اتوار, نومبر 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27050

وزیرِاعظم نااہلی کیس: درخواست گزارسے تمام نکات تحریری طور پرطلب

0

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وزیر اعظم نااہلی کیس میں درخواست گزار سے تمام نکات تحریری طور پرطلب کر لئے ہیں، جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا ہے کہ آئین سے رو گردانی نہیں کی جا سکتی، نظام بھی آئین کے تحت چلے گا۔

سپریم کورٹ میں وزیر اعظم نا اہلی کیس کی سماعت تین رکنی بینچ نے کی، جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس میں کہا کہ کچھ آئینی امور وضاحت طلب ہیں، اٹھارہویں ترمیم کے بعد آئین میں تبدیلیوں کے اطلاق کا جائزہ لینا ہوگا۔

جسٹس دوست محمد نے کہا کہ صادق اور امین کی تعریف آئین میں کہیں نہیں کی گئی، درخواست گزار وکیل گوہر نواز سندھو نے دلائل میں کہا معیار پر پورے نہ اترنے والے بہت سےلوگ پارلیمنٹ میں پہنچ چکے ہیں ۔

جس پرجسٹس جواد نے کہا کہ تمام نکات تحریری طور پرجمع کرائیں تاکہ فریقین کو نوٹس جاری کیا جا سکے۔

گذشتہ روز سماعت میں سپریم کورٹ نے وزیراعظم نااہلی کیس میں وزیرِاعظم کی اسمبلی تقریر کا متن طلب کرلیا تھا۔

سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے تھے کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہر جگہ جھوٹ بولا جارہا ہے، عوام سے وعدے ہوتے لیکن کوئی عمل درآمد نہیں ہوتا، صادق اور امین نہ ہونے کے لیے یہی ثبوت کافی ہے، آپ ایک کا شکار کرنے آئے ہیں، جس میں ہزاروں پھنس سکتے ہے۔

درخواست گزار کے وکیل گوہر نواز نے دلائل میں کہا تھا کہ وزیراعظم نے اسمبلی فلور پر جو بیان دیا وہ حقائق کے منافی تھا، جس پر جسٹس جواد نے کہا کہ وزیرِاعظم صادق اور امین ہیں یا نہیں یہ آپ کو ثابت کرنا ہوگا، آپ کا بیان حلفی قانونی تقاضے پورے نہیں کرتا۔

جسٹس جواد نے کہا کہ وزیرِاعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں کوئی تیسرا نہیں تھا، کیسے پتہ چلے گا کہ کیا بات ہوئی، یا تو آرمی چیف کسی کونامزد کریں کہ وہ آکر بیان دے۔

انھوں نے کہا کہ فیصلےکے لئے ٹھوس ثبوت درکار ہوں گے اور حقائق جاننا صرف ہماری خواہش نہیں عوام کا بھی حق ہے۔

آل راؤنڈ محمد حفیظ مکمل فٹ ہوگئے ہیں، پی سی بی

0

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل کمیٹی نے آل راؤنڈر حفیظ کو مکمل فٹ قرار دے دیا ہے۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ گزشتہ تین روز سے پی سی بی اسپورٹس میڈیسن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر سہیل کی نگرانی میں بیٹنگ فیلڈنگ اور بولنگ کی ٹریننگ کررہے تھے۔

میڈیکل کمیٹی نے حفیظ کو آسٹریلیا کیخلاف یو اے ای میں ٹیسٹ سیریز کیلئے مکمل فٹ قرار دے دیا ہے۔

محمد حفیظ یو اے ای سیریز کے آغاز سے پہلے ٹریننگ سیشن کے دوران انجری کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز سے آؤٹ ہوگئے تھے۔

ٹیسٹ اسکواڈ کیلئے اعلان کردہ ممکنہ انیس کھلاڑیوں میں محمد حفیظ کا نام بھی شامل ہے۔

سعید اجمل نے نئے ایکشن کے ساتھ بولنگ کروانا شروع کردی

0

لاہور: پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل نے نئے ایکشن کے ساتھ بولنگ کروانا شروع کردی ہے۔

بولنگ ایکشن درست کرنے کے لئے سعید اجمل نے قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس شروع کر دی ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے لئے ٹیم میں واپسی کے بعد محمد حفیظ بھی قذافی سٹیڈیم پہنچ گئے، حفیظ نے سعید اجمل کے ساتھ بیٹنگ سیشن میں حصہ لیا۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم، ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد نے سعید اجمل کی بولنگ اور محمد حفیظ کی بیٹنگ کا جائزہ لیا۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق پی سی بی کا ڈاکٹرز پینل محمد حفیظ کی فٹنس کا آج جائزہ لے کر اپنی رپورٹ مرتب کرے گا جبکہ سعید اجمل کو بائیو مکینک ٹیسٹ کے لئے نومبر کے پہلے ہفتے میں انہیں انگلینڈ بھیجا جائے گا۔

اوگرا کا30 سی این جی اسٹیشن لائسنس کے اجراء کا فیصلہ

0

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی نے تیس نئے سی این جی اسٹیشن لائسنسن کے اجراء کا فیصلہ کیا ہے۔

موسم گرما میں بجلی بحران اور سرما میں گیس کی قلت شدت اختیار کرنے کے باعث حکومت سب سے پہلے سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی بند کر دیتی ہے، اس صورت حال کے باوجود اوگرا نے ایک دو نہیں تیس نئے سی این جی اسٹیشنز کو لائسنس کے اجراء کا فیصلہ کیا ہے ۔

سی این جی اسیٹیشنز کے نئے لائسنس کے اجراء پر سال دو ہزار آٹھ سے پابندی عائد کی گئی تھی ۔

تیس درخواست گزاروں کو جنہوں نے تمام قانونی شرائط پوری کیں تھیں، ان کو لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت پیٹرولیم زرائع کے مطابق گزشتہ سال سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی تین ماہ کیلئے بند رہی تھی، موسمی تبدیلیوں کے باعث اس سال سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی پانچ ماہ تک بند ہوسکتی ہے ۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 4سال کی کم ترین سطح پر

0

اسلام آباد: خام تیل کی قیمت میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت چار سال کی کم ترین سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

خام تیل کی عالمی قیمتوں میں طلب میں کمی اور وافر سپلائی کی وجہ سے قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، یورپی برانڈ برینٹ نارتھ سی کروڈ چار سال کی نئی کم ترین سطح تیراسی ڈالر پینتیس سینٹس اور امریکی آئل ڈبلیو ٹی او دو سال سے زائد کی کم ترین سطح اسی ڈالر پچھتر سینٹس فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے ۔

بین الاقوامی توانائی ایجنسی کی جانب سے خام تیل کی عالمی طلب میں کٹوتی کے اعلان کے بعد قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی تھی ۔

ملتان این اے 149ضمنی انتخاب، دھاندلی کا راج برقرار

0

ملتان : این اے 149 ضمنی انتخاب میں بھی بے ضابطگیوں نے الیکشن کمیشن کے اقدامات کے پول کھول دیئے ہیں، پولنگ بوتھ میں انتظامیہ کی موجودگی میں خاتون ووٹر نے اپنے سامنے ٹھپے لگوائے۔

دھاندلی کا راج ضمنی انتخاب میں بھی برقرار ہے، ملتان میں این اے ایک سو اننچاس میں ہونے والے ضمنی انتخاب کا دنگل سجا تو ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیرنے میں خواتین نے مردوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، متعلقہ خاتون نے ووٹ پوری ہدایات سے ڈالوائے۔

اے آر وائی نیوز کے رپورٹر نے متعلقہ خاتون سے سوال کیا تو وہ صاف صاف مکر گئیں، کیمرے کی آنکھ نے دنیا کو سب دکھایا لیکن وہاں موجود خاتون پرزائیڈنگ آفیسر سے پوچھا گیا تو ماننے کوتیار نہ ہوئیں۔

پہلی بے ضابطگی کی خبر اے آر وائی نیوز نے بریک کی تو سوئی ہوئی انتظامیہ بھی جاگ اٹھی، اس معاملے میں کون ملوث تھا؟ وہ خاتون کس کی ورکر تھی ؟ اے آر وائی نیوز کا کام نشاندہی کرنا ہے باقی الیکشن کمیشن ذمہ دار ہے۔

پرویزرشید نے نادرا کی شفافیت مشکوک قراردے دی

0

اسلام آباد : قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشید نے نادرا کی شفافیت مشکوک قرار دے دی ہے، پرویز رشید نے کہا کہ نادرا نے سیاسی نظام کو نقصان پہنچایا ہے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شواہد کے باوجود ملزمان کیوں رہا کیے گئے۔

اطلاعات و نشریات کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پرویز رشید پھٹ پڑے، انکا کہنا تھا کہ نادرا کا نظام مکمل طور پر شفاف نہیں، نادرا نے چھوٹے دعوے کیے اور سیاسی نظام کو نقصان پہنچایا ۔

قائمہ کمیٹی کو بریفنگ میں آئی جی طاہر عالم نے کہا کہ ہائی کورٹ نے دھرنے کے ملزمان کو رہا کروایا، گرفتار افراد نے تسلیم کیا کہ قیادت کے کہنے پر پی ٹی وی پر حملہ کیا گیا۔عدالت ریکارڈ منگوائے بغیر مقدمات خارج کروائے گئے۔

جس پر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ملزمان کو سزائے دینے کے لیے کبھی رات کو عدالتیں نہیں لگتی، شواہد کے باوجود ملزمان کیوں رہا کیے گئے۔

سانحہ ملتان اتفاقیہ حادثہ تھا، تحقیقاتی رپورٹ

0

لاہور: سانحہ ملتان کی تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پنجاب حکومت کو موصول ہوگئی ہیں، تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق یہ ایک اتفاقیہ حادثہ تھا ،جس میں تخریب کاری کا عنصر شامل نہیں۔

سانحہ ملتان کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اے ایس آئی محمد انور نے اسٹیج پر موجود شاہ محمود قریشی کو بھگدڑ کے واقعہ کی خود اطلاع دی، انہوں نے اس خبر سےاعجاز چوہدری اور عمران خان کو بھی آگاہ کیا۔

 رپورٹ کے مطابق عمران خان نے تقریر روک کر لوگوں کو مذکورہ گیٹ سے واپس آنے کی ہدایت کی،جس گیٹ پر یہ واقعہ پیش آیا وہ کھلا تھا اورلائٹ کا بھی انتظام تھا۔

ویڈیو رپورٹ کے مطابق امدادی کارروائیوں کیلئے مذکورہ گیٹ کو بند کر دیا گیا اور زخمیوں کو موقع پر ہی فوری طبی امدادفراہم کی گئی، پولیس اور ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو موقع پر موجود تھی، بھگدڑ پر قابو پانے اور لوگوں کو پیچھے دھکیلنے کے لئے واٹر کینن سے پانی کا سپرے کیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق تحریکِ انصاف کی انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ سے طے پانے والے معاہدے کی شقوں پر مکمل عملدر آمد نہیں کیا، جلسہ گاہ کا مقام بڑے ہجوم کے لئے نامناسب تھا۔

ابیولا وائرس کی علامات

0

دنیا بھرمیں خوف ودہشت پھیلانے والا ابیولا وائرس جان لیوا ثابت ہوتا ہے, ابیولا سے بچاؤ کی اب تک کوئی ویکیسین تیارنہیں کی جا سکی ہے۔

عالمی طبی ماہرین کے مطابق ایبولا وائرس کی علامات میں مریض کا غنودگی میں چلنے جانا، بخار، گلے میں اور سرمیں درد، ڈائریا، ناک اور کان سے خون بہنا، ، معدے اورسینے میں درد، کھانسی اوروزن کا تیزی سے گرنا شامل ہیں۔

احتیاط اختیارکرکے ابیولا سے بچا جا سکتا ہے۔

ابیولا وائرس سے بچاؤ کی ویکیسن کی تیاری کا عمل جاری ہے، تاہم ویکسین تیارہونے میں ایک سال کا عرصہ لگنے کا امکان ہے۔

جیٹ طیاروں کی وادی تیراہ پر بمباری،21دہشتگرد ہلاک،5ٹھکانے تباہ

0

خیبر ایجنسی: تحصیل وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے اکیس شدت پسند ہلاک اور پانچ ٹھکانے تباہ ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ضربِ وضب جاری ہے، تازہ کارروائی میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے خیبر ایجنسی کی تحصیل وادی تیراہ میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں اکیس دہشتگرد ہلاک اور پانچ ٹھکانے تباہ ہوگئے۔

شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، کئی علاقے دہشتگردوں سے خالی کرالئے گئے ہیں، گھیرا تنگ ہونے پر دہشتگرد فرار کا راستہ تلاش کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں 15 جون کو آپریشن ضربِ عضب کا آغاز کیا گیا تھا، جس میں ہزاروں دہشت گرد ہلاک اور متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ہیں۔