بندرگاہ  پرمنتقل کی، جنھیں وہاں سے سمندر برد کرنے کے لیے ڈنمارک کے ایک بحری جہاز کے ذریعے بیرون ملک لے جایا گیا ہے۔

شام کے بیرون ملک منتقل کیے جانے والے خطرناک کیمیائی ہتھیاروں کو اپریل تک تلف کر دیا جائے گا اور باقی ہتھیاروں کو دو ہزار چودہ کے وسط تک تلف کیا جائے گا۔
   

سیاستدان عدالت کا سامنا کرتے ہیں جرنیل بیمار پڑتے ہیں، اعتزاز

0

معروف وکیل اور سینیٹ کے رکن اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سیاستدان عدالت کا سامنا کرتے ہیں جبکہ جرنیل بیمار پڑ جاتے ہیں، آصف علی زرداری کل نیب عدالت میں پیش ہوں گے۔

سپریم کورٹ کے احاطے میں اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت میں اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ سیاستدان عدالتوں کا سامنا کرتے ہیں اور جرنیل بیمار پڑجاتے ہیں، کل سابق صدر آصف علی زرداری کے عدالت میں پیش ہونے کے بعد قوم کو بتائیں گے کہ سیاستدان اور جرنیل میں کیا فرق ہے۔
   

مشرف رواں ماہ کے آخرمیں بیرون ملک جاسکتے ہیں، امریکی میڈیا

0

امریکی میڈیا کا سابق صدرپرویز مشرف کے قریبی عزیزوں کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ علاج کی غرض سے رواں ماہ کے آخر تک بیرون ملک جا سکتے ہیں۔

امریکا میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف علاج کے لئے بیرون ملک جاسکتے ہیں، پرویز مشرف کے قریبی عزیزوں کا کہنا ہے کہ وہ بیمار ہیں اور انہیں علاج کی غرض سے رواں مہینے کے آخر تک بیرون ملک منتقل کیا جا سکتا ہے تاہم مشرف علاج کے لئے کہاں جائیں گے، اس بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی۔

اعلی سیکورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ سابق صدر کا ملک سے باہر چلے جانا، ملک اور خود ان کے لئے اچھا ہوگا، مشرف کو آرٹیکل چھ کے مقدمے سمیت دیگر مقدمات کا سامنا ہے۔

خصوصی عدالت نے مشرف کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے، انہیں علالت کے باعث ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ تاحال زیرعلاج ہیں۔
       

سندھ ہائیکورٹ میں مشرف کے ٹرائل کو چیلنج کر دیا گیا

0

سندھ ہائی کورٹ میں سابق صدر پرویزمشرف کے خلاف ٹرائل کو چیلنج کر دیا گیا۔

ہیومن رائٹس گروپ آف پاکستان کے ڈاکٹر افتخار حسین کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کیلئے بنایا گیا خصوصی بنچ جانبدار ہے۔

سابق صدر کو چارج شیٹ میں چیف آف آرمی اسٹاف بتایا گیا ہے، آرمی ایکٹ کے تحت سابق صدر کا مقدمہ آرمی کورٹ چلائے گی، درخواست میں وفاقی وزیر قانون، وفاقی وزیر داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں بھی پرویز مشرف کیخلاف ٹرائل کے حوالے سے درخواست دائر کر دی گئی، جس میں کہا گیا ہے پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کی میڈیا پر تشہیر ہو رہی ہے، جسے روکا جائے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پرویز مشرف کیخلاف مقدمے پر بحث توہین عدالت ہے۔
       

سردی اور برف باری، بجلی کا شارٹ فال 2000میگاواٹ تک پہنچ گیا

0

ملک میں جاری سردی اور برف باری کے باعث پانی کے ذریعے بجلی کی پیداوار میں انتہائی کمی کے باعث بجلی کا شارٹ فال دو ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا۔

ملک بھر میں سردی کی لہر نے جہاں عوام کی زندگی مشکل بنا دی تو دوسری جانب گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے، پنجاب میں گیس تو بند ہے اور بجلی بھی گھنٹوں غائب رہتی ہے۔

پنجاب کے بڑے شہروں میں چھ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں لوڈ شیدنگ کا دورانیہ دس گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے، ساہیوال میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹے سے تجاوز کر گیا، جس پر شہری انتہائی پریشان ہوگئے۔

این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق بجلی کی پیداوار نو ہزار دو سو اور طلب گیارہ ہزار دو سو میگاواٹ ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ نہروں کی سالانہ بندش کی وجہ سے ہائیڈل پیداوار میں کمی آئی ہے اور اس وقت ہائیڈل پیداوار صرف تیرہ سو پچاس میگاواٹ ہے جبکہ تھرمل پیداوار دوہزار پچاس اور آئی پی پیز کی پیداوار اٹھاون سو میگاواٹ ہے۔

این ٹی ڈی سی کے مطابق گدو سبی اور اُچ سبی سرکٹس ٹرپ کرنے سے بھی س بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس سے گھریلو سیکٹر میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے، دوسری جانب برف باری کے باعث ڈیموں میں پانی کی آمد اور اخراج میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، جسکا براہ راست اثر بجلی کی پیداوار پر پڑا ہے۔