اتوار, مارچ 9, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 29651

نیب کا یوسف رضا گیلانی اور بابراعوان کیخلاف تحقیقات جلد مکمل کرنے کا فیصلہ

0

نیب نے این آئی سی ایل کیس میں یوسف رضا گیلانی اور نندی پاور پروجیکٹ کیس میں بابر اعوان کے خلاف تحقیقات جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا، جب کہ چیئرمین نیب کو الزامات ثابت نہ ہونے پرکلین چٹ دے دی گئی۔

قائم مقام چیئرمین نیب سعید احمد سرگانہ کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیرمین نیب قمر الزمان چوہدری، سابق ڈی جی ایف آئی اے اور ڈائریکٹر ایف آئی اے کے خلاف الزامات ثابت نہ ہونے پر انہیں بری الذمہ قرار دیا گیا۔

نیب ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جلد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے، اجلاس میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر سابق چیرمین پاکستان اسٹیل معین آفتاب شیخ اور ایم ڈی غلام رسول کے خلاف تحقیقات جلد مکمل کرنیکا حکم دیا گیا۔

اس کیس میں تریسٹھ کمپنیوں کو فائدہ دیتے ہوئے قومی خزانے کو ایک ارب تیئس کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا تھا، نندی پور اور چیچو کی ملیاں پاور پراجیکٹ میں تاخیری حربوں کے باعث قومی خزانے کو ایک کھرب تیرہ ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

اس پر وزارت خزانہ ،وزارت پانی و بجلی اور وزارت قانون کے افسروں کے خلاف جلد تحقیقات مکمل کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
    
   

لاہور: داتا گنج بخشؒ کے 970ویں عرس کی تقریبات جاری

0

حضرت داتا گنج بخشؒ کے نو سو سترویں عرس کی تقریبات لاہور میں جاری ہیں، آج عرس کے دوسرے روز مزار شریف پر خصوصی دعا کی گئی۔

عرس کے پہلے روز حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار پر چادر پوشی وفاقی وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار اور صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور میاں عطا محمد مانیکا نے کی۔

اس موقع پر مزارپر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئی اور نامور نعت خواں حضرات نے نعت خوانی بھی کی، اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور امت کی فلاح کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئی۔

عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے تھے، سترہ سو پولیس اہلکار مزار کے اردگرد تعینات کیے گئے تھے۔
   

فرانس، جرمنی، انگلینڈسمیت کئی ممالک میں برفباری، نظام زندگی متاثر

0

فرانس، جرمنی اور انگلینڈ سمیت مختلف یورپی ممالک میں برف باری کے باعث معمولات زندگی متاثر ہیں، شہریوں سمیت مختلف ممالک سے آئے سیاحوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

براعظم یورپ ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، برفباری اور خراب موسم کے باعث مختلف ممالک کے درمیان سینکڑوں پروازیں منسوخ ہوگئیں، سڑکوں پر کئی کئی فٹ برف جمع ہے، جسکی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے۔

شدید سردی کے باعث شہریوں سمیت سیر و تفریح پر آئے سیاح بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں، برف باری کی شدت کے باعث جرمنی کے ایک اسکول میں سو سے زائد بچے پھنس گئے جنہیں ریسکیو آپریشن کے بعد اسکول سے نکال کر ہیسٹنگ ٹاؤن ہال پہنچا دیا گیا ہے۔

سال 2013میں گلوکارجسٹن بیبر کو سب سے زیادہ انٹرنیٹ پر سرچ کیا گیا

0

سال کا اختتام ہورہا ہے، دنیا بھر کی اہم شخصیات میں سال دوہزار تیرہ میں کس شخصیت کو سب سے زیادہ انٹرنیٹ پر سرچ کیا گیا۔

سال دوہزارتیرہ میں گلوکار جسٹن بیبر کو سب سے زیادہ انٹرنیٹ پر سرچ کیا گیا، بیبر کی شہرت کا عالم یہ ہے کہ ٹوئیٹر پرسال کے شروع میں نمبر ون رہے، دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت کا اعزاز پوپ سنگر ریحنا کو ملا، جن کو متنازعہ خبروں کی وجہ سے بھی شہرت ملی۔

ہالی ووڈ کی دنیا سے تعلق رکھنے والی سیلیبرٹی کم کرڈیشین نے میدان مار  کر تیسری پوزیشن حاصل کی، اس سال کیٹی پیری نے بھی کمال کیا اور مداحوں کی توجہ حاصل کئے رکھی، شہرت اور مقبولیت میں کیٹی کا چوتھا نمبر ہے۔

ان سب کے بعد شکیرا، بیونسے اور لیڈی گاگا ایڈیلی اور میڈونا ٹاپ ٹین موسٹ سرچڈ سیلیبرٹیز میں شامل ہوئیں جبکہ انٹرنیٹ پر پانچویں نمبر پر ہالی ووڈ ایکشن گرل انجلینا جولی مقبول رہیں۔
   

حضرت امام حسین کا چہلم ،ملک بھرمیں سیکیورٹی کے سخت انتطامات

0

حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں شبیہ علم، ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، کم وبیش تمام شہروں میں مرکزی جلوسوں کے مقررہ راستے سیل کردیئے گئے، پولیس، رینجرز اور ایف کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

نواسہ رسول حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی میں مرکزی جلوس کی گزرگاہوں اور ان کے درمیان آنے والی دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے، جہاں آٹھ ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، شارپ شوٹرز بھی فرائض انجام دیں گے۔

مرکزی جلوس شاہ خراسان سے نکلے گا، جو کھارادر امایہ حسینیہ میں اختتام پذیرہوگا، جلوس کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کمرے نصب ہیں جبکہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، لاہور میں بھی چہلم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات دیکھنے میں آرہے ہیں جہاں چھ ہزار پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے جبکہ فوج اور رینجرز کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

لاہور میں مرکزی جلوس صبح آٹھ بجے الف شاہ حویلی سے نکلے، جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا رات کو کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی گزرگاہوں کو خاردار تاریں لگا کر مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے، فیصل آباد میں اکیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مرکزی جلوس کی مانیترنگ کی جائے گی اور تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

ملتان میں چہلم امام حسین کے جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جہاں تین مقامات کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا، جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا بہشت زینب قبرستان پر اختتام پذیر ہوگا، مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کیلئے بلوچستان کانسٹیبلری، ایف سی اور پولیس کے تین ہزار اہلکار تعینات گئے ہیں جبکہ جلوس کے راستوں کو سیل کردیا گیا۔

پشاورمیں بھی سیکیورٹی کے سخت انتطامات کئے گئے ہیں، جہاں مرکزی جلوس کے راستے سیل ہیں جبکہ پاک افغان سرحد بھی چوبیس گھنٹے کیلئے بند کردی گئی ہے، قبائلی علاقوں سے آنے والے راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔
   

شہدائے کربلا کا چہلم عزت اور احترام سے منارہے ہیں

0

کربلا سمیت دنیا بھر میں مسلمان شہدائے کربلا کا چہلم عزت اور احترام سے منارہے ہیں، کربلا میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

کربلا میں دو کروڑ سے زائد زائرین نے حرم امام حسین کی جانب مارچ کیا، چہلم کے موقع پر عراقی سیکورٹی فورسز کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ہر سال لاکھوں کی تعداد میں دنیا بھر سے زائرین حرم کے اطراف سڑک کنارے زائرین خیمے لگا کر رہتے ہیں، لاکھوں کی تعداد میں ایرانی مسلمانوں نے شہدائے کربلا کا چہلم منایا۔ ایران کے مختلف شہروں میں مسلمان امام حسین اور شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس اور عزا داری کرتے رہے۔
       
    

    
   

پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی ملاقات آج ہوگی

0

پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کےدرمیان چودہ سال بعد واہگہ بارڈر پرملاقات آج ہوگی، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سرحدوں پر کشیدگی کے واقعات کم کرنے کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کی ملاقات آج ہورہی ہے، اس سے پہلے دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کی ملاقات چودہ سال پہلے انیس سوننانوے میں ہوئی تھی، پاکستان کی سیاسی اورعسکری قیادت اس پیش رفت کو مثبت قرار دے رہی ہے۔

میجر جنرل عامر ریاض اور لیفٹنٹ جنرل ونود بھاٹیہ کی واہگہ بارڈ پر ہونے والی باضابطہ بیٹھک میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے واقعات سمیت دیگر پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیز فائر کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور سرحدی سکیورٹی کے طریق کار میں بہتری کیلئے تجاویز اور اقدامات کا بھی تبادلہ ہوگا، تاکہ تقریباً ایک دھائی قبل شروع ہونے والاسیز فائر کا عمل برقرار رکھا جا سکے اور خلاف ورزی سے ہونے والے فائرنگ کے تبادلے سے دونوں جانب کی شہری آبادیوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔

رواں برس بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باوٴنڈری پر جنگ بندی کے معاہدے کی چارسو سے زائد مرتبہ خلاف ورزی ہوئی، جس کے باعث پاک افواج کے جوانوں سمیت ڈیڑھ درجن سے افراد جام شہادت نوش کرچکے ہیں جب کہ فوجی جوانوں سمیت سو افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
   

مشرف کیخلاف غداری مقدمہ کی پہلی سماعت آج ہوگی

0

آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت پاکستان کی تاریخ میں غداری کے پہلے مقدمے کی پہلی سماعت آج اسلام آباد میں ہوگی، پرویزمشرف کی پیشی کے موقع پرسیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کسی بھی آمر کیخلاف غداری کے پہلے مقدمے کی پہلی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں جسٹس یاور سعید اور جسٹس طاہرہ پرمشتمل تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

پیشی کے موقع پر پرویزمشرف کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، مقدمے کی سماعت شریعت کورٹ کے بجائے نیشنل لائبریری کے آڈیٹوریم میں ہوگی، جس کے اردگرد بڑی تعداد میں پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہوں گے۔

عدالت میں داخلہ خصوصی پاسز کے ذریعے ہوگا، حکومت کی جانب سے اکرم شیخ ایڈووکیٹ کو پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا ہے، اکرم شیخ نے پانچ نکاتی استغاثہ گزشتہ ہفتے خصوصی عدالت میں جمع کرایا تھا، جس کا جائزہ لینے کے بعد رجسٹرار خصوصی عدالت نے قرار دیا تھا کہ بادی النظر میں جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کے خلاف الزامات درست معلوم ہوتے ہیں۔

لہذا پرویزمشرف چوبیس دسمبر کو عدالت میں پیش ہوکر اپنے خلاف الزامات کا دفاع کریں، پرویزمشرف نے سمن وصول کرنے کے بعد وکلاء کی ٹیم تشکیل دے دی ہے، ٹیم میں ڈاکٹر خالد رانجھا، بیرسٹر سیف اور احمد رضا قصوری نمایاں ہیں۔
   

سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

0

سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز اکتیس دسمبر کو ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔ ٹیم کی قیادت اینجلو میتھیوز کریں گے۔

دنیش چندی مل ان کے نائب ہوں گے۔ ون ڈے اسکواڈ میں شامل فاسٹ بولر لستھ ملنگا اور اسپنر اجنتھا مینڈس ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

تجربہ کار کھلاڑی مہیلا جے وردھنے کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں دموت کرونراتنے، کوشل سلوا، کمار سنگاکارا، لہیرو تھیرومان، پراسانا جے وردھنے، نوآن کلاسیکارا، سورنگا لکمل، شمندا ایرانگا، وشوا فرننڈو، سچترا سینانائیکے، نوآن پردیپ، رنگانا ہیراتھ اور دلروان پریرا شامل ہیں۔

سی این ایس اسکواش چیمپیئن شپ کا ٹائٹل فرحان محبوب کے نام

0

چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپیئن کا ٹائٹل مسلسل دوسری مرتبہ فرحان محبوب نے جیت لیا ہے۔

روشن خان،جہانگیر خان اسکواش کمپیلکس کراچی میں ہونے والے اسکواش چیمپیئن شپ کا فائنل دفاعی چیمپیئن فرحان محبوب اور ناصر اقبال کے درمیان کھیلا گیا۔

فرحان محبوب نے دلچپسپ مقابلے کے بعد تین صفر سے ناصر اقبال کو شکست دیکر اعزاز کا بھرپور انداز سے دفاع کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرحان محبوب نے کیا کہ انھوں نے ایونٹ کیلئے سخت محنت کی تھی۔۔مستقبل میں پاکستان کی عالمی رینکنگ بہتر بنانا اصل مقصد ہے۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلا نے کامیاب کھلاڑی کو وننگ ٹرافی،ٓرنر اپ اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کیے۔