ہفتہ, اکتوبر 5, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27000

حکومت پنجاب کا تھرموگرافک کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

0

لاہور: حکومت پنجاب نے دہشت گردی سے نمٹنے اور جرائم پیشہ افراد پر رات میں نظر رکھنے کیلیےحساس علاقوں اور عمارتوں پرتھرموگرافک کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے

اب اندھیرے میں جرم کرنے والے بھاگ نہ پائیں گے حکومتِ پنجاب نے کیاہے فیصلہ کہ لگیں گے ہرجگہ تھرموگرافک کیمرہ۔ یہ کیمرے رات میں بغیر روشنی کے بھی کام کرتے ہیں۔ حساس علاقوں اور عمارتوں میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پنجاب حکومت نے تھرموگرافک کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

کیمروں کی خریداری کے لئے چین سمیت متعدد ممالک کی کمپنیوں سے رابطہ کیاجارہاہے ذرائع کے مطابق کیمروں کی خریداری کے بعد پہلے مرحلے میں یہ کیمرے وزیر اعظم اور وزیر اعلی ہاؤس، سول سیکریٹریٹ اور پنجاب اسمبلی میں نصب کیے جائیں گے۔

سابق چیئرمین پیمراکی حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست

0

اسلام آباد: سابق چیئرمین پیمراچوہدری رشیدنےاسلام آبادہائی کورٹ میں حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائرکردی۔ سابق چیئر مین پیمرا چوہدری رشیدکی جانب سےکہاگیاہے کہ ان کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے جب تک اس کا فیصلہ نہیں ہوتا اس وقت تک نیا چیئر مین تقرر نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت نے پاکستان کے تمام اخبارات میں چیئر مین پیمرا کی تقرری کیلئے 23 جولائی کو اشتہارات جاری کئے ہیں۔ وفاق نے گزشتہ سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل کے ذریعے عدالت کو یقین دلایا تھا کے اس کیس کے فیصلہ ہونے تک نیا چیئر مین تقرر نہیں کیا جائے گا۔

بی جے پی نے ثانیہ مرزا کو غیر ملکی قرارد ے دیا

0

نئی دہلی: بھارت کی ٹینس اسٹارثانیہ مرزا کو ان کے اپنے ہی ملک میں تنقید کا سامنا ہے۔انتہا پسند جماعت بی جے پی نے ثانیہ مرزا کوپاکستان کی بہوقراردیتے ہوئے انہیں تلنگانہ کا برانڈ ایمبیسڈربنانے پرطوفان کھڑا کردیا۔

نام نہاد سیکولربھارت پاکستان کے خلاف دشمنی ظاہرکرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ دنیا بھرمیں اپنے کھیل کے ذریعے بھارت کا نام روشن کرنے والی ٹینس اسٹارثانیہ مرزاکومحض اس لئے تنقید سہنا پڑی کہ وہ پاکستان کی بہوہیں۔

بی جے پی کے لیڈرکے لکشمن نے مقامی حکومت کی جانب سے ثانیہ مرزا کو تلنگانہ کا برانڈایمبسیڈربنانے پرکڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں غیرمقامی قراردے دیا۔ثانیہ مرزا نے بی جے پی کو بھرپورجواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی ہیں اوربھارتی رہیں گی۔ان کا خاندان ایک صدی سے بھی زیادہ حیدرآباد میں آباد ہے۔غیراہم مسئلوں پرمیڈیااورعوام کا وقت ضائع کرنے پردکھ ہوتا ہے۔اپوزیشن جماعتوں اورسیاسی تجزیہ کاروں نے بی جے پی پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہا شادی ثانیہ کا ذاتی معاملہ ہے

سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کا عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس

0

اسلام آباد : سابق چیف جسٹس پاکستا ن افتخار محمد چودھری نے عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس بھجوا دیا،  سابق چیف جسٹس نے کھلم کھلا الزامات لگانے پربیس ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے اور معافی مانگے کا مطالبہ کیا۔

سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب عمران خان کو بھجوائے گئے ہتک عزت کا نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چئیرمین کے بیانات سے مجھے اور ملک کوناقابل تلافی نقصان پہنچا، عمران خان بیس ارب روپے ہرجانہ ادا کریں اور بیان واپس لے کرمعافی مانگیں۔

افتخارمحمد چوہدری وکلاء نے بتایا کہ یہ نوٹس عمران خان کو اُن بیانات پر دیا، جن میں اُنھوں نے انتخابات دو ہزار تیرہ میں سابق چیف جسٹس پردھاندلی میں ملوث ہونےکے الزامات لگائے۔ وکلا کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پہلے مرحلے میں ہرجانے کا نوٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد پیسے کمانا نہیں بلکہ رقم ملنے پر فلاحی کاموں میں خرچ کی جائےگی۔

افتخارچوہدری کے وکلا نے کہا کہ عمران خان نے معافی نہ مانگی تو چودہ روز بعد ہتک عزت کا دعوی دائرکر دیا جائے گا اور اُنھیں الزامات ثابت کرنا ہونگے۔

تھر :غذائی قلت کا شکار مزید2 نومولود بچے دم توڑ گئے

0

تھر: غذائی قلت کا شکار سول اسپتال میں زیر علاج دو بچوں نے آج دم توڑ دیا، پینتالیس دن میں جاں بحق بچوں کی تعداد ستاون ہوگئی۔

تھر میں قحط سالی نے جیسے یہاں سکونت اختیار کرلی ہے،  آئے روز کسی گھر سے خشک سالی سے متاثر بچے کی موت واقع ہوجاتی ہے، گاوں چیخوں اور بین سے گونج جاتا ہے لیکن اس گونج سے انتظامیہ اور حکومت کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی۔

مٹھی کے سول اسپتال میں مزید دو نومولود بچے غزائی قلت کے سبب دم توڑ گئے، پینتالیس دن میں جان بحق ہونے والوں کی تعداد ستاون تک پہنچ گئی، انتطامیہ نے تھر کے لیے بلند بانگ دعوے کیے لیکن ان دعووں کی تکمیل کے لیے تھر کے باسی اب بھی منتظر ہیں۔

ٹور ڈی فرانس سائیکلنگ: سترہواں مرحلہ پولینڈ کے رافیل مجکا کے نام

0

فرانس :ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا سترہواں مرحلہ پولینڈ کے رافیل مجکا نے جیت لیا، اٹلی کے ونسینزو نیبالی کو ریس لیڈر کی یلو جرسی حاصل ہے۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا سترہواں مرحلہ مختصر ہونے کے ساتھ سب سے دشوار تھا، ایک سو چوبیس اعشاریہ پانچ کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے کے لئے سائیکلسٹ کو مشکلات کا سامنا رہا۔

پولینڈ کے رافیل ماجکا نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ریس اپنے نام کی، پولش رائڈر نے مقررہ فاصلہ تین گھنٹے پینتیس منٹ اور تئیس سیکنڈز میں طے کیا۔ ریس لینڈ اٹلی کے ونسینزو نیبالی تیسرے نمبر پر رہے۔

ونسینزو نیبالی کو ریس لیڈر کی یلو جرسی حاصل ہے۔ وہ چھہتر گھنٹے اکتالیس منٹ اور اٹھائیس سیکنڈز کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے 22جولائی تک 87 ارب روپے مالیت کے نوٹ جاری کیے

0

کراچی : اسٹیٹ بینک نے 22جولائی تک 87 ارب روپے مالیت کے نوٹ جاری کیے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے ماہ رمضان المبارک میں عوام کو نئے کرنسی نوٹ کے اجرا کے سلسلے میں مزید سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے جمعرات 24 جولائی سے رمضان کے آخری یوم کار تک اپنے کاؤنٹرز سے عوام کو نئے نوٹ جاری کرنا شروع کریں گے۔

انتظامات کے تحت ہر فرد کو صرف کاؤنٹر پر اصل کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ یا اسمارٹ کارڈ دکھانے پر 10 روپے مالیت کے تین پیکٹ اور 20، 50 اور 100 روپے مالیت کے ایک ایک پیکٹ دیے جائیں گے۔

کمرشل بینکوں کی 150 مخصوص برانچوں سے 10 اور 20 روپے کے نوٹوں کا فی کس کوٹا بڑھا کر 2 پیکٹ اور 50 اور 100 روپے کا ایک ایک پیکٹ کردیا گیا ہے۔

گلاسکو: بیسویں کامن ویلتھ گیمز کا میلہ سج گیا

0

گلاسگو  : بیسویں کامن ویلتھ گیمز کا میلہ سج گیا ،ملکہ برطانیہ نے رنگارنگ تقریب میں دولت مشترکہ کھیلوں کا افتتاح کیا۔

گلاسگو میں رنگ و نور کی برسات ہوئی، بیسویں کامن ویلتھ گیمز کا رنگارنگ تقریب کیساتھ آغاز ہوا،طیاروں کے فضائی مظاہرے نے شائقین کے دل موہ لیے، سیلٹک پارک میں سجنے والی افتتاحی تقریب میں دوہزار افراد نے حصہ لیا، معروف پاپ سنگرز نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

شرکاء نے پاپ میوزک اور روایتی دھنوں کے ساتھ اسکاٹش کلچر سے بھی لطف اٹھایا، کامن ویلتھ گیمز کی پر رونق تقریب میں اکہتر ممالک کے چار ہزار پانچ سو ایتھلیٹ نے اپنے ملکوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مارچ پاسٹ کیا، پاکستانی ایتھلیٹس نے پریڈ میں قومی لباس میں شرکت کی، وہ آٹھ مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

ملکہ برطانیہ کے اعلان کے ساتھ گیمز کے باقاعدہ آغاز ہوا، کامن ویلتھ گیمز میڈلز کے حصول کے لیے جنگ کا آغاز آج سے ہوگا، جو تین اگست تک جاری رہے گا، گیمز کی اختتامی تقریب تین اگست کو ہیمڈن اسٹیڈیم میں ہوگی۔

کراچی:ایڈووکیٹ مبارک کاظمی کا قتل،وکلاء کاعدالتوں کا بائیکاٹ

0

کراچی: سٹی اور سندھ ہائیکورٹ میں مبارک رضا کاظمی ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف وکلا کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے

ایڈووکیٹ مبارک کاظمی کے قتل اور قاتلوں کی عدم گرفتاری پر وکلا آج احتجاجاً عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے عدالتی کارروائی معطل ہے۔ تاہم صرف اہم نوعیت کے مقدمات چیمبر میں سُنے جارہے ہیں۔وکلا کی ہڑتال کے باعث مقدمات کی سماعت کے لئے اگلی تاریخیں دےدی گئیں۔

جس سے پیشی پر آئے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ایڈووکیٹ مبارک رضاکو گزشتہ روز نامعلوم ملزمان نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا تھا۔ مقتول علامہ ۔طالب جوہری کے داماد تھے۔

کراچی:ایڈووکیٹ مبارک رضا کاظمی کی نماز جنازہ ادا، مقدمہ درج

0

کراچی :پولیس کے دعوووں کے باوجود کراچی میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ نہ رک سکی، گلشن اقبال میں معروف مذہبی اسکالر علامہ طالب جوہری کے داماد ایڈووکیٹ مبارک رضا کاظمی نمازجنازہ امام بارگاہ شہدائے کربلا میں ادا کی گئی، کراچی بار نے آج عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب علامہ طالب جوہری کے داماد کے قتل کا مقدمہ تھانہ عزیز بھٹی تھانہ میں درج کردیا گیا ہے، مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا ہے،مقدمہ انسداد دہشت گردی قتل اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گلشن اقبال تیرہ ڈی میں ایڈووکیٹ مبارک رضا کاظمی کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی،  جس کے نیتجے میں ایڈووکیٹ مبارک علی کاظمی جاں بحق ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ قریب موجود اہلکاروں نے حملہ آوروں پر فائرنگ کی لیکن وہ فرار ہوگئے۔

ایڈووکیٹ مبارک رضا کاظمی معروف مذہبی اسکالرعلامہ طالب جوہری کے داماد تھے،ان کی نمازجنازہ امام بارگاہ شہدائے کربلا میں ادا کی گئی،جس میں مذہبی و سیاسی شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی، کراچی میں فرقہ واریت ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں گذشتہ چند روز میں شدت آئی ہے جبکہ کراچی پولیس کے اعلیٰ حکام ٹارگٹ کلنگ میں کمی لانے کے دعوے کر رہے ہیں۔