منگل, جنوری 28, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 29099

چوہدری اسلم خود کش حملہ :خود کش حملہ آور کی شناخت ہوگئی

0

ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پرخودکش حملہ کرنے والے کی شناخت نعیم اللہ کے نام سے کرلی گئی ہے، ذرائع کے مطابق حملہ آورقصبہ کارہائشی تھا اور قصبہ کے ہی ایک مدرسے کاطالب تھا۔

ذرائع کے مطابق حملہ آور کی شناخت نعیم اللہ کے نام سے ہوگئی، حملہ آور قصبہ کالونی کارہائشی تھا۔۔۔حملہ آورکی شناخت کے بعد پولیس کےمختلف مقامات پرچھاپے مارے۔

ذرائع کاکہناہے حملہ آورنعیم اللہ کےبھائی کوسی آئی ڈی نےکچھ عرصہ قبل حراست میں لیاتھا لیکن جرم ثابت نہ ہونے پر اس کورہاکیاگیاتھا۔۔ذرائع کایہ بھی دعویٰ ہے حملہ آور قصبہ کےعلاقےمیں واقع مدرسہ جامعہ ربانیہ کا طالب علم تھا اس مدرسہ کا طالب علم پہلےبھی خودکش حملہ کرچکاہے۔

ایس پی سی آئی ڈی سیل راجہ عمرخطاب کے مطابق چوہدری اسلم پر گاڑی میں موجود خودکش بمبار نے قریب آکرحملہ کیاتھا ابتدائی رپورٹ کے مطابق دوسوکلو دھماکاخیز مواد نیلے رنگ کے ڈبوں میں رکھا گیا تھا، ڈی آئی جی ظفر بخاری کاکہناتھاحملےمیں ہائی ایکسپلوز استعمال کیا گیا۔

ظفربخاری نے بتایاحملےسے دو دن پہلے چوہدری اسلم کی کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی تھی جس میں کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے دھمکیاں دی گئی تھیں۔حملے کےدوسرے روز بھی فرانزک ٹیم سمیت تحقیقاتی اداروں نے جائے وقوع کا جائزہ لیا اور مزید شواہد اکٹھے کئے۔

 

کراچی:شہید چوہدری اسلم گزری قبرستان میں سپرد خاک

0

ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کوآہوں اور سسکیوں کے ساتھ گزری قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ، قوم کے نامورسپوت کو خراج عقیدت پیش کرنےکیلئےسندھ پولیس اورپاک فوج کے اعلیٰ افسران نےنماز جنازہ میں شرکت کی۔

اے ایس آئی کیریئر کی ابتدا کرنےوالے چوہدری اسلم کی پوری زندگی مجرموں کیخلاف جنگ سے عبارت تھی، دہشت گرد ہوں یاٹارگٹ کلرز سب کے لیےچوہدری اسلم ہیبت کی علامت تھا، شہید ایس پی کے جنازے کاوقت آیاتو نہ صرف محکمے کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے بلکہ پاک فوج کے بریگیڈیئر اور سیاسی رہنما بھی قوم کے جری سپوت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آئے۔

وزیراعلیٰ سندھ ،آئی جی سندھ،شرجیل میمن اور سی پی ایل سی چیف سمیت ہزاروں افراد چوہدری اسلم کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے، بریگیڈیئرفرخ نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے شہید کے جسد خاکی پرپھول نچھاور کیے۔

پولیس کے چاق وچوبند دستے نے اپنے عظیم ساتھی کو سلامی دی، اس کے بعدشہید ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کو گزری قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا اور یوں جرات وشجاعت کا ایک اورعہد اختتام پذیرہوا، آسماں تیری لحد پہ شبنم افشانی کرے۔
   

طالبان کو انکار کرنے والی دس سالہ بچی کو تحفظ فراہم کیا جائے، ملالہ یوسف زئی

0

دختر پاکستان ملالہ یوسف زئی نے مطالبہ کیا ہے کہ طالبان کو انکار کرنے والی دس سالہ بچی کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

جرمنی میں دختر پاکستان ملالہ یوسف زئی نے افغانستان کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افغان پولیس پر خودکش حملے سے انکار کرنے والی دس سالہ لڑکی کو تحفظ فراہم کیا جائے، دس سالہ افغان لڑکی نے دعوی کیا تھا کہ طالبان نے اسے افغان صوبے ہلمند میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے لیے بھیجا تھا، لیکن اس نے حملہ نہیں کیا۔
   

صدرمملکت ممنون حسین کی شہید چوہدری اسلم کی بیوہ سے تعزیت

0

صدرمملکت ممنون حسین نے چوہدری اسلم کی بیوہ سے تعزیت کی ، ان کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم نے قوم کی خاطر جان کی قربانی دی۔

چوہدری اسلم کی بیوہ کو ٹیلی فون میں صدرمملکت ممنون حسین نے چوہدری اسلم کی بہادری کی تعریف کی اور کہا کہ چوہدری اسلم شہیدنےقوم کی خاطرجان کی قربانی دی۔

وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے،انہوں نے ثابت کیا کہ پولیس فورس میں بہادروں کی کمی نہیں، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا تھاکہ وہ ایک دلیر اور بہادر پولیس افسر تھے۔

کے پی کے اسمبلی میں چوہدری اسلم کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ رکن صوبائی اسمبلی نگہت اورکزئی کا کہنا تھاکہ چوہدری اسلم سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے لئے قابل تقلید مثال ہیں۔
   

کراچی اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پرجا پہنچی

0

کراچی اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پرجا پہنچی، مسلسل پانچویں روزتیزی کے نتیجے میں انڈیکس پہلی بارچھبیس ہزارچارسو پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبورکرگیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ نےجمعےکوجہاں بلند ترین سطح پرپہنچنے کا نیاریکارڈبنایا۔۔وہیں تاریخ میں پہلی بارمارکیٹ سرمائےکی مالیت چونسٹھ کھرب روپے سے تجاوز کرگئی۔

جس میں 37 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔۔شرح سود بڑھنے کی توقعات پر بینکوں کے شئیرز میں خریداری کا رجحان رہا۔۔تاہم آئل اینڈ گیس سمیت مارکیٹ کی بلوچپس کمپنیوں میں پرافٹ ٹیکنگ اورمحتاط رویے کے باعث کاروباری حجم میں جمعرات کی نسبت پینتالیس فیصد کی کمی دیکھی گئی۔

کاروبار کے اختتام پرمارکیٹ کا بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس 115 پوائنٹس کے اضافے سے 26488 پوائنٹس کی نئی تاریخی سطح پربند ہوا۔
   

دبئی ٹیسٹ کا تیسرادن، سری لنکا کی پوزیشن مضبوط

0

پاکستان کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں مشکلات کا سامنا ہے، قومی ٹیم کو لنکن ٹائیگرز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید اکیانوے رنز درکار ہے اور اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز سر ی لنکا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز چار کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو دو رنز کے اضافے کے بعد کپتان انجیلو میتھیوز آوٹ ہوگئے۔ پرسنا جے وردھنے اور رنگانا ہیراتھ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے، مہیلا جے وردھنے ایک سو انتیس رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سعید اجمل کی گھومتی گیند پر وہ بولڈ ہوگئے۔

 سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں تین سو اٹھاسی رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جنید خان نے تین ، راحت علی اور سعید اجمل نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ رہا۔ ٹاپ آڈر بلے باز سری لنکن بولرز کو اپنی وکٹ تحفے میں دے کر پویلین لوٹ گئے۔ یونس خان اور مصباح الحق نے ایک سو تیرہ رنز جوڑ کر کچھ حد تک پاکستان کو سنھبالا ۔ دن کے اختتام تک قومی ٹیم نے تین وکٹ پر ایک سو بتیس رنز بنالئے یونس باسٹھ اور مصباح ترپن رنز ناٹ آؤٹ چوتھے روز کھیل کا آغاز کرینگے۔

عابد شیرعلی کے بیان پرخیبرپختونخوا اسلمبی میں تنقید کا سلسلہ جاری

0

.عابد شیر علی کے بیان پر خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اراکین کی تنقید کا سلسلہ جاری ہے، عابد شیر علی کے بیان پر خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اراکین کی تنقید کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کا اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھاسب سے پہلے اس بات کا تعین ہونا چاہیے کہ بجلی چوری کون کر رہا ہے۔

واپڈا میں عوام کی داد رسی کا کوئی نظام موجود نہیں۔ان کا کہنا تھا جو ایکسین بجلی چوری کرتا ہے اسی کے پاس شکایات بھی درج کیں جاتی ہیں، جے یو آئی کے رکن اسمبلی ملک ریاض کا کہنا تھا عابد شیر علی کا دماغ ٹھکانے پر نہیں عابد شیر علی بنوں کی بجلی کبھی بند نہیں کرسکتے۔،

حکومت کے پاس گیس کی قلت کےفوری خاتمےکا کوئی حل نہیں، شاہد خاقان عباسی

0

وفاقی وزیرپٹرولیم شاہدخاقان عباسی نے اعتراف کیا ہے کہ حکومت کے پاس گیس کی قلت کےفوری خاتمےکا کوئی حل نہیں، پنجاب میں گیس کی لوڈشیڈنگ سردیوں میں جاری رہے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کاکہنا تھاکہ گزشتہ دو روز سے میرے گھر میں بھی گیس نہیں آرہی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پرعمل درآمد کے بعد پہلے سے موجود تیس فی صد قلت میں بے پناہ اضافہ ہوگیا۔

جس کے حوالے سے ہم نےنظرثانی کی اپیل سپریم کورٹ میں داخل کردی ہے نومبر دو ہزار چودہ تک ایل این جی کی سپلائی آنے کے بعد گیس کی صورتحال بہتر ہوگی اور 2016 تک گیس کی قلت پرقابوپاسکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ صنعتوں کو گیس کی فراہمی جی ایس پی پلس سے استفادے کیلئے دی گئی ہے۔۔مارچ میں گھریلوصارفین کو گیس کی فراہمی بہتر ہوجائے گی۔

ملک بھر میں چپ تعزیے کے جلوس اختتام پذیر

0

حضرت امام حسن عسکری کی شہادت کے حوالے سے ملک بھر میں نکالے گئے چپ تعزیے کے جلوس اختتام پذیر ہو گئے ۔

کراچی میں آٹھ ربیع الاول کوحضرت امام حسن عسکری کی شہادت کے سلسے میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا ایم جناح روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر میں ختم ہوگیا۔

رضویہ سوسائٹی کی طرف سے برآمد ہونے والا چپ تعزیے کے جلوس لسبیلہ، گرومندر،مارٹن روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ شاہِ نجف میں اختتام پزیرہوا۔ لاہورمیں چپ تعزیے کا جلوس پانڈواسٹریٹ سے برآمد ہوا، ملتان میں حضرت امام حسن عسکری کی شہادت کے سلسے میں مرکزی جلوس ناصر آباد سے بر آمد ہوا۔

حیدر آباد میں چپ تعزیےکا مرکزی جلوس قدم گاہ مولاعلی سے برآمد ہوا اورامام بارگاہ کربلا دادن شاہ پہنچ کراختتام پذیرہوا۔ ٹھٹھہ میں 8 ربیع الاول کا مرکزی جلوس شکر الہی امام بارگاہ سے برآمد ہوا۔ جلوس کے موقع پرسیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
   

چیئرمین نا درا طارق ملک کااستعفیٰ منظور، ذرائع وزیراعظم ہاؤس

0

وزیراعظم نے چیئر مین نا درا طارق ملک کااستعفیٰ منظورکرلیا۔۔ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کو چیئرمین نادرا کااضافی چارج دے دیاگیا۔

اٹا رنی جنرل منیراے ملک کے استعفے کی گو نج تھمی نہ تھی کہ چیئرمین نادرا طارق ملک بھی مستعفی ہوگئے، چیئرمین نادرا نے استعفےکی وجہ نجی مصروفیات بیان کی ہے، ذرائع وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نےچیئرمین نادراکااستعفی منظور کرلیا ہے اور وزارت داخلہ کےایڈ یشنل سیکریٹری کوچیئرمین نادراکااضافی چارج دیدیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کاکہناہے امتیازتاجورنئےچیئرمین نادراکی تعیناتی تک عہدےپرفائزرہیں گے چند ہفتے قبل چیئرمین نادرا کوبرطرف کیاگیاتھا، اپنی برطرفی کوانہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جس پر عدالت نے ان کو عہدے پر بحا ل کردیا تھا، چیئرمین نادرا کی برطرفی کامعاملہ ابھی بھی عدالت میں ہے، چیئرمین نادرا اور اٹارنی جنرل کے مستعفی ہوجانے کے بعد دو اہم سرکاری عہدے خالی ہوگئے ہیں۔