ہفتہ, نومبر 16, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26389

لکی مروت:اسکولوں میں ناقص سیکیورٹی، اسکول سربراہان کیخلاف مقدمات درج

0

لکی مروت: سرکاری اسکولوں میں ناقص سیکیورٹی انتظامات پر کئی اسکول سربراہان کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔

لکی مروت کے اسکولوں میں ناقص سیکیورٹی انتظامات پر پولیس نے ایک درجن سے زائد سرکاری اسکولوں کے سربراہان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

  لکی مروت کے ڈی پی اواسماعیل کرک کے مطابق سیکیورٹی بہتربنانے کے لئے اسکولوں کو کئی نوٹس بھی جاری کئے گئے لیکن اسکول انتظامیہ نے سیکیورٹی بہتربنانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے، دورانِ معائنہ یہ بات سامنے آئی کہ اسکولوں میں گیٹ کے سامنے نہ حفاظتی بیرئیر لگے تھے، نہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے تھے جبکہ دیواروں پرخاردارتاریں بھی نہیں لگائی گئیں۔

پولیس کاکہنا ہے کہ اسکول میں سرچ لائٹس کا کوئی انتظام بھی نہیں تھا جبکہ کئی اسکولوں میں سیکیورٹی کے لئے چوکیدار ہی نہیں، ایک اسکول سے بارہ بورکی رائفل خراب حالت میں ملی لیکن چوکیدار موجود نہیں تھا۔

کئی اسکولوں کے چوکیداروں کے پاس سے جعلی اسلحہ بھی ملا ہے، اسکولوں کے کئی طالبعلموں کے پاس اسکول کارڈ ہی نہیں۔

حب: مسافر کوچ الٹنے سے 30 افراد زخمی

0

کراچی: حب کے قریب تیز رفتاری کے باعث مسافر کوچ الٹنے سے تیس افراد زخمی ہوگئے۔

   کراچی سے گوادر جانے والی مسافرکوچ کوسٹل ہائی وے پر اور ماڑہ کے قریب الٹ گئی، کوچ میں باراتی سوار تھے، جو شادی کی تقریب میں شرکت کےلئے جارہے تھے۔

حادثے کے نتیجے میں 30افراد زخمی ہوگئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر پاکستان نیوی اسپتال اور ماڑہ منتقل کردیا گیا۔

کوسٹل ہائی وے پر بارش کے باعث رضاکاروں کو امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

نامور ماڈل آیان علی منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار

0

سلام آباد: اسلام آباد بینظیرانٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ملک کی نامور ماڈل آیان علی کو گرفتار کر کے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد کرلیے گئے ہیں۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق  ماڈل آیان علی کو دبئی جاتے ہوئے بے نظیر انٹرنشنل ائیرپورٹ پر منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ، بہترین ماڈلز کی فہرست میں شامل نامور ماڈل آیان علی  پرغیر ملکی کرنسی اسمگل کرنے کا الزام  ہے۔

آیان علی نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی جا رہی تھیں کہ اے ایس ایف کے کاؤنٹر پر سامان کی تلاشی کے دوران بیگ کے خفیہ خانوں سے پانچ لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم برآمد کی گئی، جس پر انہیں غیر ملکی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

کسٹم حکام نے ملزمہ کو حراست میں لے لیا اور انھیں کسٹم ہاؤس منتقل کردیا گیا، جہاں ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ ایان علی کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا اور انہیں قانونی کارروائی کے بعد عدالت میں پیش کیاجائیگا۔

 

روزانہ بیس منٹ چہل قدمی سے ذیابیطس اور دل کے دورے سے بچاؤ ممکن

0

روزانہ بیس منٹ چہل قدمی کرنے سے ذیابیطس اور دل کے دورے سے بچا جاسکتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جن افراد میں ذیابیطس کا مرض پیدا ہورہا ہے وہ صرف بیس منٹ چہل قدمی کرکے دل کے دورے سے بچ سکتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق ایسے افراد جن میں ذیابیطس کا مرض ابتدائی مراحل میں ہو وہ اگر اپنے معمول سے بیس منٹ روزانہ پیدل چلیں تو ان میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ بہت حد تک کم ہو سکتا ہے جبکہ معمول سے زائد پیدل چل کر دل سے متعلق امراض کی شرح میں آٹھ فیصد تک کمی کر سکتے ہیں۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایسے افراد ایک برس تک روزانہ 2000 قدم یعنی ڈیڑھ کلومیٹراپنے معمول سے زائد پیدل چل کر دل سے متعلق امراض کی شرح میں آٹھ فیصد تک کمی کر سکتے ہیں۔

کراچی: لیاری میں رینجرز کی کاروائی ، گینگ وار کے 3کارندے ہلاک

0

کراچی :  لیاری ریکسر لائن میں مبینہ مقابلے میں بابالاڈلا گروپ کے تین کارندے ہلاک ہوگئے۔

رینجرز نےکراچی کے علاقے لیاری ریکسر لائن میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کارراوئی کی تو ملزمان نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی ، جوابی فائرنگ میں بابا لاڈلا گروپ سے تعلق رکھنے والے تین کارندے ہلاک ہوگئے۔

رینجرز ترجمان کے مطابق ہلاک ملزمان کراچی میں ٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری اورڈکیتی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، عید گاہ کے قریب سے چار غیرملکی گرفتار کرلئے گئے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان ،لیاری گینگ وار سمیت بارہ ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، پولیس نے بھی گلستان جوہر سے دس افراد کو حراست لیا۔

پولیس حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن طوری بنگش میں پولیس نے کارروائی کی جس میں دو کار لفٹر مارے گئے ۔

سندھ حکومت میں مختار سومرو مستقل سیکریٹری داخلہ تعینات

0

کراچی : سندھ حکومت نے تین ماہ بعد سیکریٹری سروسز مختار سومرو کو مستقل سیکریٹری داخلہ تعینات کردیا جبکہ عمران عطا سومرو کو سیکریٹری بلدیات تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔

محکمہ سروسز کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق سیکریٹری سروسز مختار سومرو کو سیکریٹری داخلہ لگادیا گیا جبکہ ان کے پاس سیکریٹری سروسز کا بھی اضافی چارج ہوگا۔

واضح رہے کہ تین ماہ سے سندھ میں مستقل سیکریٹری داخلہ موجود نہیں تھا۔ اب بھی جس افسر کو تعینات کیا گیا ہے اس کے پاس سیکریٹری سروسز جیسی اہم اسامی کا اضافی چارج ہے۔

اس سے قبل سیکریٹری داخلہ سندھ کا چارج ممتاز شاہ اور کبیر قاضی کو دیا گیا تھا۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن، وزیرِاعلیٰ پنجاب نے جے آئی ٹی کو بیان قلمبند کرادیا

0

لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن پر وزیرِاعلیٰ پنجاب نے جے آئی ٹی کو بیان قلمبند کرادیا ہے، وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے سامنے خود پیش ہوئے۔

ماڈل ٹاؤن سانحے کے نو ماہ بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہوئے، وزیرِاعلیٰ پنجاب نے اپنی ہی بنائی ہوئی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر حلفیہ بیان ریکارڈ کرایا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے جے آئی ٹی کو حلفیہ بیان میں کیا بتایا یہ معلوم نہیں ہو سکا، پنجاب حکومت نے پریس ریلیز جاری کی، جس کے مطابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف حلفیہ بیان ریکارڈ کرانے کیلئے خود جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے دفتر گئے۔

یاد رہے کہ پاکستان عوامی تحریک شہباز شریف کو سانحہ کا براہ راست ذمہ دار سمجھتی ہے، پاکستان عوامی تحریک اس جے آئی ٹی کو بھی نہیں مانتی، حال ہی میں آئی جی پنجاب نے جے آئی ٹی سے تعاون کے لئے عوامی تحریک کے قائدین کو خط لکھا تھا۔

جس  کے جواب میں عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ پولیس وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈاکٹر طاہر القادری کو قتل کرنے کی نیت سے ماڈل ٹاؤن آئی، سانحے میں پولیس خود ملزم ہے۔

پی اے ٹی کا کہنا تھا کہ پولیس نمائندوں پر مشتمل جے آئی ٹی متعصب ہے، آئی ایس آئی، ایم آئی کے نمائندوں پر مشتمل جے آئی ٹی ہی انصاف دے سکتی ہے۔

قلعہ سیف اللہ اورگوادر سے اہم کمانڈر سمیت 6 دہشت گردگرفتار

0

بلوچستان: ایف سی نے قلعہ سیف اللہ اور گوادرمیں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت چھ دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

ایف سی ترجمان کے مطابق قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسئی میں خفیہ اطلاع پرسرچ آپریشن کیا گیا اور کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت تین دہشتگرد گرفتار کرلئے گئے۔

ایف سی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں اورایف سی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا، ایف سی نے گوادر کی فقیرکالونی میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے تین دہشت گرد گرفتار کرلئے، ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔

کراچی: نائن زیرو سے برآمد اسلحے کے فرانزک ٹیسٹ کافیصلہ

0

کراچی: ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروسے برآمد اسلحے کے فرانزک ٹیسٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ رینجرز کے اختیارات میں مزید چارماہ کی توسیع کردی گئی ہے، دوسری جانب بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹریننگ کے لیے ایف بی آئی کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔

کراچی میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے برآمد کئے گئے اسلحے کے فرانزک ٹیسٹ سے ان ہتھیاروں کے استعمال کا پتہ لگایا جائے گا، دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز کے اختیارات میں چار ماہ کی توسیع کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق رینجرز کے اختیارات میں توسیع انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کی گئی ہے ، جس کے بعد رینجرز کو چھاپے، گرفتاری، اور تحقیقات کا خصوصی اختیار حاصل ہے۔

دوسری جانب بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹریننگ کے لیے ایف بی آئی کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی، پولیس ذرائع کے مطابق ایف بی آئی کی ٹیم پیر سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں کو تربیت دے گی، تربیتی پروگرام میں کراچی سمیت سندھ بھر سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار حصہ لیں گے۔

کراچی: شاہراہ فیصل پراسٹارگیٹ سے ڈرگ روڈ تک ٹریفک جام

0

کراچی: شاہراہ فیصل پراسٹارگیٹ سے ڈرگ روڈ تک گھنٹوں ٹریفک جام رہنے سےگاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

کراچی میں ٹریفک جام کا مسئلہ پُرانا ہے لیکن حل کوئی نہیں، ٹریفک جام شہریوں کیلئے مشکلات کھڑی کر دیتا ہے، شاہراہ فیصل پر اسٹار گیٹ سے ڈرگ روڈ تک بد ترین ٹریفک جام رہا، صبح آٹھ بجے دفاتر پہنچنے والے لوگ کئی کئی گھنٹے تاخیر سے پہنچے۔

ٹریفک جام کے دوران ٹریفک اہلکار غائب رہے اور شہری پھنسے رہے کئی گھنٹوں تک شاہراہ فیصل پر گاڑیاں انتہائی سست رفتاری سے چلتی رہیں، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوا۔

بڑی گاڑیوں والے ٹریفک میں پھنسے ایک دوسرے کا منہ تکتے رہے جبکہ چھوٹی گاڑی والے جگہ ملنے کی تگ و دو کرتے رہے۔