بدھ, اپریل 23, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 30051

بنکاک: تھائی لینڈ میں حکومت مخالف احتجاج جاری

0

تھائی لینڈ میں حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، دوران احتجاج مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

تھائی لینڈ میں مظاہرین وزیراعظم ینگ لک شیناواترے کی حکومت کے ہٹانے کے لئے تھائی لینڈ میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے،تازہ واقعے میں خیموں کے باہر ہزاروں مظاہرین موجود ہیں۔

گزشتہ دودنوں کے دوران مظاہروں کے دوان دوافراد جاں بحق ہوگئے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم کے مستعفی ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔
   

دمشق: حلب میں فضائی حملہ، 25 افراد جاں بحق متعدد زخمی

0

شام میں فوج کی جانب سے فضائی حملے میں دوبچوں سمیت پچیس افراد جاں بحق اوردرجنوں زخمی ہوگئے۔

حلب کے مقامی بازار میں شامی فوج نے فضائی کارروائی کرتے ہوئے بیرل بم گرائے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت عام شہری بھی نشانہ بنے، اس سے قبل چار سو سے زائد افراد فوج کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے کا شکار ہوئے، حلب میں بیشتر علاقے باغیوں کے زیر تسلط ہیں۔

شامی حکام کے مطابق حملہ باغیوں کے ٹھکانوں پر کیا گیا ہے، ادھر جنیوا میں شام میں جاری خانہ جنگی کے حل کے لیے اگلے ماہ اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات متوقع ہیں، دوسری جانب شامی اپوزیشن نے فضائی حملے جاری رہنے پر امن مذاکرات کے بائیکاٹ کی دھمکی دیدی ہے۔
   

انقرہ:ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے استفے کا مطالبہ مسترد کردیا

0

ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے عوام کی جانب سے مستعفی ہونے کے مطالبے کو مسترد کردیا ہے۔

ترکی کو نئے سیاسی بحران کا سامنا۔۔۔ کرپشن کے الزام میں ملوث ہونے والےمستعفی وزراء نے ملک میں جاری کرپشن کا منبع وزیراعظم رجب طیب اردگان کو قرار دے دیا ہے۔

وزرا کےان الزامات کے بعد ترکی کے عوام وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں اور حزب اختلاف کی جانب سےملک بھر میں وزیراعظم کےخلاف ایک بڑی احتجاجی مہم کا آغاز کردیا گیاہے۔

تاہم وزیراعظم اردگان نے استعفے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر لگائے گئے کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں اور وہ آج بھی ترکی کے سب سے مقبول رہنما ہیں، اس سے قبل وہ ترکی کے دوسرے اہم شہر استنبول پہنچے تھے جہاں ان کے چاہنے والوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
   

وسطی افریقہ میں تشدد پسندانہ کاروائیوں سے لاکھوں افراد بے گھر

0

جمہوریہ وسطی افریقہ میں بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ تشدد کے باعث لوگوں کی ایک بڑی تعداد ہمسایہ ممالک فرار ہونے لگی۔ جمہوریہ وسطی افریقہ میں جاری تشدد کی لہر جاری ہے۔

انسانی بنیاد پر افریقہ کی حکومت نے شہریوں کے جان و تحفظ اورافریقہ کے بحران کو حل کرنے کے لئے ہمسایہ ممالک سے مدد کی اپیل کی ہے،اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق افریقہ میں جاری جھڑپوں کے باعث تقریبا آٹھ لاکھ افراد اپنے گھروں کو چھوڑکر چلے گئے۔

فرانسیسی صدر فرینکوئس نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ افریقہ میں جاری تشدد کی لہرکو فوری ختم کرنے کے لئے اقدامات کرے۔ جمہوریہ وسطی افریقہ سونے اور ہیرے سمیت بہت سے معدنی وسائل ہونے کے باوجود سخت بدحالی اور غربت کا شکار ہے۔
   

یروشلم: اسرائیلی عوام کا فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر شدیداحتجاج

0

اسرائیلی دارالحکومت یروشلم میں سینکڑوں اسرائیلیوں نےپچیس فلسطینی قیدیوں کی رہائی کےخلاف احتجاج کیا، امریکا کی جانب سے جاری امن مذاکرات اور دونوں پڑوسی ممالک میں اعتماد سازی کی فضا قائم کرنے کے لئے پچیس فلسطینی قیدیوں کوتیس دسمبر تک رہا کیا جانا ہے۔

تاہم امریکا کے اس فیصلے کے خلاف سینکڑوں اسرائیلیوں نےدارالحکومت یروشلم میں وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کی رہائش گا ہ کے باہر احتجاج کیا۔

احتجاجی مظاہرین امریکا اور یورپ کی دوغلی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگا رہےتھے ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بعد اسرائیل کی داخلی سیکیورٹی کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں لہٰذا فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

بنگلہ دیش میں اپوزیشن کے حامیوں کی پکڑ دھکڑجاری

0

بنگلہ دیش میں عام انتخابات سے قبل اپوزیشن کے حامیوں کی بڑی تعداد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی تاحال برقرار ہے، فورسز نے بڑے پیمانے پرحکومت مخالف مارچ کو روکنے کے لئے اپوزیشن کے حامیوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کردیا ہے۔

گزشتہ دودنوں میں حزب اختلاف کے سات سو سے زائد افراد کو ملک بھر سے کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔ یاد رہے کہ حزب اختلاف کی رہنما خالدہ ضیاء اور ان کے اتحادیوں نے پانچ جنوری کو منعقد ہونے والے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
 

قاہرہ: جامعہ الازہر کی دوعمارتوں کو آگ لگا دی

0

مصرمیں حکومت کی جانب سے عائدکردہ پابندی کے باوجود قاہرہ میں مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں،گزشتہ روزسے اب تک سات افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روزمظاہرین کی جانب سےجامعہ الازہر کی دوعمارتوں کو آگ لگا دی گئی ،جبکہ دوسری جانب پولیس کے ساتھ تازہ جھڑپ میں دو طالب علم جاں بحق ہوگئے ہیں۔،

پولیس نے اس موقع پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا بھر پور استعمال کیا،احتجاج اور دھرنوں کے دوران پولیس نے ساٹھ طالبعلموں کو گرفتاربھی کیا ہے،اس سے قبل گزشتہ روز جھڑپ میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

یونیورسٹی کے طلبہ نے رواں ہفتے کے شروع سے مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ،جنہیں سیکورٹی فورسز کی سخت مزاحمت کا سامناکرنا پڑرہا ہے، مصر میں سابق صدر مرسی کی معزولی کے بعد سے خونی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
   

ٹورونٹو : برف کے طوفان کے بعد ہزاروں شہری تاحال بجلی سے محروم

0

کینیڈا کے شہر ٹورونٹو میں گزشتہ ہفتے آنے والے برفانی طوفان کی وجہ سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے ۔

ریسکیو ورکرز دن رات بجلی کی فراہمی بحال کرنے میں مصروف ہیں اور گھر گھر جاکر طوفان کے باعث ٹوٹ جانے والے تاروں کی مرمت کر رہے ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں کی مدد کے لئے دارالحکومت اونٹاریو سے بھی مزید نفری طلب کرلی گئی ہے، کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ جلد از جلد بجلی کی فراہمی بحال کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
   

ٹوکیو: اوکینوا جزیرے میں امریکی بیس منتقل کرنے پر احتجاج

0

جاپان کے جزیرے میں قائم امریکی فوجی بیس کو متبادل جگہ فراہم کرنے کے فیصلے پر عوامی احتجاج، مخالفین نے مطالبہ کیا ہےکہ فوجی بیس کو مکمل طور پربند کردیا جائے۔

جاپان میں امریکی فوجی بیس کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا ہے کہ فوجی بیس کو مکمل طور پربند کردیا جائے، اگر مطالبے پر عملدآمد نہیں کیا گیا تو عدالت میں امریکی بیس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا ۔

گورنر کی جانب سےموجودہ امریکی فوجی بیس آبادی میں اضافے کے باعث ناگو سٹی منتقل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ جاپان میں اس وقت سینتالیس ہزار امریکی فوجی موجود ہیں، ان میں سے بیس ہزار سے زائد اوکینوا جزیرے میں تعینات ہیں جن میں سے پانچ ہزار آٹھ سو مختلف جرائم میں ملوث بھی پائے گئےہیں۔

جارجیا: مقناطیسی انسان نے سب کو حیران کردیا

0

شعلے فلم میں ٹاکور کاڈائیلاگ کہ ہتھوڑا ماردو مگر مقناطیسی صلاحیت کا اس پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔۔ کی عملی تفسیر جارجیا کا وہ کوچ ہے جس کے عشق میں لوہا خود گرفتار ہو گیا ہے،یقین نہ آئے تو خود دیکھ لیجئے۔

جارجیا میں سوویت کک باکسنگ کے کوچ اکتالیس سالہ ایتبر ایلچیوکو قدرت نے ایسی مقناطیسی طاقت سے نوازا ہے کہ جسے دیکھتے ہی اچھے اچھوں کی نظریں دنگ رہ جائیں ۔ایلچیوکے جسم میں ایسی مقناطیسی کشش ہے کہ لوہا چپکے تو اترنے کا نام نہیں لیتا۔

یہ ثابت کرنے کیلئے ایلچیوکے سینے اور پیٹھ پر تریپن لوہے کے چمچے چپکائے گئے اورانہوں نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔یہی نہیں انہوں نے ایک لوہے کی شیٹ سینے پر رکھ کر اس پر ایک نوجوان کو بٹھادیا اور شیٹ سے منسلک رسی کی مدد سے بغیر ہاتھ لگائے ایک مرسڈیز گاڑی کو بھی کھینچا۔

جبکہ ایک اور جگہ لوہے کی شیٹ سینے پر چپکاکر اس پر پتھر کے اینٹ رکھ دئیے اور اینٹوں پر خوب ہتھوڑے بھی برسائے گئے مگر سینے سے شیٹ نہ ہٹ سکی ۔ایلچیو کے مطابق قدرت کے اس انمول تحفے پر وہ بہت خوش ہیں اور مستقبل میں وہ ہوائی جہاز اور ریل گاڑی کھینچنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔