پیر, جولائی 1, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27079

ہیملٹن ٹیسٹ : ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں367 رنزبناکر آؤٹ

0

ہیملٹن ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں تین سو سرسٹھ رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ نے تین وکٹوں پر ایک سو چھپن رنز بنالئے۔

ہیملٹن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز نے پہلی نامکمل اننگز دو سو نواسی رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی اور اٹھتر رنز کے اضافے کے بعد پوری ٹیم تین سو سرسٹھ رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔

چندرپال نے ایک سو بائیس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ٹم ساؤتھے نے چار اور اینڈرسن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے کھیل کے اختتام تک تین وکٹوں پر ایک سو چھپن رنز بنالئے ہیں۔

پشاور:مکان کے باہر نصب بارودی مواد زوردار دھماکہ

0

پشاور کے علاقے اعجاز آباد میں مکان کے باہر نصب بارودی مواد زوردار دھماکہ سے کئی عمارتوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد مکان کے باہر بارودی مواد رکھ کر فرار ہوگئے تھے، جس کے بعد بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے کی وجہ سے مکان اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔

پولیس کے مطابق بارودی مواد ایک سے ڈیڑھ کلو تھا، پولیس نے تھانہ گلبہار میں نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

کراچی:پنوراما سینٹرصدر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

0

کراچی کے علاقے صدر میں واقع پنوراما سینٹر میں آگ لگ گئی، جس پر فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے کی جدو جہد کے بعدقابو پالیا۔

صدر میں واقع پنوراما سینٹر کی چوتھی منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ بجھانے کیلئے فوری طور پرفائر برگیڈ کو طلب کیا گیا، فائر بریگیڈ حکام نے پہلے فائر ٹینڈر سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم پانی کے پائپ خراب ہونے کی وجہ اسنارکل کو طلب کیا گیا۔

آگ کی شدت دیکھتے ہوئے عمارت کو فوری طور پر خالی کرالیا گیا، فائر آفیسر امتیاز کے مطابق پانچ فائر ٹینڈر اور ایک اسنارکل نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ لگتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آگ سے کوئی زخمی نہیں ہوا ہے، آگ سے دکانوں اور دفاتر کو نقصان پہنچا۔

پی کے81سوات،22پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کاحکم

0

الیکشن ٹریبونل نے حلقہ پی کے اکیاسی سوات کے بائیس پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔

عام انتخابات میں حلقہ پی کے اکیاسی سے تحریک انصاف کے عزیزاللہ کو کامیاب قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد مخالف امیدوار جے یو آئی کے حبیب اللہ نے حلقے میں دھاندلی کا الزام عائد کیا تھا۔

الیکشن ٹریبونل نے آج فیصلہ سناتے ہوئے پی کے اکیاسی کے بائیس پولنگ اسٹیشنز پر دوبار پولنگ کا حکم دیا ہے۔
    

   

اسلام آباد سمیت پوٹھوہار ریجن میں سی این جی اسٹیشنزکھولنے کا حکم

0

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پنجاب میں سی این جی پالیسی معطل کرتے ہوئے پوٹھوہار ریجن میں سابقہ شیڈول کے مطابق اسٹیشنز کھولنے کا حکم دے دیا، فیصلے کا اطلاق عدالت سے رجوع کرنے والے ستتر سی این جی اسٹیشنز پر ہوگا۔

سی این جی مالکان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی، درخواست گزاروں کے وکیل قمر افضل ایڈوکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے جاری کردہ نئے شیڈول سے سی این جی مالکان کو نقصا ن ہورہا ہے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے حکومت کے جاری کردہ شیڈول کو معطل کر تے ہوئے پرانے شیڈول کو بحال کرنے کا حکم دیا، کیس کی سماعت فروری کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے سپریم کونسل کے چیئرمین غیاث پراچہ کے مطابق سوئی نادرن گیس کی قلت کا بہانہ بنا کر قوم کو دھوکہ دے رہی ہے، سی این جی کی بندش سے ہزاروں لوگ کا روزگار خطرے میں پڑ جائے گا۔

اکاؤنٹنٹ جنرل طاہر محمود نے برطرفی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا

0

اکاؤنٹنٹ جنرل طاہر محمود نے اپنی برطرفی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

درخواست میں سیکرٹری خزانہ ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ آج ہی کیس کی سماعت کی استدعا بھی کی گئی ہے، ایک دوسرے مقدمے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پیمرا کی درخواست پر قائمقام چیئرمین سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔

درخواست گزار کے وکیل وسیم سجاد نے موقف اختیارکیا کہ عدالتی حکم کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے، قائمقام چیئرمین ہائی کورٹ کے حکم کو ماننے سے انکاری ہیں۔
   

بنگلہ دیش کوماضی بھول کر آگے بڑھنا چاہیے، دفترخارجہ

0

دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کو ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا چاہیئے، عراق میں ہونے والے بس حملے میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ امید ہے بنگلہ دیش انیس سو چوہترکے معاہدے کے تحت مفاہمت کی پالیسی اپنائے گا، پاکستان کی پارلیمنٹ میں ایک خود مختار ادارہ ہے، پارلیمنٹ میں بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے لیڈر کو پھانسی دیئے جانے کی مذمتی قرارداد یہ جذبہ ظاہر کرتا ہے کہ بنگلہ دیش کو ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا چاہیے۔

پاکستان کی امداد کو نیٹو سپلائی سے مشروط کرنے پر میڈیا کی رپورٹ سے متعلق ترجمان نے کہا کہ امریکا نے اس بارے میں آگاہ نہیں کیا، پاکستان کسی قسم کی شرائط قبول نہیں کرے گا، پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور پاکستان کی نیت پر شک نہیں کیا جانا چاہیے، ترجمان نے کہا کہ عراق میں ہونے والے بس حملے میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا۔

ترجمان کا کہنا تھا پاک بھارت ڈی جی ایم اوز 24 دسمبر کو ملاقات کرینگے، پاکستان نے تجویز دی تھی کہ ملاقات میں دفتر خارجہ کے حکام بھی شامل ہوں لیکن انہوں نے یہ تجویز نہیں مانی۔
       

خشک میوہ جات کی درآمد میں40 فیصداضافہ

0

رواں مالی سال 2013-14ء میں ماہ اکتوبر 2013 کے دوران ماہ ستمبر 2013 ء کے مقابلہ میں خشک میوہ جات کی درآمد میں40 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا ، ادارہ برائے شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2013ء کے دوران خشک میوہ جات کی درآمد 5 ملین ڈالر تھیں جو اکتوبر 2013 ء کے دوران بڑھ کر 7 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں.

اس طرح اکتوبر کے دوران درآمدات میں 40 فیصد کا اضافہ ہو، اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں ہونے والی کمی کے باعث خشک میوہ جات کی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ شدید سردی کے موسم میں خشک میوہ جات کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوجاتا ہے اور مقامی طلب کو پورا کرنے کیلئے درآمدات کی گئی ہیں۔

زرعی قرضوں کی فراہمی میں 14.4 فیصد اضافہ

0

مالی سال 2012-13ء کے دوران مختلف بینکوں کی طرف سے زرعی قرضوں کی فراہمی میں 14.4 فیصد اضافہ ہوا ہے ، مالی سال 2012-13ء کے دوران مختلف بینکوں نے 336.2 ارب روپے زرعی قرضے فراہم کئے جبکہ مذکورہ عرصہ کے دوران مقررہ ہدف 315 ارب روپے تھا۔

سٹیٹ بینک نے مالی سال 2012-13ء کے دوران زرعی قرضوں کی فراہمی کیلئے 315 ارب روپے مختص کئے تھے جبکہ مقررہ ہدف سے 10.5 فیصد زائد قرضے فراہم کئے گئے۔

مذکورہ بالا عرصہ کے دوران 153.5 ارب روپے پانچ بڑے بینکوں کے ذریعہ 72 ارب روپے زرعی ترقیاتی بینک کے ذریعہ 66.7 ارب روپے نجی بینکوں کے ذریعہ 13.8 ارب روپے مائیکروفنانس بینکوں کے ذریعہ جبکہ 9 ارب روپے پنجاب پرونشل کارپوریشن بینک کے ذریعہ تقسیم کئے گئے۔

سب سے زیادہ زرعی قرضے صوبہ پنجاب میں فراہم کئے گئے جبکہ دیگر صوبوں میں مقررہ اہداف کے مطابق زرعی قرضوں کی فراہمی کی گئی تاکہ زرعی شعبہ کی ترقی کی رفتار تیز کی جا سکے۔

 

لا پتا افراد کا معاملہ،وزارت داخلہ کا سینیٹ میں تحریری جواب جمع

0

وزارت داخلہ کی جانب سے سینیٹ میں لاپتا افراد کیسز کے حوالے سے تحریری جواب جمع کرا دیا گیا ہے، وزارت داخلہ کے مطابق ملک میں لاپتہ افراد کیسز کی تعداد چودہ سو اٹھائیس ہے۔

لاپتہ افراد سے متعلق وزارت داخلہ سینیٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق ملک میں لاپتہ افراد کیسز کی تعداد چودہ سو اٹھائیس ہے، سپریم کورٹ میں ان کیسز کی تعداد تین سو چار ہے جبکہ لاہور ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کیسز کی تعداد چودہ ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں ان کیسز کی تعداد ایک سو چوہتر ہے، وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں ایک سو ایک لاپتہ افراد کے کیسز ہیں جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ میں کیسز کی تعداد بائیس ہے۔

وزارت داخلہ کے تحریری جواب کے مطابق انکوائری کمیشن میں لاپتہ افراد کی تعداد آٹھ سو تیرہ ہے، خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں، جن کی تعداد تین سو انسٹھ ہے، سندھ میں لاپتا افراد کی تعداد ایک سو انہتر ہے جبکہ پنجاب میں ایک سو پینسٹھ افراد لاپتہ ہیں۔

انکوائری کمیشن کے مطابق اسلام آباد سے سترہ افراد لاپتہ ہیں میں کے بلوچستان میں لاپتہ افراد کی تعداد اکہتر ہے جبکہ فاٹا اکیس اور آزاد کشمیر میں دس افراد لاپتہ ہیں گلگت بلتستان میں بھی لاپتہ افراد کا ایک کیس ہے، وزارت داخلہ کے مطابق دو ہزارایک سے اب تک اسلام آباد سے بارہ مسخ شدہ لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔