اتوار, نومبر 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27057

وزیرِاعظم نااہلی کیس، وزیرِاعظم کی اسمبلی تقریر کا متن طلب

0

اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف کی نااہلی کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے وزیر اعظم نااہلی کیس میں وزیر اعظم کی اسمبلی تقریر کا متن طلب کرلیا، جسٹس دوست محمد نے درخواست گزاروں کے وکلاء سے کہا کہ آپ ایک کا شکار کرنے آئے ہیں لیکن ہزاروں پھنس سکتے ہیں۔

وزیراعظم نااہلی کیس میں سپریم کورٹ نے ریمارکس  دیئے کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہر جگہ جھوٹ بولا جارہا ہے، عوام سے وعدے ہوتے لیکن کوئی عمل درآمد نہیں ہوتا، صادق اور امین نہ ہونے کے لیے یہی ثبوت کافی ہے، آپ ایک کا شکار کرنے آئے ہیں، جس میں ہزاروں پھنس سکتے ہے۔

سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار کے وکیل گوہر نواز نے دلائل میں کہا کہ وزیراعظم نے اسمبلی فلور پر جو بیان دیا وہ حقائق کے منافی تھا، جس پر جسٹس جواد نے کہا کہ وزیرِاعظم صادق اور امین ہیں یا نہیں یہ آپ کو ثابت کرنا ہوگا، آپ کا بیان حلفی قانونی تقاضے پورے نہیں کرتا۔

جسٹس جواد نے کہا کہ وزیرِاعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں کوئی تیسرا نہیں تھا، کیسے پتہ چلے گا کہ کیا بات ہوئی، یا تو آرمی چیف کسی کونامزد کریں کہ وہ آکر بیان دے۔

انھوں نے کہا کہ فیصلےکےلئے ٹھوس ثبوت درکار ہوں گے اور حقائق جاننا صرف ہماری خواہش نہیں عوام کا بھی حق ہے،بعد میں عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

 

گوشوارے جمع نہ کرانیوالے 253ارکان کی رکنیت معطلی کا فیصلہ

0

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے دو سو تریپن ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اراکین کو آج کام سے روک دیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکرز کو خطوط بھجوائے جارہے ہیں، گوشوارے جمع کرانے تک اراکین کی رکنیت معطل رہے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک نو سو اٹھارہ اراکین گوشوارے جمع کراسکے ہیں، جن میں سینیٹ کے ایک سو ایک اور قومی اسمبلی کے دو سو بیاسی ارکان شامل ہیں۔

پنجاب کے دو سو چھپن، سندھ کےایک سو پینتیس،خیبر پختون خوا کے اٹھاسی اور بلوچستان کےچھپن ارکان نے گوشوارے جمع کروائے۔

امریکہ کے ساتھ تعلقات مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں،جلیل عباس جیلانی

0

واشنگٹن:امریکا میں پاکستانی سفیرجلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں، انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر خلاف ورزیوں سے بھارت سے تعلقات کشیدہ ہوئے۔

پاک امریکہ فورم سے خطاب میں جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، جس کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوری اقتدار کی منتقلی کے بعد پاک امریکہ تعلقات مستحکم ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ فاٹا میں دہشتگروں کےخلاف آپریشن خطے کے حالات کوبہتر کریگا۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن وامان کی فضا قائم رکھنا چاہتا ہے تاہم بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر حالیہ خلاف ورزیوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوئے ہیں۔

ہانگ کانگ:پولیس اورمظاہرین میں جھڑپیں، 45مظاہرین گرفتار

0

ہانگ کانگ: جمہوری اصلاحات کے حق میں احتجاج کرنے والے مظاہرین اور پولیس میں جھڑپوں کے بعد پولیس نے پینتالیس مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے ہانگ کانگ کے مرکزی علاقے میں دھرنا دئیے مظاہرین کی لگائی ہوئی رکاوٹٰیں ہٹانے اورٹریفک کی بحالی کا کام جاری ہے۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے آںسوگیس اورکالی مرچوں کا اسپرے استعمال کیا، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کے بعد پولیس نے پینتالیس مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ جمہوری اصلاحات نافذ کرکے آئندہ انتخابات کو شفاف طریقے سے منعقد کیا جائے۔

کراچی: جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیاں جاری

0

کراچی: ایک بار پھر جرائم پیشہ افراد سر اٹھانے لگے، صبح ہوتے ہی دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا۔

پولیس اور رینجرز کے دعووں کے باوجود شہر قائد نے آنکھ کھولی تو صبح ہوتے ہی جرائم کی واردات نے شہریوں سے بہت کچھ چھین لیا، کورنگی انڈسٹریل ایریا ندی کے اطراف میں آج صبح پولیس نے چھاپہ مارا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں دو اغوا کار ہلاک ہوگئے جبکہ مغوی دو سالہ بچی کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے۔

ملزمان نے گزشتہ روز کورنگی صنعتی ایریا سے دو سالہ بچی کو اغوا کیا اور پانچ لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا ۔

ادھر اورنگی ٹاؤن مومن آباد بلاک سی کی مارکیٹ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے تیس سالہ محمد سرورہلاک ہوگیا، لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں فائرنگ سے پچاس سالہ حاجی علی مراد جاں بحق ہوگیا ۔

سرجانی میں کریکر پھٹنے سے بچہ زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق بچے کوبال کریکر کچرے کے ڈھیر سے ملا، لیاری میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، لانڈھی چھ نمبرمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

کراچی:3 روزہ خصوصی پولیو مہم کا آغاز 20اکتوبر سے ہوگا

0

کراچی: تین روزہ خصوصی پولیو مہم بیس اکتوبر سے شروع کی جائے گی، متعلقہ حکام کے مطابق رضاکاروں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

کراچی میں تین روزہ خصوصی پولیو مہم 20اکتوبر سے شروع ہورہی ہے، پروجیکٹ ڈایریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مظہر خمیسانی کے مطابق ہائی رسک یونین کونسلوں میں پولیو ویکسین فراہم کی جائے گی جبکہ مہم میں شریک کارکنان کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ ملیر کے بعض علاقوں سے خراب پولیو ویکیسن پلانے کی شکایات موصول ہوئی تھیں ، شکایات کا جائزہ لینے کے بعد فراہم کردہ ویکیسن معیار کے مطابق ہے۔

ڈاکٹر مظہر خمیسانی کا کہنا ہے کہ پولیو رضاکاروں کو پولیو والے دن ویکیسن فراہم کی جاتی ہے جبکہ دن کے اختتام پر ویکسن واپس جمع کرائی جاتی ہے۔

افغانستان میں پاک بھارت پراکسی وارکا خطرہ ہے، بروس رینڈل

0

واشنگٹن :امریکی تھنک ٹینک کے ڈائریکٹرانٹیلیجنس پراجیکٹ بروس رینڈل کا کہنا ہے کہ آئندہ چند مہینوں کے دوران افغانستان میں پاکستان اوربھارت کے درمیان پراکسی وار کا خدشہ ہے۔

بروکنگس انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹرانٹیلیجنس پروجیکٹ بروس ریڈل نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں افغانستان کی سرزمین پرپاکستان اوربھارت میں پراکسی وار ہوسکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکا دنیا بھرسے القاعدہ کوختم کرنے میں ناکام ہوگیا ہے، امریکا کو افغانستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مکمل نظام قائم کرنے کے بعد فوجوں کوواپس بلانا چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کوبہت سے مسائل کا سامنا ہے، اشرف غنی نے رشید دوستم کو کابینہ میں شامل کرکے انسانی حقوق کے بارے میں سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے۔

خیبرایجنسی: خودکش حملہ ،5افراد جاں بحق، 7زخمی

0

خیبر ایجنسی : وادی میں تیرہ میں خودکش حملے میں پانچ افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔

        ذرائع کے مطابق نامعلوم خودکش حملہ آور نے وادی تیرہ میں پیر میلا کے مقام پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، حملے میں پانچ افراد جان سے گئے جبکہ سات افراد شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے نہ رک سکے، وانا ورسک کے مقام پر سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر دو ریموٹ کنٹرول بم حملوں میں زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بھارتی جارحیت جاری، پونچھ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ

0

پونچھ: بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، بھارتی فوج کی ایک بار پھر پونچھ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ سے مکین خوفزدہ ہوگئے۔

بین الاقوامی ردِعمل کے باوجود بھارتی جارحیت تھمنے کا نام نہیں لے رہی، بارہ روز گزرنے کے بعد بھی بھارتی توپوں کے منہ بند نہ ہوسکے، پونچھ سیکٹرمیں نیزا پیر کے مقام پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ فائرنگ کی وجہ سے علاقہ میں خوف وہراس کی فضا پھیل گئی ہے اورعلاقہ مکین گھروں میں محصورہوکررہ گئے ہیں۔

دواکتوبر سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی جارحیت سے کئی مکانات تباہ اور درجنو ں مویشی مارے گئے ہیں، متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی بڑی تعداد نے نقل مکانی بھی کرلی ہے۔

اس سے قبل کوٹلی کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں چار بچے زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر ترجمان کے مطابق نکیال سیکٹر کے گاؤں کنتھی گالا پر بھارتی فوج کی جانب سے فائر کئے گئے مارٹر شیل کے گولے گرنے سے چار بچے زخمی ہوگئے جنہیں علاج کیلئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں فیصل منیر، مہوش، یاسر منیر اور سمیر شامل ہیں، جنہیں گردن پر زخم آئے ہیں ۔

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے بھارتی شیلنگ کا بھرپور جواب دیا گیا ہے

اسلام آباد: 8 مقامات سے کنٹینرز ہٹ گئے

0

اسلام آباد:  دھرنوں کے قریب آٹھ مقامات سے کنٹینرز ہٹائے جانے کے بعد شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

دو ماہ قبل اسلام آباد میں تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں کا آغاز ہوا تو انتظامیہ نے مختلف مقامات پر کنٹینرز رکھ کر شہر کو قید کردیا تھا، جس سے عام شہریوں اور سرکاری ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے وزارتِ داخلہ کے حکم پر شہر کی مختلف سڑکوں پر لگائے گئے کنٹینرز ہٹا دیئے ہیں، پی ٹی وی روڈ، سیکٹریٹ چوک، فرانس گیٹ، کنونشن سینٹر،اور ایوب چوک ٹریفک کے لئے کھول دیے گئے تو شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

۔تاہم شاہراہ دستور کے قریب کنٹینرز ابھی تک نہیں ہٹائے گئے ہیں