ہفتہ, مئی 18, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26492

بغداد:2 کاربم دھماکے،18 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

0

عراقی دارالحکومت بغداد زور دار دھماکوں سے لرز اٹھا، دو کار بم دھماکوں کے نتیجے میں اٹھارہ افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بغداد کے نواحی علاقے میں بس ٹرمینل کے باہر کار میں نصب بم پھٹنے سے بارہ افراد لقمہ اجل بن گئے، دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا جبکہ بغداد میں ہی ایک اور کار بم دھماکے میں چھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

اقوام متحدہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال عراق میں بم دھماکوں اور پرتشدد واقعات میں ساڑھے آٹھ ہزار افراد جاں بحق جبکہ ایک لاکھ سے زائد زخمی ہوگئے۔

برلن: جرمنی میں نجی طیارہ گرکر تباہ، 4افراد ہلاک

0

مغربی جرمنی کے علاقے ٹرائیر میں نجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان ایرک تھائی ایلٹیگس کا کہنا ہے کہ نجی طیارہ انگلینڈ سے جرمنی کی طرف آرہا تھا اور بہت زیادہ دھند ہو نے کے باعث ریلوے کو بجلی سپلائی کرنے والے پول سے ٹکرا کرتباہ ہوگیا، جس میں سوار دو مسافر اور دو پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
   

تہران:ایران دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف ہے، ایرانی وزیرخارجہ

0

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام ممالک کے درمیان قریبی تعاون چاہتا ہے۔

تہران میں کینیا کے سینیٹ کے اسپیکر ایکوی ڈیوڈ ایتھورو کیساتھ ملاقات میں انکا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کینیا سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات میں مزید توسیع کو خواہشمند ہے۔

اس موقع پر کینیا سینیٹ کے اسپیکر ڈیوڈ ایتھورو کا کہنا تھا کہ کینیا ایران کے ساتھ اقتصادی، تجارتی، زرعی اور سیاحت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

قاہرہ: حکومت کے خلاف احتجاج اور مظاہرے جاری

0

مصر میں حکومت کیجانب سے عائد کردہ پابندی کے باوجود قاہرہ اور ملک کی دیگر یونیوزسٹیوں کے طالب علموں اور فورسزکے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق ملک بھر کی کئی جامعات کے طلباء معزول صدر محمد مرسی کی بحالی کے لئے مطالبہ کررہے تھے، قاہرہ یونیورسٹی کے باہر جاری مظاہرے کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔

مظاہرین کو منتشرکرنے کے لئے پولیس نے طلباء پر آنسو گیس اور ہوائی فائرنگ کی، جس سے مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم شروع ہوگیا، پولیس کی کارروائی سے کئی طلبا زخمی ہوگئے۔

پولیس نے پندرہ طالبات کو گرفتار کرلیا، یونیورسٹی کے طلباء کئی روز سے سراپا احتجاج ہیں اور انہیں سیکیورٹی فورسز کیجانب سے سخت مداخلت کا سامنا ہے۔
    

   

کیف: یوکرائن میں صدر کی رہائشگاہ کیجانب مظاہرین کا مارچ

0

یوکرائن میں حکومت مخالف سینکڑوں مظاہرین نے دارالحکومت کیف میں صدر وکٹر یانوکووچ کے خلاف کار ریلی کے ذریعے صدر کی رہائش گاہ کی جانب مارچ شروع کر دیا۔

دارالحکومت کیف میں مظاہرین کا حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ تاحال جاری ہے، مظاہرین نے صدر وکٹر یانوکووچ کے خلاف کار ریلی نکالی، مظاہرین نے صدر کیخلاف نعرے بازی اور انکے استعفے کا مطالبہ کیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے موجود ہے۔

یوکرائن میں مظاہروں کا سلسلہ اس وقت سے جاری ہے، جب یوکرائن کے صدر نے یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدے سے انکار کر دیا تھا۔
    

   

سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں الیکٹرک کمبل کی مانگ میں اضافہ

0

مقبوضہ جموں کشمیر میں کڑاکے دار سردی کے باعث الیکٹرک کمبل کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے، یخ بستہ ہواؤں نے کشمیری عوام کو الیکٹرک کمبل استعمال کرنے پرمجبور کر دیا۔

مقبوضہ کشمیر میں خون جما دینے والی ٹھنڈ کے باعث الیکٹرک کمبل کی مانگ میں اضافہ ہوگیا، ایک الیکٹرک کمبل کے خریدار نے بتایا کہ الیکٹرک کمبل کڑاکے دار سردی سے بچنے کے لئے بہت اچھا ہے اور اس کا استعمال بھی بہت آسان ہے، کمبل میں لگے سوئچ کو دباتے ہی کمبل میں تپش ہونا شروع ہوگئی۔

یاد رہے کہ اس دفعہ موسم سرما میں مقبوضہ کشمیر میں سردیاں اپنے وقت سے پہلے ہیں، انسان کا خون جما دینے کے لیے آگئی۔
   

کینجھر جھیل، 5افراد کے قتل کا معمہ تاحال حل نہ ہوسکا

0

کینجھر جھیل میں نوری جام تماچی کے مزار سے ملنے والی پانچ افراد کی لاشوں کا معمہ تاحال حل نہ ہوسکا، میڈیکل رپورٹ کے مطابق پانچوں افراد کو قریب سے گولیاں مار کرقتل کیا گیا۔

کینجھر جھیل کے ٹاپو پر نوری جام تماچی کے مزار سے ملنے والی پانچ لاشوں کا معمہ حل نہ ہوسکا، ہلاک افراد کی میڈیکل رپورٹ آجانے کے بعد بھی واقعہ بدستور پر اسرار ہے۔

رپورٹ کے مطابق پانچ افراد کو انتہائی قریب سے گولیاں مار کرقتل کیا گیا، اور مقتولین کو زہر نہیں دیا گیا لیکن رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ پانچوں افراد نے کوئی مزاحمت کیوں نہیں کی ؟کیا انہیں کوئی نشہ آور ادویات دی گئی تھیں یا نہیں؟ یہ بھی ممکن ہے کہ پانچوں افراد نے خود ہی موت کو گلے لگالیا ہو؟

وقوعے کے فوری بعد ایس ایس پی ٹھٹھہ حسیب افضل بیگ نے اسے بلائنڈ مرڈر قرار دیا تھا، نوری جام تماچی کے مزار سے ملنے والے پستول کو فرانزک لیبارٹری روانہ کیا گیا تھا، جس کی رپورٹ کے مطابق پانچوں کو اسی پستول سے فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملنے والا پستول ہلاک ہونے والے ریٹائرڈ میجر جہانگیر کا تھا۔
   

ملتان:گتہ فیکٹری میں آتشزدگی، لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر

0

ملتان میں گتہ فیکٹری میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے سے لاکھوں روپے کا سامان جل کر راکھ بن گیا۔

اہل محلہ نے خانیوال روڈ پر گتہ فیکٹری میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ کی اطلاع فوری طور پر ریسکیو ون ون ٹو ٹو کو دی، ریسکیو ون ون ٹو ٹو کی چار فائر فائیٹر گاڑیوں نے آدھے گھنٹے کی کاروائی کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

فیکٹری کے مالک کے مطابق آتشزدگی کے وقت فیکٹری میں کوئی بھی ملازم موجود نہیں تھا، آگ سے لاکھوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہوگیا، آگ ایک ہی گودام میں لگی، جسکی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔
   

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کا حکم

0

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے ریاست میں ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کا حکم دے دیا، فیصلے کا اطلاق آئندہ ہفتے سے ہوگا۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کابینہ کو اعتماد میں لیتے ہوئے سرکاری اہلکاروں کی ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کے احکامات جاری کیے، چھٹی کے خاتمے کا نوٹفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹفیکیشن کے مطابق ہفتے کی چھٹی کے خاتمے کا اطلاق آئندہ ہفتے سے ہوگا، ریاستی حکومت کو کافی عرصے سے شکایات موصول ہورہی تھیں کہ اہلکار جمعے کے روز سے ہی دفاترسے غیر حاضر رہتے اور سوموار کو دفاتر میں حاضر ہوتے تھے، جس کے باعث دفتری معاملات چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

مجلس وحدت المسلمین کا عید میلاد النبی کے جلوسوں میں شرکت کا اعلان

0

 مجلس وحدت المسلمین نے عید میلاد النبی کے جلوسوں میں شرکت کا اعلان کر دیا، مرکزی پولیٹیکل سیکرٹری ناصر شیرازی کا کہنا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم جلد اقلیتی ونگ بھی قائم کرے گی۔

لاہور میں بشپ آف پاکستان نذیر عالم کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین کے پولیٹیکل سیکرٹری ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت میلاد کے جلوسوں میں ہر سطح پر شرکت کرینگے۔

بارہ ربیع الاول کو شیعہ سنی کی تفریق ختم کر دینگے، بشپ آف پاکستان نذیر عالم کا کہنا تھا کہ مسیحی محب وطن ہیں لیکن حکومتی امور میں انہیں نظر انداز کیا جا رہا ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ جداگانہ طریقہ انتخاب بحال کرکے اقلیتوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں۔