اتوار, مئی 19, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26487

زبیرملک کی زیرقیادت تاجروں کا وفد بھارت پہنچ گیا

0

زبیر ملک کی قیادت میں پاکستانی تاجروں کا پینسٹھ رکنی وفدجنوبی ایشیاء کے کاروباری رہنماؤں کے پانچویں اجتماع میں شرکت کے لئے بھارت پہنچ گیا، ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر احمد ملک کی قیادت میں پاکستان سے کاروباری برادری کا پینسٹھ رکنی وفد بھارت پہنچ گیا۔

جہاں وہ سولہ جنوری سے جنوبی ایشیاء کے کاروباری رہنماؤں کے پانچویں اجتماع میں شرکت کریں گے۔پاکستانی وفد میں بزنس مین پینل کے صدر طارق سعید، ساک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک ، وفاقی چیمبر کے نامزد صدر زکریا عثمان اوردیگر تاجر رہنما شریک ہیں۔

اجلاس میں پاکستان وزیر تجارت خرم دستگیر خان سمیت افغانستان، بھوٹان، مالدیپ، سری لنکااور نیپال کے وزراء و اعلیٰ حکام شرکت اور علاقائی تعاون بڑھانے پر مزاکرات کرینگے جبکہ بھارت کے وزیر تجارت آنند شرما کل نئی دہلی میں اجتماع کا افتتاح کرینگے۔

اجلاس میں باہمی تعلقات اور تجارت بڑھانے کے لئے اہم فیصلے جبکہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے تجارت کے مابین اہم ملاقات متوقع ہے۔زبیر احمد ملک کے مطابق کاروباری برادری جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن اور تجارت میں اضافہ کے لئے قابل قدر کوششیں کر رہی ہے، مگر بعض سفارشات پر عمل درامد میں اتنی تاخیر ہو جاتی ہے کہ ساری کوشش کا مقصد ہی فوت ہو جاتا ہے۔

 

ایس ای سی پی نے کوڈ آف کارپوریٹ گورننس میں ترامیم متعارف کرادیں

0

سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی )نے ملک میں گڈ گورننس کے فروغ اور لسٹڈ کمپنیوں کے لئے قوائد میں عمل درآمد آسان بنانے کے پیش نظر کوڈ آف کارپوریٹ گورننس میں ترامیم متعارف کرادی ہیں، ان ترامیم کے ذریعے لسٹڈ کمپنیوں کے لئے چیف فنانشل آفیسر اور کمپنیوں کے انٹرنل آڈٹ کے سربراہ کے تقرر کے لئے اہلیت کی شرائط میں نرمی کی گئی ہے۔

کوڈ میں ترمیم کے ذریعے لسٹڈ کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر اور چیف آڈٹ آفیسر کے لئے فیلڈ میں متعلقہ تجربہ کی حد پانچ سال سے کم کر کے تین سال کر دی گئی ہے ، قواعد کے مطابق کسی میں کمپنی میں آڈٹ یا اکاونٹنگ ڈیپارمنٹ میں کام کرنے کا تجربہ ہی متعلقہ تجربہ میں شمار ہو گا۔

اس کے علاوہ لسٹڈ کمپنیوں میں آڈٹ کمیٹی کے لئے انڈیپنڈنٹ (آزاد) چیئرمین تعینات کرنے کی لازمی شرط میں بھی نرمی کر دی گئی ہے اور اب لسٹڈ کمپنیاں رضاکارنہ طور پر آڈٹ کمیٹی کے لئے خود مختار چئیرمین تعینات کرنے میں آزاد ہوں گی، اس طرح کمپنی کے نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو چیئرمین آڈٹ کمیٹی تعینات کیا جا سکے گا، ان ترامیم سے فنانس اور آڈٹ کی فیلڈ میں نئے آنے والوں کے لئے بھی آسانی پیدا ہو گی۔

 

 

تجارتی خسارے میں 8.75 فیصد کی ریکارڈ کمی

0

رواں مالی سال 2013-14ء کی پہلی ششماہی جولائی تا دسمبر 2013ء  کے دوران درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کے نتیجے میں ملکی تجارتی خسارے میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 8.75 فیصد کی ریکارڈ کمی ہوئی، ادارہ برائے شماریات پاکستان پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران جولائی تا دسمبر 2013-14ء کے دوران ملکی برآمدات میں 5.11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ملکی برآمدات جولائی تا دسمبر 2013ء کے دوران 12ارب 2کروڑ 40لاکھ ڈالر سے تجاوز کر کے 12ارب 63کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ درآمدات اس عرصہ کے دوران 21ارب 92کروڑ سے کم ہوکر 21ارب 67کروڑ ڈالرہوگئیں ہیں ، اس طرح درآمدات میں 1.14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ، جس کے نتیجے میں ملکی تجارتی خسارہ 9ارب 3کروڑ20لاکھ ڈالر رہا ،جبکہ گذشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران تجارتی خسارہ 9ارب 89کروڑ 80لاکھ ڈالر رہا۔

 

وزارت منصوبہ بندی و ترقی کا پی ایس ڈی پی کی مد میں 167ارب جاری

0

وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے مالی سال 2013 – 14ء کی پہلی ششماہی کے دوران پی ایس ڈی پی کے تحت 166 ارب97 کروڑ روپے جاری کئے ، وزارت منصوبہ بندی کے جاری کردہ اعداد شمار کے مطابق جنوری کے پہلے ہفتے تک ادارہ برائے بحالی قدرتی آفات و زلزلہ متاثرین (ایرا) کے لئے 4ارب 53کروڑ روپے سے زائد جاری کئے۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے لئے پی ایس ڈی پی میں33ارب 31کروڑ روپے سے زائد ، صحت کی سہولیات کیلئے 10ارب 50کروڑ روپے ، پانی اور بجلی ڈویژن کیلئے 16ارب 23کروڑ روپے ، فنانس کے لئے 2ارب 98کروڑ اور کیبنٹ ڈویژن کیلئے 95کروڑ روپے سے زائد جاری کئے گئے ، پہلی اور دوسری سہ ماہی کے دوران 20 فی صدجبکہ تیسری اور چوتھی سہ ماہی کے دوران 30فی صد بجٹ رکھا گیا ہے ۔

 

مشرف کی بیماری کی تصدیق کیلئے نیا میڈیکل بورڈ بنانے کا حُکم

0

پرویز مشرف خصوصی عدالت میں آج بھی پیش نہیں ہوئے، عدالت نے اُن کی بیماری تصدیق کیلئے نیا میڈیکل بورڈ بنانے کا حُکم دیا ہے، جس کی رپورٹ چوبیس جنوری کو طلب کی گئی ہے۔

خصوصی عدالت میں پرویزمشرف کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی ، جس میں وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا گیا، تین رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے استفسار کیا کہ بتایا جائے پرویز مشرف عدالت کیوں نہیں آئے؟ جس پر وکیل سرکاراکرم شیخ نے کہا مشرف جان بوجھ کر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

اکرم شیخ نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ میں ایسا کہیں بھی نہیں لکھا کہ وہ عدالت پیش نہیں ہو سکتے، عدالت کے حکم پرعمل نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، انھوں نے استدعا کی کہ عدالت اپنے حکم کی خلاف ورزی پر کاروائی کرے۔ انھوں نے دلائل میں کہا کہ جو شخص عدالتی حکم پر عدالت میں پیش نہیں ہوتا وہ اپنے دفاع کا اختیار کھو دیتا ہے، صدر حسنی مبارک کو اسٹریچر پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے دلائل میں کہا کہ اکرم شیخ پراسیکیوٹر ہیں انھیں پرسی کیوٹر کا کردار ادا کرنا نہیں چاہیئے، اکرم شیخ عدالت کی معاونت کریں مشرف کو زبردستی سزا دلوانے کی کوشش نہ کریں، ایک موقع پر پرویز مشرف کے وکلاء اور وکیل سرکار میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

انور منصور نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں نے تجویز کیا ہے کہ مشرف اسی اسپتال سے علاج کروائیں، جہاں سے وہ پہلے معائنہ کروا چکے ہیں، مشرف کو علاج کیلئے فرانس جانے کا مشورہ دیا گیا ہے، انور منصور کا کہنا تھا کہ عدالت مشرف کی گرفتاری کا حکم دے دیتی ہے اور اگرکل یہ عدالت قانونی قرارنہیں پاتی تو مشرف کے چہرے پر جو داغ لگ جائے گا اسکا ذمہ دار کون ہوگا؟

پرویزمشرف کی انٹرا کورٹ اپیل کیلئے قائم عدالتی بینچ تحلیل

0

سابق صدر پرویز مشرف کی انٹرا کورٹ اپیل کیلئے تشکیل اسلام آباد ہائی کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے بنچ سے علیحدگی اختیار کرلی۔

سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی عدالت سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

دوران سماعت جسٹس شوکت نے  بنچ سے اپنی علیحدگی اختیارکرنے کا فیصلہ سنایا، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس میں کہا کہ عدالتوں نے سابق صدر پرویز مشرف کو ریلیف دیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مشرف کا نظر بندی کیس میں انھوں نے فیصلہ سنایا تھا، اس لیے وہ یہ مقدمہ نہیں سن سکتے، جسٹس شوکت کے بینچ سے علیحدہ ہونے کے بعد بینچ کی تشکیل نو کیلئے معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھیجوا دیا گیا، جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر پرویز مشرف کے وکلا بھی اعتراض کر چکے تھے۔
   

چوہدری اسلم حملہ: ملزم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے شناخت

0

شہید ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملہ کرنے والے کی خود کش حملہ آور کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، رپورٹ کے مطابق جائے وقوع سے ملنے والے اعضاء نعیم اللہ کے ہیں۔

شہید ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر خودکش حملہ کرنیوالے نعیم اللہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق جائے وقوع سے ملنے والے خودکش حملہ آور کے مختلف اعضاء جس میں سر کا حصہ، ہڈیوں اور گوشت کے ٹکڑوں کا تجزیہ کیا گیا۔

جن کی تصدیق سے نعیم اللہ کی شناخت ممکن ہوئی، خود کش حملہ آور نعیم اللہ کے ڈی این اے کیلئے بجھوائے گئے نمونوں کی رپورٹ آئندہ دس روز میں مکمل کرلی جائے گی، جس سے خود کش حملہ آور کے خاندان ،عمر اور جنس کا تعین ہوسکے گا۔

رپورٹ کے بعد طبی ماہرین نے بھی حملے کے خودکش ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
   

وزیراعظم نواز شریف کی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے ملاقات

0

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کے نتائج اطمینان بخش ہے، کراچی میں ہر قیمت پر آپریشن جاری رہنا چاہیئے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے وزیراعظم نواز شریف کو کراچی میں ہونے والے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کے نتائج اطمینان بخش ہے، جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن جاری رہنا چاہیئے۔

ملاقات کے دوران چوہدری نثارعلی خان نے ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور طالبان سے مذاکرات پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔
   

کراچی:قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری،پولیس اہلکار نشانے پر

0

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد لقمہ اجل بن گئے، یونیورسٹی روڈ پر فائرنگ سے حساس ادارے کا اہلکار زخمی ہوگیا، کورنگی میں پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

کراچی میں قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کارروائیوں کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا اور نہ ہی اس میں کمی نظر آرہی ہے، یونیورسٹی روڈ پر نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ خاتون محفوظ رہی۔

ایس پی گلشن مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والا نوجوان حساس ادارے کا اہلکار ہے، پولیس حکام کے مطابق صبح سویرے تھانہ تیموریہ کی حدود شفیق موڑ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں افراد معمول کی گشت میں مصروف پولیس موبائل پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

جسکے نتیجے میں دو پولیس اہلکارپینتیس سالہ محمد جاوید اور تیس سالہ آصف جان بحق ہوگئے جبکہ سلیم نامی پولیس اہلکار اور ایک راہگیر زخمی بھی ہوئے، کارساز کے قریب بھی نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی، جسکے نتیجے میں سجاد نامی شخص چل بسا، جسکی لاش کو ضابطے کی کاروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

رات گئے بلدیہ رشید آباد سے بھی ایک خاتون کی لاش ملی، گلستان جوہر میں بھی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، کورنگی میں پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ایسٹ زون پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران بائیس ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ منشیات اور چھینی گئی موٹر سائکلیں برآمد کیں۔

بد امنی کی صورتحال ملک کی معاشی ترقی میں رکاوٹ ہے،اسٹیٹ بینک

0

اسٹیٹ بینک نےکہا ہے کہ قومی سلامتی کو درپیش خطرات اور مخدوش امن وامان ملک کی معاشی ترقی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔۔رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو تین سے چار فیصد اورمہنگائی میں اضافے کی شرح دس سے گیار فیصد کے درمیان رہے گی۔

اسٹیٹ بینک کی جاری کردہ سالانہ معاشی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ مالی سال دوہزارتیرہ میں سرکاری اداروں میں بدانتظامی دورنہ ہوسکی۔ ٹیکس کا دائرہ نہ بڑھ سکا۔۔ہدف سے ہٹ کرسبسڈیز دینے پربھی قابونہ پایا جاسکا۔بجلی کی چوری اورضائع ہونےکے معاملات جوں کے توں رہے۔

نجی شعبہ کی بحالی اورمعیشت کو دستاویزی بنانے میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔رپورٹ کےمطابق گذشتہ مالی سال میں پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.6 فیصد رہی۔۔ مہنگائی میں اضافے کی شرح ڈبل ڈیجٹ سےکم ہوکر سنگل ڈیجٹ میں7.4 فیصد پرآگئی۔مالی سال2013 میں مسلسل تیسرے سال گردشی قرضہ ادا کرکے شعبہ توانائی کوسہولت دی گئی۔

بجٹ خسارہ مقررہ ہدف 4.7 فیصد کے بجائے آٹھ فیصد تک جا پہنچا۔۔ دوران سال حکومت نے940 ارب روپے بینکوں سےاور507 ارب روپے اضافی اسٹیٹ بینک سے قرض لیا۔۔جس سے پاکستان کا ملکی قرضہ 19 کھرب روپے بڑھ گیا جومالی سال 2012 سے 24.6 فیصد زیادہ ہے۔

اسٹیٹ بینک کےمطابق آئی ایم ایف کےنئے پروگرام اوردیگربین الاقوامی مالی ادارو ں سےمتوقع مالی امداد ملنےسےاس سال ملکی کرنسی مارکیٹس میں استحکام آنا چاہیئے۔