ہوم بلاگ صفحہ 26351

پرویزمشرف کو نوازشریف کی طرح سے ہی راستہ دیا جائیگا،منظوروٹو

0

پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو بھی ایسے ہی راستہ دیا جائے گا جیسے نواز شریف کو دیا گیا تھا، قیاس آرائیاں یہیں ہیں کہ سعودی وزیر خارجہ کی آمد مشرف کے حوالے سے ہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں منظور وٹو نے کہا کہ وہ چودھری شجاعت کے اس بیان کی حمایت کرتے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پرویز مشرف کے ساتھ جنرل کیانی، جسٹس افتخار سمیت دیگر شخصیات کا بھی ٹرائل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حکومت پہلے ہی راہ فرار اختیار کررہی تھی، افسوس ناک بات ہے کہ آمریت کے دور میں بلدیاتی انتخابات ہوئے لیکن سول دور میں ایسا نہیں ہوا، میاں منظور وٹو نے واضح کیا کہ آصف علی زرداری نیب عدالت میں پیش ہونگے۔

پنجاب کے کارکن بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے منتظر ہیں، سندھ کی تقسیم کے حوالے سے الطاف حسین کےبیانات کو مسترد کرتے ہیں، وہ بادشاہ آدمی ہیں، وہ پرویز مشرف کے ٹرائل سے ناراض ہیں۔

 

پاکستان سری لنکا دوسرا ٹیسٹ میچ کل سےدبئی میں کھیلا جائیگا

0

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کل آمنے سامنے آئیں گی، لیکن اس بار دونوں ٹیمیں دبئی کی اسپن وکٹ پر برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گی، قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے۔ ابو ظہبی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ تو ڈراہوگیا۔

کیا دوسرا ٹیسٹ نتیجہ خیزہوگا ؟؟اب میدان دبئی میں سجے گا ۔کیا پاکستانی شاہین کم بیک کریں گے  اور لنکن ٹائیگرز کو شکست دیں گے ؟؟ طویل دورانیے کی کرکٹ میں  اعصاب کی جنگ ہوگی ۔ ایشیا کی دو بہترین ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔

دوسرے میچ کے لئے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے ، پہلے میچ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے والی راحت علی کی جگہ محمد طلحہ یا عبد الرحمان کو مو قع دیئے جانے کا امکان ہے، ادھر سری لنکن اسکواڈ میں بھی ایک تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ دونوں ٹیموں کے لئے فکر کی بات سعید اجمل اور جے وردھنے جیسے سنیئر کھلاڑیوں کا پرفارم نہ کرنا ہے۔

دوسرا اسپیشلسٹ سعید اجمل پہلے میچ کی پرفارمنس کو بھلا کر دوسرے میچ میں زیادہ سے زیادہ وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے، جادوگر اسپنر پہلے میچ میں صرف دو وکٹیں ہی لے سکے تھے۔ محمد حفیظ نے بھی شاندار کم بیک کرتے ہوئے اسی رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر سری لنکن بولرز کے لئے خطرے کی گھنٹی بجائی ۔

بیٹنگ میں ٹیم یونس اور مصباح پر انحصارکرے گی ۔ماہرین کے مطابق دبئی کی وکٹ اسپنز کے لئے مدد گار ہوتی ہے اور بہتر اسپن اٹیک ہونے کی باعث میچ میں پاکستان کی جیت کے امکانات بھی روشن ہیں۔

 

کسی مشن پر پاکستان نہیں آیا، مشرف کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،سعودی وزیر خارجہ

0

سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے کہا کہ سعودی عرب نے پرویز مشرف کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا، جس میں انہوں نے وضاحت کی کہ وہ نہ کسی مشن پر پاکستان آئے ہیں اور نہ ہی وہ پرویز مشرف کیلئے پاکستان آئے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ صدر ممنون حسین کے لئے سعودی فرما رواں کا خصوصی پیغام لیکرآئے ہیں، سعود الفیصل نے یہ نہیں بتایا کہ خصوصی پیغام ہے کیا، سعود الفیصل کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کو دوبارہ منظم نہ ہونے دیا جائے۔

انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے معاملات کے جائزے کے لیے ایک کمیٹی بنانے کی تجویز دی، اور کہا کہ سعودی عرب دوسرے ملکوں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، بجلی کے شعبے میں پاکستان سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، علاقائی صورتحال پر بھی دونوں ممالک کا تعاون جاری رہنا چاہئے۔

وزیراعظم نواز شریف کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کیلئے سعودی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ سعود الفیصل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لئے فائدہ مند ہیں، دونوں ممالک مذہبی عقائد، اقدار اور روایات سے جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی امور پردونوں ممالک کے یکساں خیالات ہیں، مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تعلقات پراعتماد کا اظہارکیا۔

ایشیا کپ:پاکستانی ٹیم کا بنگلہ دیش جانا درست نہیں

0

بنگلہ دیش میں آئندہ ماہ ایشیا کپ اورمارچ میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی شیڈول ہے۔ لیکن وہاں کے خراب حالات اور پاکستان مخالف جذبات کو دیکھتے ہوئے قومی ٹیم کا بنگلہ دیش جانا کسی خطرے سے کم نہیں۔ بنگلہ دیش میں گزشتہ دنوں پاکستانی قونصل خانے کا گھیراؤ بھی کیا گیا۔

اب تک ہونے والے پرتشدد واقعات میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دہشت گر د واقعات اور بم دھماکوں کے سبب ویسٹ انڈیز پہلے ہی اپنی انڈر نائنٹین ٹیم بنگلہ دیش سے واپس بلاچکا ہے۔ اب تو بنگلہ دیش کے ڈومیسٹک ایونٹ بھی سیکیورٹی وجوہات کے سبب منسوخ ہوچکے ہیں۔

ایسی صورتحال میں پاکستان کا بنگلہ دیش جانا درست نہیں ہوگا۔ ایسے میں ایشین کرکٹ کونسل کا ایونٹ کو بنگلہ دیش سے منتقل نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ آئی سی سی کے سابق سربراہ احسان مانی نے پی سی بی کو ایشیا کپ سے دستبردار ہونے کا مشورہ دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا مناسب نہیں ہوگا۔ دوسری جانب دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش بھیجنے کے حوالے سے پی سی بی نے کوئی رابطہ نہیں کیا، بنگلہ دیش کے حوالے سے پی سی بی نے مشورہ کیا تو فیصلہ کریں گے۔

 

آئندہ24 گھنٹوں میں کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بادل برسنے کا امکان

0

اہل کراچی تیار ہوجائیں، سرد ہوائیں ایک بار پھرشہر قائد کا رخ کرنے والی ہیں، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بادل برس سکتے ہیں، ملک بھر میں سردی اپنے جوبن پر ہے، کہیں یخ بستہ ہواؤں کے ڈیرے ہیں تو کہیں برف باری نے موسم کا لطف دوبالا کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کوئٹہ ،قلات ، زیارت سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بادل برس سکتے ہیں، اس کے ساتھ ہی کراچی والے بھی تیار ہوجائیں، یخ بستہ ہواؤں کا سلسلہ ایک بار پھر شہر کا رخ کر رہا ہے۔

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی چند مقامات پر بادل برسنے اور پہاڑوں پر ہلکی برف پڑنے کی امید ہے، پشاور میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جانے سے شہریوں نے ایک بار پھر سردی سے بچاؤ کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

بالائی علاقوں کالام ، مالم جبہ اور سوات کے پہاڑوں پر ہلکی برف باری سے موسم مزید سرد ہوگیا، سرد موسم کا مزہ لینے سیاح بڑی تعداد میں ان علاقوں کا رخ کر رہے ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی سرد ہواؤں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

مری اور گلیات میں بھی کہیں بارش تو کہیں برف باری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں جاری سردی کی شدت میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید شدت آجائے گی۔
   

کراچی:پرتشدد واقعات جاری، 6افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد

0

کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے ساتھ پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے، گلشن معمار میں چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں، مقتولین میں چار کی شناخت منور، شفیق ، جاوید اور عمران کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دو کی شناخت نہ ہوسکی۔

 ایس ایس پی عامر فاروقی کے مطابق گلشن معمار سے چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد کرلی گئیں، مقتولین کو تشدد کے بعد تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، پولیس حکام کے مطابق گلشن معمار کے علاقے میں واقع مزار کے قریب سے چھ افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں، جنہیں تیز دھار آلے کی مدد سے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا۔

ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی کے مطابق تمام لاشیں مردوں کی ہیں اور انھیں گلشن معمار سے اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر خنجر کی مدد سے گلے کاٹ کر قتل کر دیا گیا ، پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے، مقتولین کی عمریں بیس سے تیس سال کے درمیان ہیں۔

پولیس کے مطابق تمام افراد فیکٹری ورکر اور مزدور ہیں، جنہیں واپسی پر اغواء کے بعد قتل کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین میں سے تین مزار کے متولی تھے، ابتدائی تفتیشی رپورٹ کے مطابق مقتولین کو گزشتہ رات آٹھ سے نو بجے کے درمیان قتل کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، سپرہائی وے پر لکی سیمنٹ فیکٹری کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی، جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، لاش کو ضابطے کی کاروائی کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب موچکو پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے عبید نامی ٹارگٹ کلر کو تین ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا، ملزم نے اٹھائیس افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، ملزم دس افراد کے قتل کے الزام میں پہلے گرفتار اور پھر رہا ہوچکا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان سے دو دستی بم دو راکٹ، دو کلاشنکوف اور چار ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے، نیو کراچی پولیس نے کوثر نیازی کالونی میں منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر بدنام زمانہ منشیات فروش مظفر شاہ کو گرفتار کرلیا، ملزم منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں انتہائی مطلوب تھا۔

کاروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات، اسلحہ اور متعدد گولیاں برآمد کر لی گئیں، دوسری جانب اورنگی ٹاوٴن کے علاقے سیکٹر فائیو ای میں پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد انیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

اتحاد ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان زخمی ہوگیا، کورنگی نمبر تین میں شہری کی فائرنگ سے دو مبینہ ڈاکو زخمی ہوگئے، جنھیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ارجنٹائن:ڈاکار ریلی کا دوسرا مرحلہ فرانس نے جیت لیا

0

ارجنٹائن ڈاکار ریلی کا دوسرا مرحلہ فرانس کے اسٹیون پیٹرہینسل نے جیت لیا۔ فرانسیسی ڈرائیور کو ریس میں مجموعی برتری حاصل ہے۔ سین لوئس سے سین ریفل تک کار ریلی کا دوسرا مرحلہ چار سو تینتیس کلو میٹر پرمشتمل تھا۔ ڈرائیورز کو اونچے نیچے راستوں میں دشواری کا سامنا رہا۔

دفاعی چیمپئین فرانس کے اسٹیون پیٹرہینسل نے گاڑی پر کنٹرول برقرار رکھا اور تمام ڈرائیورزکو پیچھے چھوڑتے ہوئے مقررہ فاصلہ تین گھنٹے باون منٹ اور پانچ سیکنڈز میں سب سے پہلے طے کیا۔ اسپین کے کارلوس سینز دوسرے نمبر پر رہے۔

فرانسیسی ڈرائیور کو ریس میں مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ موٹربائیک ریس میں برطانیہ کے سیم سدر لینڈ نے میدان مارلیا۔ برطانوی رائڈر تین گھنٹے بیالیس منٹ اور دس سیکنڈز کے ساتھ دوسرے مرحلے کے فاتح رائڈر رہے۔

 

سی ایس ایف کے 50 کروڑ ڈالر جلد فراہم کردیئے جائیں گے،امریکی سفیر

0

امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو کولیشن سپورٹ فنڈ کے پچاس کروڑ ڈالر کی جلد فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران  وزیر خزانہ اسحاق ڈار  اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے  پاکستان اور امریکہ کے درمیان اکنامک ورکنگ گروپ کے اجلاس کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

یہ اجلاس رواں سال اپریل میں واشنگٹن میں ہوگا، ملاقات میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہونے اخراجات کی ادائیگی سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے۔

امریکی سفیر نے وزیر خزانہ کو بچاس کروڑ ڈالرز کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی جبکہ اسحاق ڈار نے رچرڈ اولسن کو یقین دلایا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مضبوط معاشی تعلقات کا خواہاں ہے۔
       

چوالیس سال سے کھیلاجانیوالاون ڈے کرکٹ تاریخ کے آئینے میں

0

آزمائشی طورپرشروع ہونے والی ایک روزہ کرکٹ کے آغاز کو چوالیس سال بیت گئے۔ون ڈے کرکٹ میں اب تک تین ہزارچار سو ستاون ون ڈے میچزکھیلےجاچکے ہیں۔ کرکٹ کی تاریخ صدیوں پرانی ہے۔ جینٹل مین گیم کی ابتدا برطانیہ سے ہوئی لیکن اس وقت تک اس کھیل سے گورے ہی واقف تھے۔

وقت بدلتا گیا۔ کھیل میں جدت آتی رہی اور پھر کرکٹ دنیا بھر میں کھیلی جانے لگی،اس کھیل کے شیدائی بڑھ گئے اور پھرفٹبال کے بعد یہ دنیا کا سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا کھیل بن گیا۔ ٹیسٹ کرکٹ کے بعد پانچ جنوری انیس سواکہتر کو ایک روزہ کرکٹ کا آزمائشی طور پرانعقاد ہوا جس کو شائقین کرکٹ نے دنیا بھر میں عالمی سطح کی اونچائیو ں پر پہنچا دیا۔

ون ڈےکرکٹ کی روزافزاں مقبولیت کا یہ عالم ہوا کہ چوالیس سال کے دوران اس طرز کی کرکٹ کے دس عالمی کپ منعقد ہوچکےہیں، دنیاکی پچیس ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر تین ہزارچارسوباون ون ڈے میچزکھیلے جاچکے ہیں۔بھارتی ٹیم نے سب سے زیادہ آٹھ سوچوالیس ایک روزہ میچزکھیلے پاکستان نے آٹھ سوبارہ ایک روزہ میچز میں چارسوچونتیس کامیابیاں سمیٹیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان نے کئی کارنامے بھی انجام دیئے۔

عمران خان کی قیادت میں انیس سو بانوے میں عالمی کپ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے عظیم بولرز پیدا کئے اور ون ڈے میں کئی منفرد ریکارڈز آج بھی پاکستان ہی کے پاس ہیں۔

 

اسپینش لالیگا فٹبال لیگ:ریال میڈرڈ نے سیلٹا ڈی ویگو کوشکست دیدی

0

اسپینش لالیگا لیگ میں ریال میڈرڈ نے سیلٹا ڈی ویگو کو تین صفر سے شکست دے دی۔ اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے کیرئیر میں گولز کی چار سینچریاں مکمل کرلیں۔ برناباؤ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گیند کو جال میں پہنچانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

دوسرے ہاف میں ریال میڈرڈ نے سرسٹویں منٹ میں بینزیما کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔ بیاسویں منٹ میں پرتگال کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے گول کرکے ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔

میچ کے آخری لمحات میں رونالڈو نے دوسرا گول کرکے ٹیم کو تین صفر سے جیت دلادی۔ حریف ٹیم میچ میں کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ کرسٹیانو رونالڈو نے کیرئیر میں گولز کی چار سینچریاں مکمل کرلی ہیں۔

لالیگا لیگ میں ریال میڈرڈ کی ٹیم چوالیس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ بارسلونا کی ٹیم انچاس پوائنٹس کے ساتھ لیڈ کررہی ہے۔