پیر, اکتوبر 7, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27058

شمالی وزیرستان:وادی شوال میں کارروائی، 35شدت پسند ہلاک

0

شمالی وزیرستان:  وادی شوال میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں  35 شدت پسند مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے ایک ترجمان کے مطابق ٹھوس اطلاعات ملنے پر پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے آج علی الصبح شمالی وزیرستان کی شوال وادی میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے دوران اطلاعات کے مطابق  پینتیس شدت پسند مارے گئے جبکہ ان کے ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے، جس میں موجود گولہ اور بارود تباہ کردیا گیا۔

سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں 15جون سے شروع ہونے والا آپریشن ضرب عصب کامیابی سے جاری ہے  اور سکیورٹی فورسز میرانشاہ اور میر علی سمیت شدت پسندوں کے اہم ٹھکانوں پر زمینی اور فضائی کارروائیاں کر رہی ہیں۔

زرعی قرضوں کے اجراء کا 90.8 فیصد ہدف حاصل

0

اسلام آباد: مائیکرو فنانس بینکوں نے رواں مالی سال 2013-14ء کے لئے زرعی قرضوں کے اجراء کا 90.8 فیصد ہدف حاصل کر لیا ہے اور اب تک زرعی شعبہ کو 19 ارب 60 کروڑ روپے کے زرعی قرضہ جات جاری کئے گئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران مائیکرو فنانس بینکوں کو 21 ارب 60 کروڑ روپے کے زرعی قرضے جاری کرنے کا ہدف دیا گیا تھا اور اب تک بینکوں نے اپنے ہدف کے 90 فیصد سے زائد قرضے جاری کئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تعمیر مائیکرو فنانس بینک ، یو مائیکر فنانس بینک، پاک اومان مائیکرو فنانس بینک اور خوشحالی بینک پہلے ہی اپنے اہداف حاصل کر چکے ہیں جبکہ این آر ایس پی ، وسیلہ اور فرسٹ مائیکرو فنانس بینکوں نے بالترتیب اپنے اہداف کے 80.5 فیصد، 71.6 فیصد اور 69.3 فیصد کے مساوی زرعی قرضے جاری کئے ہیں۔

کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں 7.49 فیصد کا اضافہ

0

اسلام آباد:  مالی سال 2013-14ء کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں 7.49 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی طرف سے جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2013ء سے مئی 2014ء تک مجموعی طور پر 32 کروڑ 46 لاکھ 97 ہزار ڈالر مالیت کا کھیلوں کا سامان برآمد کیا گیا جبکہ اس سے پچھلے مالی سال کے اسی عرصہ میں 30 کروڑ 20 لاکھ 82 ہزار روپے کا کھیلوں کا سامان برآمد کیا گیا تھا۔

گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران صرف فٹ بال کی برآمدات میں 36.12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مجموعی طور پر 17 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے فٹ بال برآمد کئے گئے۔

پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات6اگست کو دبئی میں ہونگے

0

دبئی : پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے کے درمیان چوتھے جائزے کےلئے مذاکرات کاآغاز چھ اگست سے دبئی میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق تکنیکی مذاکرات میں وزارت خزانہ، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کے نمائندگان کے ساتھ  وزارت پانی و بجلی حکام بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کو گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی کا ڈیٹا فراہم کرنا ہے، جس کے لیے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ ہفتے تک تمام متعلقہ ڈیٹا اور ریکارڈ وزارت خزانہ کے ایکسٹرنل فنانس ونگ کو پہنچا دیں۔

انگلینڈ بمقابلہ بھارت،سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کل سے لارڈز میں ہوگا

0

انگلینڈ:  انگلینڈ اور بھارت کے درمیان دو میچز کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کل سے لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا، اب دونوں ٹیمیں لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں مد مقابل ہوں گی، ٹرینٹ برج کی پچ کے بعد انگلینڈ کو سب سے زیادہ تشویش لارڈز کی پچ کو لے کر ہے، بگ تھری کے دو کرتا دھرتا ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹھن گئی ہے، جس سے دوسرے ٹیسٹ میں شائقین کو دلچسپ کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

پہلے ٹیسٹ میں بھارت کے رویندر جڈیجا اور انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے بعد لارڈز میں ضرور ٹینشن ہو گی، انگلینڈ کے لئے ایلسٹر کک کی فارم تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، انگلش ٹیم آخری نو ٹیسٹ میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکی، جو بیس سال میں ان کی سب سے خراب پرفارمنس ہے، دونوں ٹیموں کے کپتان سیریز میں برتری حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

جرمن فٹبال ٹیم کی برلن آمد پر شاندار استقبال

0

برلن : برازیل میں چیمپئین بننے کے بعد جرمن فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، برلن آمد پر جرمن ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

دنیائے فٹبال پر آئندہ چار سال کے لئے حکمرانی کرنے والی جرمن ٹیم کا ریو ڈی جنیرو سے برلن آمد کے موقع پر والہانہ استقبال کیا گیا، سینکٹروں کی تعداد میں مداح ٹیم کے استقبال کے لئے ایئرپورٹ پر موجود تھے، ہاتھوں میں جرمنی کے جھنڈے اٹھائے مداح ٹیم کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے۔

کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے لوگ دیوانوے ہورہے تھے، پورا شہر چیمپئینز کو خوش آمدید کہنے کے لئے سڑکوں پر نکلا ہوا تھا، کھلاڑیوں نے ایئرپورٹ سے نکلنے کے بعد کھلی چھت والی ڈبل ڈیکر بس پر سوار ہوکر شہر کا چکر لگایا اور وکٹری کا نشان بنا کر پرستاروں کا شکریہ ادا کیا۔

جرمنی نے فائنل میں ارجنٹینا کو ایک صفر سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

دورہ سری لنکا کیلئے 10رکنی قومی کرکٹ ٹیم انتظامیہ کا اعلان

0

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ سری لنکا کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کی دس رکنی ٹیم انتظامیہ کا اعلان کر دیا ہے۔

اعلان کردہ ٹیم انتظامیہ میں معین خان مینیجر، وقار یونس ہیڈ کوچ، مشتاق احمد سپن بائولنگ کوچ، گرانٹ فلاور بیٹنگ کوچ، گرانٹ لوڈن فیلڈ کوچ اور ٹرینر، میجر اظہر عارف سیکیورٹی مینیجر، محمد طلحہ بٹ اینالسٹ، عثمان غنی فزیو تھراپسٹ، شاہد اسلم اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ اور محمد عمران مساجر شامل ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم چھ سے تیس اگست تک سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلے گی۔

کوئٹہ ایئر پورٹ پی آئی اے کا طیارہ لیزر لائٹ کے نشانہ پر

0

کوئٹہ:ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پی آئی اے کے طیارے پر لیزر لائٹ سے نشانہ لیا گیا، پرواز مشہد سے کوئٹہ آرہی تھی ۔

مشہد سے کوئٹہ آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 254 جب کوئٹہ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کر رہی تھی، اسوقت پائلٹ نے لیزر لائٹ لگنے کی رپورٹ کی، پائلٹ کی کنٹرول روم میں رپورٹ پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ائیرپورٹ اور اطراف کے علاقے کا سرچ آپریشن کیا۔

علاقہ کلئیر قرار دیئے جانے کے بعد مسافر طیارے کو لاہور روانگی کی اجازت دیدی گئی، حال ہی میں پشاور ایئرپورٹ پر بھی پی آئی اے کے طیاروں پر لیزر لائٹیں سے نشانہ لیا گیا تھا ، اس کے بعد طیارے پر فائرنگ بھی کی گئی تھی۔

روس:میٹرو ٹرین حادثہ، 20 افراد ہلاک،125 سے زائد زخمی

0

ماسکو : روس کے دارالحکومت ماسکو میں میٹرو ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹری سے اترنے سے بیس افراد ہلاک اور ایک سو پچیس سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق حادثہ ماسکو کے مغرب میں پیش آیا، امدادی اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

روس کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں پچاس افراد کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

عدنان رشید زخمی حالت میں گرفتار،طالبان کی تصدیق

0

 وزیرستان: کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے سابق صدر پرویزمشرف پر حملے کے مرکزی ملزم عدنان رشید کی گرفتاری کی تصدیق کردی، عدنان رشید بنوں جیل سےفرار ہوا تھا۔

مشرف حملہ کیس کے مرکزی ملزم عدنان رشید کو جنوبی وزیرستان کے علاقےشکئی سے زخمی حالت میں پکڑا گیا، ذرائع کے مطابق آپریشن ضرب عضب شروع ہونے پرعدنان رشید شمالی وزیر ستان سے فرارہوگیا تھا، کالعدم طالبان پاکستان نے اپنے کمانڈرکی گرفتاری کی تصدیق کردی۔

عدنان رشید کو دو ہزار پانچ میں فوجی عدالت نے پرویز مشرف پر حملے کا جرم ثابت ہونے پرموت کی سزا سنائی تھی لیکن سزا پرعمل ہونے سے پہلے ہی دو ہزار بارہ میں طالبان نے بنوں جیل پر حملہ کرکے اُسے ساتھیوں سمیت چھڑوا لیا تھا، صوابی سے تعلق رکھنے والاعدنان رشید ایئرفورس کا سابق ملازم ہے۔

جسےمشکوک سرگرمیوں پر نوکری سے نکال دیا گیا تھا، بعد میں عدنان رشید کالعدم تحریک طالبان کا حصہ بن گیا،عدنان رشید کو دوہزار تیرہ میں ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی کہا جاتا ہے، اس حملےمیں پونے دو سو قیدی بھاگ نکلے تھے۔