اتوار, اکتوبر 6, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27018

اسٹاک ایکسچینج کے کئی بروکروں کو شوکاز نوٹس جاری

0

اسلام آباد: سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ( ایس ای سی پی ) نے انضباطی قوانین پورے نہ کرنے اور حسابات، اکاﺅنٹینٹ اور آڈٹ کے قواعد و ضوابط پورے نہ کرنے پر کراچی اور لاہور اسٹاک ایکسچینج کے کئی بروکروں کو شو کاز نوٹس جاری کئے اور جرمانے بھی عائد کئے گئے۔

ایس ای سی پی نے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے حصص کی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے فروخت کی بھی منظوری دی، ایس ای سی پی کے سیکورٹیز مارکیٹ ڈویژن نے پچھلے تین ماہ کے دوران اسٹاک بروکروں کی آن سائٹ انسپکشن اور آڈٹ کے نتیجے میں جرمانے کئے۔

مزید براں چھ لسٹڈ کمپنیوں کے ڈائریکٹرز کے خلاف کمپنیز آرڈیننس کے سکیشن 224 کے تحت سالانہ ریٹرن جمع کروانے میں تاخیر پر آرڈر جاری کئے گئے جبکہ 29 کمپنیوں کے ڈائریکٹرز کو انتباہ کے لیٹر جاری کئے گئے۔

ہیمبرگ ماسٹرز ٹینس: ارجنٹینا کے لیونارڈو مائر کامیاب

0

ہیمبرگ : ارجنٹینا کے لیونارڈو مائر نے اسپین کے ڈیوڈ دفیررر کو اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے ہیمبرگ ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔

ارجنٹینا کے کھلاڑی نے کیرئیر کا پہلا اے ٹی پی ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، حتمی معرکے میں میئر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹاپ سیڈ اسپین کے ڈیوڈ فیررر کو تین سیٹ کے مقابلے کے بعد زیر کیا۔

فیررر پہلا سیٹ جیتنے کے باوجود میچ میں کامیابی حاصل نہ کرسکے، ارجنٹائن کھلاڑی نے آخری دونوں سیٹس میں عمدہ کھیل پیش کیا اور فیررر کو کم بیک کا کوئی موقع نہیں دیا۔

فیصلہ کن سیٹ ٹائی بریک تک کیا جس میں میئر نے میدان مارلیا، ارجنٹینا کھلاڑی کی فتح کا اسکور چھ چار، چھ ایک اور سات چھ رہا۔

جرمنی کے نیکو روزبرگ نے ہوم سرکٹ پر میدان مارلیا

0

ہوکنہم : جرمنی کے نیکو روزبرگ نے ہوم سرکٹ پر میدان مارلیا، روزبرگ کو چیمپئین شپ ٹیبل پر مجموعی برتری حاصل ہے۔

ہوکنہم سرکٹ پر ریس کا آغاز جرمنی کے روز برگ نے پول پوزیشن سے کیا اور سیزن میں ایک اور ریس اپنے نام کرلی، روزبرگ انیس سو چون کے بعد جرمن سرکٹ پر ریس جیتنے والے پہلے جرمن رائڈر ہیں۔

اس کامیابی کی بدولت جرمن ڈرائیور چیمپئین شپ ٹیبل پر ایک سو نوے پوائنٹس کے ساتھ لیڈ کر رہے ہیں۔

روزبرگ نے ریس کے آغاز سے ہی برتری کو قائم رکھا اور مقررہ فاصلہ ایک گھنٹہ تینتیس منٹ بیالیس اعشاریہ نو ایک چار سیکنڈز میں طے کیا، روزبرگ کے ٹیم میٹ سابق چیمپئین برطانیہ کے لوئس ہملٹن تیسرے نمبر پر رہے۔

کامن ویلتھ گیمز کا آغاز کل سے گلاسگو میں ہورہا ہے

0

گلاسگو : کامن ویلتھ گیمز کا آغاز کل سے اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہورہا ہے، پاکستان آٹھ کھیلوں میں میڈلز کے لئے قسمت آزمائی کرے گا۔

کامن ویلتھ گیمز تئیس جولائی سے تین اگست تک گلاسگو میں جاری رہیں گے، پاکستان کا باسٹھ رکنی دستہ آٹھ کھیلوں میں حصہ لے گا، جن میں بیڈمنٹن، کشتی، نشانہ بازی، جمناسٹکس، باکسنگ، ویٹ لفٹنگ، ٹیبل ٹینس اور ایتھلیٹکس شامل ہیں۔

پہلی بار پاکستان کا قومی کھیل ہاکی کامن ویلتھ گیمز میں شامل نہیں ہے، پاکستان بارہویں مرتبہ دولت مشترکہ کھیلوں میں حصہ لے رہا ہے، اس سے قبل گیارہ ایونٹس میں پاکستان نے مجموعی طور پر چوبیس گولڈ میڈلز حاصل کیے ہیں، جن میں سے بیس طلائی تمغے کشتی میں ملے ہیں۔

پرتھ میں ہونے والے انیس سو چونسٹھ کے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی کارکردگی سب سے نمایاں رہی، ان مقابلوں میں قومی ایتھلیٹس نے آٹھ طلائی تمغے اپنے سینوں پر سجائے، دوہزار دس میں ہونے والے مقابلوں میں پاکستان نے دو گولڈ میڈل اپنے نام کئے، اس بار بھی پاکستان سے ریسلنگ میں میڈلز کی توقع کی جارہی ہے۔

ملائیشین طیارے کی تباہی میں روس کا ہاتھ ہے، امریکا

0

واشنگٹن : امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ یوکرین میں ملائیشین طیارے کی تباہی میں روس کے ملوث ہونے کے بہت سے شواہد ملے ہیں، روس باغیوں کے اقدامات کی ذمہ داری قبول کرے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ روس نے باغیوں کو طیارہ شکن نظام اور تربیت فراہم کی، روس نے ان اقدامات کی ذمہ داری قبول کرے، روس کے طیارے کی تباہی میں ملوث ہونے کے کافی شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باغیوں نے طیارے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں نکالنے میں شدید لاپرواہی کا مظاہرہ کیا، یوکرین میں تباہ ہونے والے ملائیشین طیارے میں عملے کے ارکان سمیت دوسوپچانوے افراد سوار تھے۔

اسلام آباد: رینٹل پاور کیس کی سماعت یکم ستمبر تک ملتوی

0

اسلام آباد: احتساب عدالت میں رینٹل پاور کیس کی سماعت یکم ستمبر تک ملتوی کردی گئی، کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی جانب سے اقبال قریشی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف حاضری سے استثنی کے باعث آج عدالت میں پیش نہیں ہوئے، کیس کی سماعت کے دوران رینٹل پاور نوڈیرو ٹو کے حوالے سے کابینہ کے فیصلے کی اصل سمری منگوائی جائے، جس پر نیب کے پراسکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ سمری منگوانے کیلئے مہلت دی جائے۔

نیب کی اس درخواست پر ملزمان کے وکیل کی جانب اعتراض بھی کیا گیا، تاہم عدالت نے مزید کابینہ کی سمری بحث کیلئے یکم ستمبر تک نیب کو مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت یکم ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

نجم سیٹھی کا پی سی بی کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان

0

لاہور :نجم سیٹھی نے پی سی بی کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیئرمین پی سی بی کیس میں نجم سیٹھی نے بیان دیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کےآئندہ آنے والے انتخابات میں حصہ نہیں لوں گا، کیس سماعت کرتے ہوئے جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ مرضی کا چیئرمین نہیں چاہتے لیکن تعیناتی میرٹ پر ہونی چاہیئے، معاملہ ادارے کی خود مختاری کا ہے ۔

جسٹس ثاقب نے ریمارکس میں کہا کہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ وزیراعظم نے اپنے اختیارات سے تجاوزتو نہیں کیا،عدالت نے استفسار کیا کہ چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی اور معطلی کے اقدام کیوں ہوئے۔

نجم سیٹھی کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے دلائل میں کہا کہ ذکا اشرف کی بحالی کے فیصلے کونجم سیٹھی نے تسلیم کیا، چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی پالیسی معاملہ ہے، عدالت مداخلت نہیں کرسکتی۔

چین:سمندری طوفان رماسن نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی

0

چین : فلپائن کے بعد چین میں سمندری طوفان رماسن نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، سمندری طوفان سے لاکھوں افراد بے گھر اور سو سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔

تیز آندھی کیساتھ سمندر میں اٹھنے والے راماسن طوفان نے فلپائن کے بعد جنوبی چین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، دوسو سولہ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والا طوفان چین کے ہینان جزیرے سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں پچاس سے زائد افراد ہلاک اور دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔

طوفان کے باعث ہونے والی تیز بارش نے شہر کے بجلی اور مواصلاتی نظام کو درہم برہم کر کے رکھ دیا جبکہ پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا، جس کے باعث سیکڑوں مسافروں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

غزہ:اسرائیلی بمباری 7بچوں سمیت نو افراد شہید

0

غزہ : اسرائیلی بمباری سے سات بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے نو افراد شہید ہوگئے، عمارت کے ملبے سے سولہ لاشیں نکال لی گئیں، چودہ دن میں پانچ سو تیرہ فلسطینیوں کےخون سے اسرائیل کی پیاس نہ بجھ سکی۔

اسرائیلی حملوں نے غزہ کے گلی کوچوں کو خاک و خون میں نہلا دیا، گذشتہ روز غزہ کے علاقے شجائیہ میں اسرائیلی بمباری نے قیامت برپا کردی، عورتوں اور بچوں سمیت سو سے زائد بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت کے باوجود عالمی ضمیرخاموش ہے، انسانی حقوق کے دعوے دارفلسطینیوں کا قتل عام بند کرانے کے لئے زبانی مذمت سے آگے نہ بڑھ سکے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے غزہ میں فلسطینیوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیل کا ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے، اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر نے اقوام متحدہ سے غزہ کے سلسلے میں ذمہ داری پوری کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اسرائیلی سفیرکا کہنا ہے کہ امن کی بحالی کے لئے حماس خود کو غیرمسلح کرے۔

امریکا کی جانب سے وزیر خارجہ جان کیری کو مصر روانہ کیا گیا ہے تاکہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے پیشرفت ممکن بنائی جاسکے، اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے افسوسناک بیان جاری کیا گیا، جس میں ان کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں اور خواتین کی ہلاکتوں پر افسوسں ہے تاہم قتل عام کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا اور اسرائیلی فوج اپنی کاروائیاں جاری رکھے۔

غزہ سے بڑے پیمانے پرنقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی حملوں کی شدت سے لاشوں اورزخمیوں کو اسپتال پہنچانے والی ایمبولینسز کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

ملک بھر میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، محکمہ موسمیات

0

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں موسم گرم رہے گا تاہم کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی نے موسم دلکش کردیا۔

کراچی میں ابر آلود موسم، ٹھنڈی ہوائیں اور ہلکی بوندا باندی نے موسم خوشگوار کردیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، کراچی اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران راولپنڈی، سرگودھا، مالاکنڈ، میر پورخاص، گوجرانولہ اور گلگت میں چند مقامات پر تیز ہواوں کیساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں میدانی علاقوں میں گرمی برقرار رہنے کی توقع ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں چوالیس ڈگری ریکارڈ کیا گیا، آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد اور لاہور میں چھتیس، کراچی میں پینتیس، کوئٹہ چھتیس، پشاور میں انتیس ڈگری اور حیدرآباد میں ستائیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔