جمعہ, نومبر 15, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 28454

نوشہرہ:پولیس اور کالعدم تنظیم کے ارکان میں مقابلہ،2ملزم گرفتار

0

ضلع نوشہرہ کے علاقہ اکبر پورہ میں پولیس اور کالعدم تنظیم کے ارکان کے ساتھ مقابلے کے بعد دو ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ باقی افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ملزموں کے قبضے سے خطرناک اسلحہ اور 3گرنیڈ بھی قبضے میں لے لیے گئے، دونوں گرفتار افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کے مطابق کالعدم تنظیم کے ارکان علاقے میں کسی بڑی واردات کیلئے موجود تھے، فرار ہونے والے افراد کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

لاہور:موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم 2افراد جاں بحق

0

لاہور ميں موٹرسائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتيجہ ميں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

پوليس کے مطابق لاہور میں رائے ونڈ روڈ ارئياں اسٹاپ کے قريب لاہور کی طرف آتے ہوئے ايک موٹرسائيکل پر سوار دو افراد ايک سڑک کنارے کھڑي ٹريکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئے۔

عينی شاہدين کے مطابق موٹرسائيکل سوار دونوں افراد ٹرالی سے ٹکرانے کے بعد بری طرح زخمی ہوئے، جنکے سر پر گہري چوٹ لگی تھی، ریسکیو 1122 کی گاڑی دیر سے پہنچنے تک دونوں افراد نعیم مسیح اور دانش مسیح جاں بحق ہوگئے، پوليس نے موقع پر پہنچ کر ٹرالی کو قبضہ ميں لے ليا۔
       

چوتھا ون ڈے:پاکستان اور سری لنکا آج ابوظہبی میں مدمقابل

0

پاکستان شاہین ایک مرتبہ پھر آج لنکا ڈھانے کے لئے میدان میں اتریں گے، لیکن اس بار ان کا مقابلہ شارجہ میں نہیں بلکہ ابوظہبی میں ہوگا۔

پاکستان نے شارجہ میں لنکا ڈھائی اور سیریز میں دو ایک کی برتری پائی، اب ابوظہبی میں پنجہ آزمائی ہوگی، پاکستانی ٹیم سیریز کو ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں ہی فیصلہ کن بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ عمر گل کی واپسی سے پاکستان کی بولنگ لائن مضبوط ہوئی ہے۔

ادھر کافی عرصے سے نہ چلنے والی بیٹنگ لائن بھی کلک کرچکی ہے، محمد حفیظ کے بلے نے رنز اگلنا شروع کردیئے ہیں، چوتھے میچ کے لئے قومی ٹیم میں کسی بھی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔

دوسری جانب سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کا کہنا ہے کہ سیریز میں کم بیک کے لئے کھلاڑیوں کو غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی، پاکستان اور سری لنکا دو سال بعد ابوظہبی میں آمنے سامنے ہوں گے، اس سے قبل دونوں ٹیمیں نومبر دوہزار گیارہ میں مدمقابل آئیں تھیں، جس میں پاکستان تین وکٹوں سے کامیاب رہا۔
    
   
   
   

سال 2013پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور سعید اجمل کے نام

0

پاکستان کی رواں سال ون ڈے کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا سہرہ جادوگر اسپنر سعید اجمل اور مصباح الحق کو جاتا ہے، اجمل سال میں سب سے زیادہ وکٹیں اور مصباح سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔

دوہزار تیرہ کا سال پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور سعید اجمل کے نام رہا، دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کے لئے متعدد فتوحات حاصل کیں، رواں سال ون ڈے میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کا تمام کریڈٹ ماہر سعید اجمل کو جاتا ہے، جنھوں نے اپنی جادوگری سے بڑے بڑے بلے بازوں کو پریشان کیا اور تمام بیٹسمیوں کے لئے درد سر بنے رہے۔

سعید اجمل نے سال دو ہزار تیرہ میں ریکارڈ سب سے زیادہ چھپن شکار کئے، جادوگر اسپنر کے پاس اس ریکارڈ کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ابھی دو میچز ا ور ہیں، بیٹنگ میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ کا بوجھ اٹھانے والے کوئی اور نہیں بلکہ مصباح الحق ہیں، جو سال کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں۔

ٹک ٹک کے نام سے مشہور مصباح بوم بوم بنے اور کئی ریکارڈ اپنے نام کر ڈالے، مصباح نے اب تک تیرہ سو بائیس رنز بنا لئے ہے، جس میں ریکارڈ چودہ نصف سنچریاں بھی شامل ہے، سری لنکا کے خلاف آخری دو ون ڈے میں دونوں کھلاڑی نہ صرف ریکارڈ مزید بہتر بناسکتے ہیں بلکہ سال کا اختتام بھی جیت کے ساتھ کرسکتے ہیں۔
   

سی این ایس اسکواش چیمپیئن شپ کا ٹائٹل فرحان محبوب کے نام

0

چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپیئن کا ٹائٹل مسلسل دوسری مرتبہ فرحان محبوب نے جیت لیا ہے۔

روشن خان، جہانگیر خان اسکواش کمپیلکس کراچی میں ہونے والے اسکواش چیمپیئن شپ کا فائنل دفاعی چیمپیئن فرحان محبوب اور ناصر اقبال کے درمیان کھیلا گیا، فرحان محبوب نے دلچپسپ مقابلے کے بعد تین صفر سے ناصر اقبال کو شکست دیکر اعزاز کا بھرپور انداز سے دفاع کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرحان محبوب نے کہا کہ انھوں نے ایونٹ کیلئے سخت محنت کی تھی، مستقبل میں پاکستان کی عالمی رینکنگ بہتر بنانا اصل مقصد ہے، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلا نے کامیاب کھلاڑی کو وننگ ٹرافی، رنر اپ اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کیے۔

پیرس:کرسمس کے پہلے روز3افراد ہلاک، متعدد زخمی

0

سرد طوفانی ہواؤں، برف باری اور بارشوں نے کرسمس کی خوشیوں کو منجمد کر دیا ہے، فرانس سمیت دیگر یورپی ممالک میں کم از کم چھ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

یورپ کے دیگر ممالک کے بعد فرانس میں بھی طوفانی ہوائیں، برف باری اور شدید بارشیں کرسمس کی تیاریوں میں خلل ڈال رہی ہیں، فرانس میں نوے کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ہواؤٴں اور طوفانی بارشوں نے نظٓام زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔

لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہیں، بجلی کی عدم سپلائی کے باعث کرسمس کی تیاری کرنے والے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، بریٹینی اور نارمنڈی میں تقریباً ڈھائی لاکھ گھر بجلی سے محروم ہیں، زمینی اور فضائی ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا، پیرس میں اندرون اور بیرون ملک تمام پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
   

جوبا: جنوبی سوڈان میں ایک قبر میں 75 لاشوں کی موجودگی کا انکشاف

0

اقوام متحدہ نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے جنوبی سوڈان میں ایک قبر دریافت کی ہے، جس میں پچھتر لاشیں موجود ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی سربراہ کا کہنا ہے کہ یہ قبر یونیٹی ریاست میں دریافت ہوئی ہے، اسی طرح کی دو دیگر قبریں جوبا کے علاقے سے بھی دریافت ہوئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملنے والی لاشیں اطلاعات کے مطابق دنکا نسل کے لوگوں کی ہیں، جو سوڈان پیپلز لبریشن آرمی کا حصہ تھے، تاحال یہ بات واضح نہیں ہے کہ ہلاکتوں کا ذمہ دار کون ہے۔

جوبا: فوج کی باغیوں سے جھڑپ،مرکزی شہر بور کا قبضہ حاصل کرلیا

0

جنوبی سوڈان میں سرکاری فوج نے باغیوں سے شدید جھڑپوں کے بعد مرکزی شہر بور کا قبضہ حاصل کرلیا۔

نوزائیدہ افریقی ملک جنوبی سوڈان میں سرکاری فورسز اور باغی گروہوں میں شدید لڑائی جاری ہے، تازہ جھڑپوں میں سرکاری فوج سوڈان پیپلز لبریشن آرمی نے مرکزی شہر بور کا دوبارہ قبضہ حاصل کرلیا۔

قبضے کے بعد فوج کے سربراہ پیٹر گیڈٹ نے باغیوں سے لڑائی میں زخمی اور ہلاک شہریوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ سرکاری فورسز تمام شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

دوسری جانب جنوبی سوڈان میں موجود کشیدہ صورتحال کے باعث اقوام متحدہ نے بھی امن فوج کی تعداد میں دوگنا اضافہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
   

قاہرہ:معزول وزیراعظم عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر گرفتار

0

مصر کے معزول وزیراعظم ہاشم قندیل کو عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔

مصری میڈیا کے مطابق ہاشم قندیل کو عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے، ہاشم قندیل کو وزیراعظم بننے کے بعد عدالت کی جانب سے ایک نجی کمپنی کو قومیانے کا حکم دیا گیا تھا۔

عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پرایک برس قید کی سزا سنائی تھی، تاہم سابق وزیراعظم فیصلے کے خلاف اب بھی اپیل کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، ہاشم قندیل جولائی دو ہزار بارہ سے جولائی دو ہزار تیرہ تک مصر کے وزیراعظم رہے ہیں۔
    
   

پندرہ ارب ڈالرکی وصولی کیلئے یوکرائنی وزیراعظم روس روانہ

0

روس سے پندرہ بلین ڈالر کی وصولی کیلئے یوکرائن کے وزیراعظم میکولا آزروف روس روانہ ہوگئے، دارالحکومت میں مظاہرے تاحال جاری ہیں۔

یوکرائنی وزیراعظم میکولا آزروف دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت پندرہ ارب ڈالر کے معاہدے کی پہلی قسط وصول کرینگے جبکہ دوسری جانب دارالحکومت کیف میں جاری مظاہرے تاحال جاری ہیں، مظاہرین نے آزادی اسکوائر پر وزیراعظم کی روانگی کے خلاف ریلی کا اہتمام کیا اور ان کے دورے کے خلاف احتجاج کیا۔

ادھر مظاہرین کے احتجاج، دھرنوں کے بعد غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق صدر ویکٹرنیا کووچ نے وزیراعظم میکولا آزروف اور تمام حکومتی ارکان کا استعفیٰ منظورکرلیا تاہم تمام وزراء نئی حکومت کے قیام تک عارضی طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔