جمعرات, اپریل 24, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 30031

اہلسنت والجماعت کے رہنما کی نماز جنازہ اقوام متحدہ دفتر کے سامنے ادا کریں گے

0

اہلسنت والجماعت نے اسلام آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق رہنماؤں کی نماز جنازہ احتجاج کے طور پر اقوام متحدہ دفتر کے سامنے ادا کریں گے، اسلام آباد میں سیکیورٹی الرٹ کر دی گئی۔

اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اہلسنت والجماعت اسلام آباد کے جنرل سیکریٹری مفتی منیر معاویہ کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں مفتی منیر معاویہ اور ان کے ساتھ اسد محمود موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

اہلسنت والجماعت کے کارکنوں نے قتل کے واقعے احتجاج کیا، آئی جی اسلام آباد سکندر حیات کا کہنا ہے کہ مفتی منیر کا قتل ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ لگتا ہے، مولانا مسعود الرحمان کا کہنا ہے کہ مفتی منیرمعاویہ کی نمازجنازہ آج اقوام متحدہ کے دفترسامنے اداکی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دھمکیوں کے باوجود مفتی منیرمعاویہ کوسکیورٹی نہیں دی گئی، اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین ٹو میں پولیس اہلکاروں پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس نے راولپنڈی کے علاقے حسن ابدال سے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتارافراد سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
   

پرویزمشرف سے امتیازی سلوک کیا جارہا ہےکیوںکہ وہ سندھ کا بیٹا ہے،الطاف حسین

0

الطاف حسین کا کہنا ہے کہ پرویزمشرف سے امتیازی سلوک اس لیے کیا جارہاہے کیوں کہ وہ سندھ کا بیٹا ہے، آرٹیکل چھ کی زد میں اور لوگ بھی آتے ہیں کاروائی سب کے خلاف کی جائے۔ 

  ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق، فوج اور اسٹیبلشمنٹ سے سوال کیا کہ کیا وہ سندھ کی آدھی آبادی کو کھڈے لائن لگا کر سمندرمیں پھینکنا چاہتے ہیں، پرویزمشرف سے ایسے سلوک کی وجہ ان کا سندھ دھرتی سے تعلق ہے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ آرٹیکل چھ کے معاملے پرمیٹھا میٹھا ہپ ہپ اور کڑو ا کڑوا تھو تھو کا معاملہ کیا جارہا ہے اور لوگ بھی آرٹیکل چھ کی زد میں آتے ہیں، انکا کہنا تھا کہ پرویزمشرف کو تین سال کی ایکسٹینشن عدالت نے دی سزا بلاتفریق ملنی چاہئے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان پرحملے کیلئے گندی نگاہ اٹھائی تومقابلے کے لیے دو لاکھ کارکن بھیج سکتا ہوں۔
   

معروف بزنس مین جاوید ملک وزیراعظم کے مشیر خصوصی مقرر

0

وزیراعظم نوازشریف نے معروف بزنس مین جاوید ملک کو اپنا خصوصی مشیر مقرر کر دیا ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے سابق اینکر پرسن، معروف بزنس مین ، ڈپلومیٹک بزنس کلب یو اے ای کے صدر جاوید ملک کو اپنا خصوصی مشیر مقرر کر دیا ہے، جاوید ملک کو وزیراعظم نے غیرملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے مشیر مقرر کیا ہے۔

پتوکی:دوبہنوں پر سوتے میں تیزاب پھینک دیا گیا

0

پتوکی پولیس نے دو حقیقی بہنوں پر تیزاب پھینکنے والے سوتیلے باپ اور اس کی بیوی کو گرفتار کرلیا، ملزم کو سوتیلی بیٹی سے اپنے گونگے بہرے بیٹے کا رشتہ نہ ہونے کا رنج تھا۔

 پتوکی میں ایسا ایک انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں دو سگی کم سن بہنوں جویریہ اور ملائکہ پر رات کے پچھلے پہر سوتے میں تیزاب پھینک دیا گیا، اِن بہنوں کا قصور صرف اتنا تھا کہ ان کے والدین نے چھ ماہ قبل چودہ سالہ جویریہ کے لئے آنے والے رشتے سے انکار کیا تھا۔

وہ دونوں بہنیں تو اس شخص سے واقف بھی نہیں، جس نے اُن کے ساتھ یہ ظُلم کیا، جویریہ اور ملائکہ لاہور کے جناح اسپتال میں زیرِ علاج ہیں ان بہنوں کے چہرے تو شاید کبھی ٹھیک ہوجائیں لیکن کیا یہ بے رحم معاشرہ کبھی انہیں اس واقعہ کو بُھولنے دے گا۔
   

صدر مشرف پہلے بھی ملک سے باہر جانے کی کوششیں کرتے رہے ہیں،آغا سراج درانی

0

سابق صدر پرویز مشرف کی بیماری کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف اس سے پہلے بھی ملک سے باہر جانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔

سابق صدر پرویز مشرف کی طبیعت نے سیاسی ماحول میں ہلچل مچا دی ہے، پرویز مشرف کی طبیعت کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ صدر مشرف اس سے پہلے بھی ملک سے باہر جانے کی کوششیں کرتے رہے ہیں۔

رکن پنجاب اسمبلی راجہ ریاض احمد کا کہنا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف چھ جنوری کو دبئی روانہ ہو جائیں گے اور ان کی روانگی کے ذمہ دار نواز شریف اور چوہدری نثار ہوں گے۔ 

راجہ ریاض کا مزید کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو دل کی تکلیف نہیں ہے وہ ڈرامہ کر رہے ہیں ۔
   

عوامی مینڈیٹ والے پھانسی کے پھندے تک چل کر جاتے ہیں،خورشید شاہ

0

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ والے پھانسی کے پھندے تک چل کر جاتے ہیں ، آمر اندر سے کمزور ہوتا ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بےنظیر بھٹو شہید کو دھمکیاں ملتی رہیں ، لیکن وہ خوفزدہ نہیں ہوئیں۔

خورشید شاہ نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا تقابل کرتے ہوئے کہا کہ اب کوئی اپنے بیان کی تردید نہیں کرسکتا، توانائی کا بحران سنگین مسئلہ ہے لیکن پرویز مشرف نے دس سال اقتدار میں رہنے کے باوجود اس کی طرف توجہ نہیں دی۔

ہالی ووڈ میں پروڈیوسرز گِلڈ ایوارڈز سجنے جا رہا ہے

0

ہالی ووڈ میں پروڈیوسرز گِلڈ ایوارڈز سجنے جا رہا ہے، ایوارڈز کے لئے ایکشن، سسپنس، رومانس اور تھرل سے بھرپور دس فلموں کا انتخاب کرلیا گیا۔

ہالی وڈ میں اداکاروں، گلوکاروں کے لئے تو ایوارڈز کے بہاریں سجتی ہی رہتی ہیں لیکن اس مرتبہ سال نو کی ابتدا پروڈیوسرز گیلڈ ایوارڈ زکے زریعے پروڈیوسرز کو خراج تحسین پیش کرکے ہو رہی ہے۔

بہترین پروڈکشن کے لئے معروف فلمیں ٹوو ئیلو ائیر آ سیلو اور اسپیس تھرلر گریویٹی  کو بھی نامزد کیا گیا ہے، پروڈیوسرز ایوراڈز کے لئے دس فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں رومانس بھی شامل ہے اور ایکشن بھی  ہے۔

اب یہ تو انیس جنوری کو ہی پتہ چلے گا کہ خلا سے جنگ ایوراڈ کی حق دار بنے گی یا رومانس یا ایکشن میدان مار لے گا کیونکہ ایوراڈ کی تقریب بیولی ہیلز میں انیس جنوری کو رونقیں بکھرے گی، گزشتہ سال پروڈیوسر گیلڈ ایوارڈ آرگو فلم کو ملا تھا۔
    
   

فارمولا ون کے چیمپئین مائیکل شوماکر کی45ویں سالگرہ

0

سات دفعہ فارمولا ون کے عالمی چیمپئین بننے والے مائیکل شوماکر کی پینتالیسویں سالگرہ پر ان کے مداح نیک تمناؤں کا اظہار کرنے کیلئے فرانسیسی اسپتال کے باہر جمع ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مداحوں کا کہنا ہے کہ ہم مائیکل شوماکر کو ان کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کرنے آئے ہیں اور وہ ہمارے ہیرو ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

یاد رہے کہ مائیکل شوماکر گزشتہ دنوں فرانس میں ایک ریس کے دوران حادثے کے باعث گردن میں فریکچر آئے تھے اور وہ ان دنوں فرانسیسی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
   

میکسیکو:تھری کنگز ڈے پر عوام کے لئے ایک بہت بڑا کیک تیار

0

دنیا بھر میں نئے سال پر رنگارنگ تقریبات کا اہتما م کیا جاتا ہے، میکسیکو میں ایک منفرد تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں حکومت کی جانب سے عوام کے لئے ایک بہت بڑا کیک تیار کیا گیا، جسے ہزاروں لوگوں مزے سے کھایا۔

میکسیکو میں نئے سال کی آمد پر حکومت کی جانب سے عوام کی دعوت کی جاتی ہے۔ اس دعوت میں بہت بڑا کیک تیار کیا جاتا ہے۔ میکسیکو سٹی کے زوکالو اسکوائر میں ہزاروں افراد سال نو اور تھری کنگز ڈے کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئے۔

اس موقع پر ان کی تواضع اس بھاری بھرکم لذیز کیک سے کی گئی، اس سال کا کیک تین ہزار دو اسی فٹ لمبا اور اس کا وزن نو ہزار تین سو پچہتر کلو گرام تھا، ہر سال جوری میں منائے جانے والے "تھری کنگز ڈے" سے قبل اس دعوت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

اس کیک کو تیار کرنے کے لئے میکسیکو کی نو بڑی بیکریوں نے حصہ لیا۔ ہزاروں سیاحوں سمیت مقامی افراد نے مزے سے کیک کی دعوت اڑائی۔

انڈیاناپولس:زکام سے 3افراد ہلاک ،متعدد فلو کا شکار

0

امریکی ریاست انڈیانا میں موسمی بخار زکام سے تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد فلو کا شکار ہوگئے ہیں۔

امریکی ریاست انڈیانا کے شہر انڈیانا پولس میں موسمی بخار زکام نے تین افراد کی جان لے لی جبکہ متعدد افراد فلو کے وائرس کا شکار ہوکر اسپتال پہنچ گئے ہیں۔

محکمہ صحت نے وائرس سے تین افراد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے عوام کو ہدایت جاری کی ہیں کہ نزلے زکام کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹروں سے رجوع کریں اور موسم کی مناسبت گرم لباس کو زیب تن رکھے اور بلاجواز گھروں سے نکلنے سے اجتناب برتے ۔