جمعہ, مئی 16, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 30345

پاک فوج کےتین میجرجنرلز کو لیفٹنٹ جنرل کے عہدے پر ترقی

0

پاک فوج کے تین میجر جنرلز کو لیفٹنٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی۔ترقی پانے والوں میں زاہد لطیف مرزا ، اکرام الحق اور عبیداللہ خان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آرکےترجمان کےمطابق ترقی پانے والے افسران جنرل راحیل شریف اور جنرل راشد محمود کی فور اسٹار وہدوں پر ترقی اور جنرل ہارون اسلم کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی بناء پر خالی ہونے والی پوسٹوں پر تعینات کئے جائیں گے.

جنرل زاہد لطیف مرزا اس وقت جی ایچ کیو کی ملٹری سیکرٹری برانچ میں ڈی جی پرسانل سروسز خدمات انجام دے رہے ہیں ، جبکہ جنرل اکرام الحق جی ایچ کیومیں چیف آف جنرل اسٹاف برانچ میں وائس چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر تعینات ہیں .

اسی طرح جنرل عبیداللہ خان کھاریاں میں جنرل آفیسر کمانڈنگ 37انفینٹری ڈویژن خدمات انجام دے رہے ہیں، ذرائع کے مطابق ان ترقیوں کے نتیجے میں چند میجر جنرل سپر سیڈ بھی ہوئے ہیں۔
   

وزیر داخلہ کا لفظ غیر پارلیمانی تھا جس کا حکومت کو نوٹس لینا چاہئے، شاہ محمود قریشی

0

قومی اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی جانب سے لفظ تماشا واپس نہ لینے تک بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیر داخلہ کا لفظ غیر پارلیمانی تھا جس کا حکومت کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اپنا مائنڈ سیٹ جمہوری بنائے اور جن الفاظ سے اپوزیشن کی دل آزاری ہوئی ہے وہ واپس لے ۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارلیمنٹ کی کارروائی کا حصہ بننا چاہتی ہے لیکن حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما رانا نوید قمر نے کہاکہ پارلیمنٹ مضبوط نہ ہو تو دیگر ادارے مضبوط ہو جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن محض ایک لفظ نہیں بلکہ وزیر داخلہ کے غیر سنجیدہ رویے کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے پارلیمانی روایات کو برقرار رکھنا ہوگا۔

قوم اب دھرنوں اور سیاسی مظاہروں کے پیچھے نہیں چلے گی، احسن اقبال

0

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف دھرنے دینے والے سرمایہ کاروں کو ملک سے بھگانا چاہتے ہیں، وہ نہیں جانتے کہ 6 ماہ کولیشن سپورٹ فنڈ نہ ملے تو ملکی معیشت بیٹھ جائے گی۔

لاہور میں پاکستان انجینیئرنگ کانگریس کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے والے ملک کی کوئی خدمت نہیں کر رہے، قوم اب دھرنوں اور سیاسی مظاہروں کے پیچھے نہیں چلے گی، عمران خان کو خیبرپختونخواہ میں امن قائم کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں تین سال تک احتجاج کا راستہ ترک کرکے قومی مسائل پر حکومت کے ساتھ کھڑی ہوں، احسن اقبال نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ایک متنازع مسئلہ ہے جس پر سیاست دان اتفاق رائے پیدا نہیں کرسکے۔

اس ڈیم سے حاصل ہونے والے چند ارب روپے کے فوائد کی خاطر ملک کا بٹوارہ نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی پیدا کرنے کے سستے ذرائع تلاش کر رہے ہیں، جی ایس پی پلس ملنے سے ٹیکسٹائل کی صنعتوں کو ترقی ملنے کے امکانات موجود ہیں۔

 

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا لفظ ’’تماشا‘‘ واپس لینےسےانکار

0

وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینٹ کی کاروائی کسی کی مرضی اور تعصب کے تحت نہیں قانون اور ضابطے کے مطابق چلے گی۔

قومی اسمبلی میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ لفظ تماشا پارلیمانی تاریخ میں سینکڑوں بار استعمال ہو چکا ہے یہ کوئی غیر پارلیمانی لفظ نہیں جو واپس لیا جائے انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس لفظ پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا اپوزیشن اسمبلی کو یر غمال اور ہائی جیک کر نا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلیک میل ہو گی نہ اسمبلی کی کاروائی ہائی جیک ہو نے دے گی چودھری نثار نے کہا کہ دھرنے الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے معاملات یہ تحریک انصاف کا تماشا نہیں تو اور کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ٹی اے ڈی اے بھی لے رہی ہے اور بائیکاٹ بھی کر رہی ہے اپوزیشن کو عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں ہے۔

حکومت نجی شعبہ کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرے، آئی سی سی آئی

0

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نجی شعبہ کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے ، جس سے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، صنعتی شعبہ کو ترقی ملے گی۔

کاروباری سرگرمیاں تیز ہوں گی او رمعیشت میں نمایاں بہتر آئے گی، چیمبر کے صدر شعبان خالد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں سرکاری قرضوں پر زیادہ مارک اپ ملنے کی وجہ سے بنک نجی شعبہ کو قرضے دینے سے کتراتے ہیں اور حکومت کو قرضہ دینے کو ترجیح دیتے ہیں ، جس وجہ سے نجی شعبہ کو کاروبار کو فروغ دینے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ ورلڈ بنک کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں نجی شعبے کیلئے قرضے کی شرح میں پچھلے چند سالوں سے کمی کا رجحان رہا ہے کیونکہ سال 2009 میں پاکستان میں نجی شعبے کیلئے قرضے کی شرح مجموعی قومی پیداوار کا 23.6 فی صد تھی جو کہ سال 2012 میں کم ہو کر 16.4 فی صد تک آ گئی ہے۔

شعبان خالد نے حکومت پر زور دیا کہ وہ موجودہ پالیسی پر نظر ثانی کرے اور بینکوں کو ہدایات جاری کرے کہ وہ نجی شعبے کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے پر توجہ دیں جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا، سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا ، کاروباری سرگرمیاں تیز ہوں گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور معیشت کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔

آئی ایم ایف نےپاکستان کیلئےقرض کی دوسری قسط کی منظوری دےدی

0

آئی ایم ایف کےمطابق حکومت پاکستان کی جانب سے کی جانےوالی معاشی اصلاحات صحیح سمت پرگامزن ہیں۔

آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کیلئے پچیپن کروڑ ڈالرقرضے کی دوسری قسط کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق قرضے کی رقم پاکستان کو جلد مل جائے گی، پاکستان کے لیے قرضے کی منظوری آئی ایم ایف کے بورڈ آف ڈائرکٹرز نے دی۔

آئی ایم ایف بورڈ کے مطابق پاکستانی حکومت کی معاشی اصلاحات صحیح ہیں جب کہ زرمبادلہ ذخائرکا ہدف نہ حاصل ہونے پرپاکستان کوچھوٹ دی گئی ہے۔ یہ قسط پاکستان کی جانب سے لئے گئے چھ اعشاریہ چھ ارب ڈالر کے دوسرے قرض پروگرام کا حصہ ہے

آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس کے لئے نشان امتیاز

0

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشدمحمود کو نشان امتیاز سے نوازا گیا ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس اورآرمی چیف کو نشان امتیازملٹری دینے کی تقریب اسلام آباد میں منقعد ہوئی، جس میں صدرممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ مسلح افواج کےسربراہان اوروفاقی وزرا شریک ہوئے۔
    
   

پیرو: بس کھائی میں جاگری،15افراد ہلاک،58زخمی

0

پیرو حکام کے مطابق دارالحکومت لیما کے پہاڑی علاقے میں ایک بس کھائی میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں پندرہ افراد ہلاک اور اٹھاون زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بس تیز رفتاری کے باعث دوسومیٹر گہری کھائی میں گری، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بس موڑ کھاتے ہوئے پہاڑ سے نیچے گری، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں زیادہ ہوئیں۔

زخمیوں کو مقامی اسپتال پہنچایا گیا، حادثے کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہوسکا، تاہم بچ جانے والے مسافروں نے بس ڈرائیور کی لاپرواہی اور تیزرفتاری کواس حادثے کا ذمہ دار قرار دیا۔

 

پاکستان کےزرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ

0

پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں چھیالیس کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہو گیا ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق اس اضافے سے تیرہ دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے تک ملکی زرمبادلہ کے ذخائرکی مجموعی مالیت آٹھ ارب 52 کروڑ63 لاکھ ڈالرہوگئی ہے۔

بینکنگ ذرائع کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ عالمی اداروں سے قرض اورامداد کی مد میں ملنے والے ڈالرز کے باعث ہوا۔

جبکہ جلد ہی آئی ایم ایف سےقرض کی دوسری قسط 55 کروڑڈالربھی مل جائیں گے، ادھراسٹیٹ بینک نے قرض پر سود اوردرآمدات کیلئے گذشتہ ہفتے زرمبادلہ کے ذخائر سے دس کروڑ ڈالر کی ادائیگی بھی کی ہے۔

 

آسٹریلیا: سڈنی میں بم کی اطلاع،پارلیمنٹ ہائوس کی عمارت خالی

0

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بم کی اطلاع کے بعد پارلیمنٹ آنے جانے والے تمام راستے سیل کردئیے گئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوساؤتھ ویلزمیں بم کی اطلاع پر پارلیمنٹ کو بند کرکے پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق سرچ آپریشن کے باعث پارلیمنٹ ہائوس کی عمارت خالی کرالی گئی اور لوگوں کو کسی بھی قسم کی نقل و حرکت سے روک دیا گیا ہے۔

آخری اطلاعات آنے تک پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بم کی تلاش میں مصروف تھے۔