پیر, مئی 12, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 30280

غزہ: اسرائیلی طیاروں کا حملہ،بچی سمیت2افراد جاں بحق،10زخمی

0

غزہ پر اسرائیلی طیاروں کے حملے کے نتیجے میں بچی سمیت دو افراد جاں بحق اور دس سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فضائی اور زمینی افواج نے منگل کے روز غزہ پر کئی فضائی حملے کئے، جس سے کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں اور دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔

مرنے والوں میں ایک کمسن لڑکی بھی شامل ہے، زخمی ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے سات افراد شامل ہیں، یہ حملے اس واقعے کے بعد کئے گئے ہیں جس میں ایک فلسطینی اسنائپر کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی، جس میں ایک اسرائیلی باشندہ ہلاک ہوگیا تھا۔

دمشق: شامی فضائیہ 10روز میں87بچو ں سمیت 380 افراد کو نگل گئی

0

شام میں سرکاری فوج کی وحشیانہ بمباری سے دس روز میں ستاسی بچوں سمیت تین سو اسی افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام کے شہر حلب میں سیکیورٹی فورسز کیجانب سے مسلسل دس روز سے بمباری کی جارہی ہے۔ کئی روز کی بمباری سے حلب شہر کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔

شہر کی کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں ہیں، سرکاری فوج کی جانب سے رہائشی علاقوں میں برسائے گئے بیرل بموں سے ستاسی بچوں سمیت تین سو اسی افراد لقمہ اجل بن گئے، حملوں کے بعد اسپتال زخمیوں سے بھرگئے ہیں جبکہ ملبے تلے دبے درجنوں افراد کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، جن سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
   

امریکی جاسوسی نظام دنیا پر اخفا کرکے مطلوبہ نتائج حاصل کئے، اسنوڈن

0

امریکی خفیہ ایجنسی کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن نےکہا ہے کہ انہوں نے ذاتی نوعیت کی معلومات جمع کرنے والے امریکی جاسوسی کے نظام کو دنیا پر اخفاکرکے مطلوبہ نتائج حاصل کرلئے ہیں۔

روس میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والے امریکی خفیہ ادارے نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن نے ایک غیر ملکی اخبار کو طویل انٹرویو کے دوران بتایا کہ انہیں اس بات کا اطمینان ہے کہ انہوں نے معاشرے کی بہتری کے لئے کام کیا اور جن مقاصد کے لئے انہوں نے قربانی دی وہ مقصد پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین ان پر روس اور چین کا ایجنٹ ہونے کے الزامات لگا رہے ہیں جو کہ سراسر غلط ہیں، ان کا کہنا تھا کہ نہ ہی وہ کسی ملک کے ایجنٹ ہیں اور نہ ان کے کسی ملک کے ساتھ خفیہ روابط ہیں۔
   

نیویارک:باپ نے بچے کوعمارت سے نیچے پھینک دیا

0

نیویارک میں والدین کے درمیان تین سالہ بچے کی سپردگی کے تنازعہ کی وجہ سے بچے کے والد نے اسےکئی منزلہ عمارت سے نیچے پھینک دیا اور خود بھی بلڈنگ سے کود کر جان دیدی۔

سن دو ہزار نو میں ہونے والی سویتلانا کناریکوف اور دیمتری کناریکوف کی شادی اگست دوہزار تیرہ میں ختم ہوگئی تھی لیکن تین سالہ بچے کی سپردگی کے معاملے پر دونوں میں تنازعہ چل رہا تھا۔

تاہم ہفتے میں ایک دن تین گھنٹے تک بچے کو والد سے ملنے کی اجازت مل گئی تھی، پولیس کے مطابق آخری ملاقات میں بچے کے والد سویتلانا کناریکوف بچے کو لے کر باون ویں منزل پر چلا گیا، جہاں سے بچے کو نیچے دھکا دینے کے بعد خود بھی کود کر جان دیدی۔
   

ایران مغربی ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہشمندہے، حسن روحانی

0

ایران امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کا خواشمند ہے۔

جرمن جریدے کو دیئے گئے انٹرویو میں ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک امریکہ کے تعلقات کے حوالے سے بات کرنے سے گریز کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکہ سمیت تمام مغربی ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بہتر بنانا چاہتا ہے، ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہم امریکہ سے کشیدگی کو دور کرنے اور مستقبل میں بہتر تعلقات کے قیام کے خواہاں ہیں۔

ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل امریکی صدر براک اوباما کے ساتھ ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کو انہوں نے تین دہائیوں میں امریکہ اور ایران کے درمیان ایک تاریخی موڑ قرار دیا۔

کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ تھم نہ سکا

0

کراچی فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ تھم نہ سکا، سپر ہائی وئے پر بچہ قتل جبکہ نیپا چورنگی پر فائرنگ سے نجی ٹی وی چینل کے صحافی بیٹا اورکزن زخمی ہوگئے، منگھو پیر میں رینجرز سے مقابلے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔

گزشتہ روز گڈاپ سے ملنے والی تینوں لاشوں کی شاخت جاوید، نعمان اور سلیم کے نام سے ہوئی ہے، پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری ہیں، ترجمان رینجرز کے مطابق منگھو پیر کے علاقے خیر آباد میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ملزمان نے رینجرز پر فائرنگ کردی۔

رینجرز کی جوابی کاروائی میں مبینہ طور پر دہشت گرد ہلاک ہوگیا، پولیس نے انچولی کے قریب مشکوک گاڑی سے بارہ ڈیٹونیٹرز برآمد کرلئے۔
   

گا چین پاکستان کو 2نیو جوہری پاور پلانٹس کیلئے 6.5ارب ڈالرز کا قرضہ مہیا کرے گا

0

چین پاکستان کو دو نیو جوہری پاور پلانٹس کی تعمیر کے لئے چھ اعشاریہ پانچ ارب ڈالرز کا قرضہ مہیا کرے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چائنا نیشنل نیو کلئیر کارپوریشن پاکستان کو دو جوہری پاور پلانٹس کی تعمیر کے لئے چھ اعشاریہ پانچ ارب ڈالرز کا قرض مہیا کرے گا۔

اِن دونوں جوہری پلانٹس کی پیداواری صلاحیت ممجموعی طور پر بائیس سو میگاواٹ ہوگی اور اِن کی پیدوار جوہری ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی کی مجموعی پیداوار سے زائد ہوگی۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق اِن دونوں پلانٹس کی تعمیر دوہزار انیس تک مکمل ہوگی اور اس سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

ذرائع کے مطابق چین نے اِن منصوبوں کو ڈھائی لاکھ ڈالرز کے انشورنس پرئمیم سے بھی مستثنی قرار دے دیا ہے، اِن منصوبوں کا افتتاح گزشتہ دنوں وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں کیا تھا۔
   

سنی اتحاد کونسل ربیع الاول کو ماہ امن و محبت کے نام سے منائے گی،حامد رضا

0

سنی اتحاد کونسل ربیع الاول کو ماہ امن و محبت کے نام سے منائے گی، صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ دو جنوری کو لاہور میں اہلسنّت کی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس ہوگی۔

فیصل آباد میں اجلاس کے بعد سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ لاہور میں اہلسنت جماعتوں کی ہونے والی اے پی سی میں بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ دہشتگردی پر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل ربیع الاول کو ماہ امن و محبت کے نام سے منائے گی، انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شمالی وزیرستان کے حوالے سے قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔

صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ ممتاز قادری کی رہائی کے لئے تحریک چلانے پر بھی غور کیا جائے گا، اجلاس میں جوادالحسن کاظمی کو سنی اتحاد کونسل کا وائس چیئرمین نامزد کر دیا گیا۔

مسیحی برادری کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے

0

حضرت عیسٰی علیہ السلام کا یوم ولادت یا کرسمس دنیا بھر میں موجود مسیحی برادری مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے۔

مشرق وسطٰی میں موجود عرب ممالک میں بھی کرسمس کا تہوار انتہائی عقیدت اور مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منایا جارہاہے، عرب ممالک میں موجود مسیحی برادری اپنے مسلمان بھائیوں کو اس موقع پر مبارکباد دیتی ہے اور مٹھائی سے انکی تواضع کی جاتی ہے۔

فلسطینی صدر محمود عباس اس موقع پر بیت اللحم میں واقع نیٹیویٹی چرچ پہنچ گئے، اس چرچ کے بارے میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ حضرت عیسٰی علیہ السلام اسی مقام پر دنیا میں تشریف لائے تھے، اس موقع پر سرد موسم کے باوجود رات گئے تک شرکاء کا رش لگا رہا۔

عراق میں بھی کرسمس کا تہوار عیسائیوں سمیت ہر مسلک سے تعلق رکھنے والے مسلمان بھی جوش وخروش سے منارہے ہیں، اس مرتبہ جوش وخروش زیادہ ہونے کی وجہ اس تہوار کا سالانہ چھٹیوں کے موقع پر آنا ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عراق میں موجود مسلمان اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہیں۔

خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں بھی عیسائی مذہب کے پیروکار بھرپور جوش وخروش کے ساتھ کرسمس کا تہوار منا رہے ہیں، دمشق کے مریمہ چرچ میں ہونے والی مرکزی تقریب میں شرکاء نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ملک میں جاری ڈھائی سالہ خانہ جنگی کے خاتمے کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔
    

   

کراچی:مزارقائد پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

0

برصغیر کے مسلمانوں کے میرکارواں بابائے قوم، قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

بابائے قوم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی، کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی میجر جنرل ندیم بٹ نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

بابائے قوم کے یوم ولادت کی تقریبات کا آغاز صبح کراچی میں مزار پر گارڈز کی تبدیلی سے ہوا، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاک و چوبند دستے نے پاک فضائیہ کے کیڈٹس کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

اس سے قبل مزار قائد پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، پاک فوج کے جوانوں نے فوجی بینڈ کی مختلف دھنوں پر پریڈ کا مظاہرہ بھی کیا۔

کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی میجر جنرل ندیم بٹ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اس کے بعد مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، تینوں مسلح افواج کے دستوں نے مزار پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔