اتوار, جون 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 6564

دھونی نے نوجوان کرکٹر کو لفٹ دے دی، ویڈیو وائرل

0
دھونی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے نوجوان کرکٹر کو موٹر سائیکل پر لفٹ دے کر گراؤنڈ سے گھر چھوڑا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی سے متعلق سب ہی جانتے ہیں کہ وہ ہیوی بائیکس کے شوقین ہیں اور اکثر ان کی موٹر سائیکل چلانے کی ویڈیوز سامنے آتی رہتی ہیں۔

دھونی کو ٹریننگ سیشن کے بعد رانچی میں ایک نوجوان کرکٹر کو موٹر سائیکل پر لفٹ دیتے دیکھا گیا، سابق کپتان نے نوجوان کرکٹر کو گراؤنڈ بھی پہنچایا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھونی موٹر سائیکل چلا رہے ہیں جبکہ نوجوان کرکٹر ویڈیو بنا رہے ہیں۔

کرکٹر نے سوشل میڈیا پر دھونی کی ویڈیو شیئر کی اور مدد کرنے کا ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سوشل میڈیا صارفین دھونی کے اقدام کی خوب تعریف کررہے ہیں جبکہ موٹر سائیکل کے دھواں چھوڑنے پر کچھ صارفین انہیں بائیک کی سروس کروانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دھونی کی ٹیم چنئی سپر کنگز نے آئی پی ایل 2023 میں گجرات ٹائٹنز کو شکست دے کر پانچواں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

فیس بک اور انسٹاگرام کے بائیکاٹ کی مہم

0

کینیڈا کے صحافیوں نے انسٹاگرام اور فیس بک کے بائیکاٹ پر زور دیا ہے۔

کینیڈین صوبے کیوبیک میں صحافی اور تعلقات عامہ کی فیڈریشنز عوام سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ وہ کینیڈا میں خبروں کے اشتراک پر کمپنی کی پابندی پر میٹا کی ملکیت والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ایک دن کے بائیکاٹ میں شامل ہوں۔

فیڈریشن آف پروفیشنل جرنلسٹس آف کیوبیک نے کہا کہ نام نہاد عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر "میٹا کے بغیر دن” کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ "کیوبیک خود کو خوفزدہ نہیں ہونے دے گا اور مقامی میڈیا اور صحافیوں کی حمایت جاری رکھے گا”۔

کیوبیک سوسائٹی آف پبلک ریلیشنز پروفیشنلز کے صدر پیٹرک ہو نے گزشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ "خبروں کو مسدود کرنے سے، میٹا شہریوں کو قابل اعتماد معلومات تک رسائی کی اجازت نہیں دے رہا ہے اور اس سے ہمیں بہت تشویش ہے،”

میٹا – فیس بک اور انسٹاگرام کے مالک نے 1 اگست کو کینیڈا میں ایک نئے قانون پر نیوز بلیک آؤٹ نافذ کیا جس کے تحت کمپنی کو اپنے پلیٹ فارمز پر شیئر کیے گئے مواد کے لیے کینیڈا کے میڈیا آؤٹ لیٹس کو ادائیگی کرنے کی ضرورت ہوگی۔

اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، نئی اسکیم کا اعلان

0

اسلام آباد : نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے اوورسیز پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی، ان کا کہنا ہے کہ باہر سے آنے والی رقم کی وصولی پر کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیرخزانہ شمشاد اختر نے ترسیلات زر سے متعلق اہم اعلان کیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سوہنی دھرتی ریمیٹنس اسکیم بنالی گئی ہے۔

بیرون ملک سے بینکنگ چینل کے ذریعے پیسے بھیجنے والوں کیلئے انعامی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے نگراں وزیرخزانہ نے بتایا کہ مذکورہ اسکیم کیلئے 20ارب روپے اسٹیٹ بینک کو جاری کردیئے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ باہر سے جو رقم پاکستان بھجوائیں گے ان کے رشتہ دار یہاں مفت وصول کرسکیں گے، جس کی انہیں کوئی فیس نہیں دینا پڑے گی۔

شمشاد اختر نے کہا کہ ترسیلات زر کو عام چینلز کے ذریعے بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں، 80 ارب روپے ترسیلات زر کی اسکیم کو سپورٹ کرنے کیلئے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو کئی چیلنجز کا سامناہے، ہم چیلنجز سے گھبرا نہیں رہے بلکہ مقابلے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں،حکومتی اقدامات سے مختلف شعبوں میں بہتری آئی ہے، ٹیکس نیٹ کو مزید بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔

نگراں وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ ایکسچینج کمپنیز کے نظام کو ریگولیٹ کیا جارہا ہے، حکومتی اقدامات سے فصلوں کی بہتر پیداوار حاصل ہوگی، جس سے بہتر معاشی نتائج سامنے آئیں گے۔
وقت کے ساتھ ساتھ انڈسٹریز کی حالت میں بہتری آرہی ہے، اخراجات کم اور ریونیو بڑھانے کیلئےاقدامات کیے جارہے ہیں۔

بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں نگراں حکومت مؤثر اقدامات کررہی ہے کامیاب ہوگئے تو ملکی معیشت جلد بہتر ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ اسمگلنگ کی روک تھام سے روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے، قانونی ذرائع سے ترسیلات زر کی ملک میں آمد کیلئے اقدامات کیے ہیں۔

ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی، کھلاڑیوں پر بڑی پابندی عائد

0
ایشیا کپ

ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کاکرردگی پر سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کھلاڑیوں پر بڑی پابندی عائد کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے ایشیا کپ میں شکست کے اسباب جاننے کے لیے ہائی پروفائل میٹنگ طلب کرلی ہے جس میں چیف سلیکٹر انضمام الحق، سربراہ کرکٹ کمیٹی مصباح الحق شریک ہوں گے۔

اجلاس میں کرکٹ کمیٹی کے ممبر محمد حفیظ اور نامور کرکٹرز بھی شرکت کریں گے جس میں ایشیا کپ کے اہم معرکے میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے اسباب سامنے لائے جائیں گے۔

پی سی بی کے اجلاس میں سامنے آنے والے اسباب کی روشنی میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

قومی کرکٹرز کو پی ایس ایل کے علاوہ صرف ایک اور لیگ کھیلنے کی اجازت ہوگی، پی سی بی نے شق قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کردی ہے۔

ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ پابندی لگانے کا مقصد کھلاڑیوں کو فٹ رکھنا ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف اہم میچ سے قبل قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز نسیم شاہ اور حارث رؤف انجرڈ ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست سے دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

پیپلزپارٹی کا فی الفور انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ

0
بلاول بھٹو

کراچی: پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سے فی الفور انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ کردیا

اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ای سی اجلاس کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام سے نہیں چھپ رہے، الیکشن کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ ٹی وی پر دیکھ لیں کس کی شکلیں مایوس نظر آتی ہیں، ایک اتحادی کے لیے کہا جاتا تھا مشکل میں پاؤں پکڑتے ہیں اور بعد میں گلا پکڑتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ خدشات، خاتمے کی ذمہ داری زرداری نے اٹھا لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی سے پہلے کوشش تھی ڈائیلاگ اور سیاسی طریقے سے الیکشن کی تاریخ کا حل نکالیں کاش ہماری وہ کوشش کامیاب ہوتی تو جمہوریت کے لیے بہتر ہوتا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں نے 9 مئی کو جی ایچ کیو، جناح ہاؤس پر حملے کا فیصلہ کیا، ہم ان سیاست دانوں سے بات کرسکتے ہیں جو ان واقعات میں ملوث نہیں تھے۔

نیب ترامیم سے متعلق فیصلے پر چیئرمین پیپلزپارٹی سے کہا کہ سپریم کورٹ سے اسی فیصلے کی توقع تھی، ہمارے لیے نیب کوئی نئی چیز نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب آمر کا بنایا ہوا ادارہ ہے اسے بند کرنا چاہیے، ہمارا موقف ہے کہ احتساب سب کا ایک جیسا ہونا چاہیے۔

چھے الفاظ پر مشتمل المیہ!

0

یہ تحریر دنیا کی اُس مختصر کہانی سے متعلق ہے جو انگریزی کے فقط چھے الفاظ پر مشتمل ہے اور کسی درد ناک واقعے یا کرب کی عمدہ مثال کے طور پر پیش کی جاتی ہے۔

ابنِ آدم کو قصّہ گوئی سے شغف ہمیشہ سے رہا ہے۔ شاید اسی وقت سے جب اُس نے بولنا شروع کیا اور بامعنیٰ گفتگو کا آغاز کیا۔ ہر طاقت وَر، دیو ہیکل، اپنے سے قوی اور ضرر رساں شے، گزند پہنچانے والی کوئی بھی انجانی، نامعلوم، پُراسرار، دیدہ و نادیدہ ہستی اور اشیاء اس کی داستانوں میں جگہ پاتی چلی گئیں۔ اور پھر داستان گوئی، کہانی کہنا اور کہانی لکھنا ادب شمار ہوا اور دورِ جدید میں مختصر کہانیاں لکھنے کا چلن ہوا۔

امریکہ کے مشہور وائرڈ میگزین نے 2006 میں مختصر ترین کہانیوں کا ایک مقابلہ منعقد کیا تھا جس میں امریکہ کے صفِ اوّل کے درجنوں مصنّفین نے اپنی اپنی کہانیاں بھیجی تھیں۔ ان کہانیوں کے موضوعات متنوع تھے جن میں سے چند کا اردو ترجمہ آپ کی دل چسپی کا باعث بنے گا۔

1۔ اس کی حسرت تھی، مل گیا، لعنت
2۔ میں نے خون آلود ہاتھوں سے کہا، خدا حافظ
3۔ بچے کے خون کا گروپ؟ بالعموم، انسانی!
4۔ انسانیت کو بچانے کے لیے اسے دوبارہ مرنا پڑا
5۔ آسمان ٹوٹ پڑا۔ تفصیل 11 بجے۔
6۔ کیا اتنا کافی ہے؟ کاہل ادیب نے پوچھا۔

اب چلتے ہیں چھے الفاظ کی اُس کہانی کی طرف جو ارنسٹ ہیمنگوے سے منسوب ہے۔ وہ امریکی ادب کا ایک بہت بڑا نام، ایک اعلیٰ پائے کے ناول نگار، افسانہ نویس اور صحافی تھے۔ پیٹر ملر نامی مصنّف نے 1974ء اپنی ایک کتاب میں‌ مختصر کہانی نویسی پر ایک واقعہ ہیمنگوے سے منسوب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ اُس نے ایک اخبار کے مالک کی زبانی سنا تھا جس کے مطابق ایک ریستوراں میں کھانا کھاتے ہوئے ارنسٹ ہیمنگوے کی اپنے دوست سے ایک بات پر ٹھن گئی۔ اس نے ہیمنگوے کو چیلنج کیا کہ وہ چھے الفاظ میں کوئی پُراثر کہانی لکھ کر دکھا دے اور ہیمنگوے نے ایک نیپکن پر چند الفاظ لکھ کر اس دوست کی طرف بڑھا دیے۔ ہیمنگوے نے لکھا تھا:

"For sale: baby shoes, never worn.”

"برائے فروخت: غیر استعمال شدہ، بے بی شوز۔” لیکن اس واقعہ کی صداقت مشکوک ہے۔ اس پر بہت زیادہ تنقید بھی ہوئی، مگر آج بھی فلیش فکشن یا مائیکرو فکشن کے باب میں اس کہانی کی مثال دی جاتی ہے۔

اس تحریر میں ایسا کیا ہے جس کا ذکر مختصر کہانی نویسی کے ضمن میں‌ دنیا بھر کے ادیب اور ناقدین کرتے ہیں اور اسے متأثر کن تحریر کہا جاتا ہے؟ یہ بظاہر ایک اشتہار ہے جس میں ایک بچّے کے جوتوں کا جوڑا فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ اس بے بی شوز کے بارے میں بیچنے والے کا دعویٰ ہے کہ یہ غیر استعمال شدہ ہیں، یعنی کبھی جوتے کی اس جوڑی کو کسی بچّے نے نہیں‌ پہنا۔ لیکن انھیں خریدا ضرور گیا تھا اور گویا یہ ‘ری سیل’ کیے جا رہے ہیں۔ یہی وہ اشارہ ہے جو اس کہانی کو ایک رمز اور گہرائی عطا کرتا ہے۔ Never worn یعنی کبھی نہ پہنے گئے یا غیر استعمال شدہ…. یہ وہ الفاظ ہیں جو ایک المیہ کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ شاید والدین نے جس بچّے کے لیے اسے خریدا تھا، وہ اب دنیا میں نہیں رہا، اور والدین شاید کسی مجبوری کے تحت انھیں بیچ رہے ہیں یا وہ چاہتے ہیں کہ یہ کسی اور بچّے کے کام آجائیں۔

الغرض اس کی تفہیم کرنے والوں نے ان چھ الفاظ پر مشتمل کہانی کو والدین کے لیے ایک تکلیف دہ واقعے، اور انسانی المیے کے طور پر ہی دیکھا ہے۔ اس کا مصنّف کوئی بھی ہو، یہ کہانی اپنے مفہوم اور پیغام کے اعتبار سے ایک شان دار تخلیق ہے۔ مائیکرو فکشن کا حصّہ اس کہانی کو "ٹویٹریچر” بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ یہ ٹویٹر پر بھی آسانی سے لکھی جا سکتی ہے۔

ملک میں مہنگائی کی شدت برقرار، اشیائے ضروریہ مزید مہنگی

0
مہنگائی

اسلام آباد : ملک بھر میں مہنگائی کا زور تاحال برقرار ہے، افراط زر کی مجموعی شرح26.25فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی جس کے تحت ایک ہفتے میں 24 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوئیں۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ٹماٹر4 روپے 59 پیسے، لہسن 18 روپے 67 پیسے فی کلو مہنگے جبکہ ایک ہفتے میں پیاز 2 روپے 78 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دال مسور 10 روپے 52 پیسے، دال مونگ 4 روپے 70 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، حالیہ ہفتے دال ماش 6 روپے 65 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوئی۔

اس کے علاوہ آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 11 روپے 5 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، باسمتی چاول، آلو، دودھ، دہی اور گڑ بھی مزید مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 8 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں، چینی 16 روپے 58 پیسے فی کلو، برائلر مرغی 21 روپے 32 پیسے فی کلو ،انڈے 8 روپے 48 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔

حالیہ ہفتے دال چنا، گھی اور خوردنی تیل بھی سستا ہوا اور ایک ہفتے میں مجموعی طور پر 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

آزادکشمیر میں احتجاج رنگ لے آیا، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس

0

مظفرآباد: عوام کا احتجاج رنگ لے لایا، آزادکشمیرحکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر حکومت عوامی احتجاج کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گئی۔ عوامی احتجاج پر حکومت نے بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پورے آزادکشمیر میں پہیہ جام اور شٹرڈاؤن کیا گیا۔ آزادکشمیر میں عوام نے بجلی بل جمع نہ کرانےکی مہم چلائی اور بل جلائے۔

حکومت آزادکشمیر نے منگلاڈیم اپ ریزنگ معاہدے میں ترمیم کو مسترد کر دیا۔ حکومتی وزرا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ منگلاڈیم اپ ریزنگ معاہدےمیں ترامیم کابینہ میں زیرغور آئی ہی نہیں

واضح رہے کہ واپڈا کی جانب سے منگلااپ ریزنگ معاہدے میں ترمیم کوحمایت حاصل نہ تھی۔

مقابلہ حسن میں پاکستانی حسیناؤں کی شرکت، حکومت کا لاتعلقی کا اعلان

0
مس یونیورس پاکستان

اسلام آباد: مقابلہ حسن میں پہلی بار پاکستانی حسینائیں شرکت کریں گی تاہم مقابلہ حسن سے وفاقی حکومت نے لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ مقابلہ حسن اور پاکستانی خواتین کی شرکت سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے کسی غیر ریاستی اور غیر حکومتی فرد یا ادارے کو ایسی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی ہے۔

واضح رہے کہ تاریخ میں پہلی بار دنیا کے سب سے بڑے مقابلہ حسن ’مس یونیورس‘ میں پاکستانی حسینائیں بھی حصہ لیں گی۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ ایریکا رابن پہلی مس یونیورس پاکستان بن گئیں۔

مس یونیورس پاکستان 2023 کےلیے ٹاپ 5 فائنلسٹ میں کراچی سے 24 سالہ ایریکا رابن، لاہور سے 24 سالہ حرا انعام، راولپنڈی سے 28 سالہ جیسکا ولسن، امریکی نژاد پاکستانی ریاست پنسلوانیا سے 19سالہ ملیکہ علوی اور پنجاب سے 26 سالہ سبرینا وسیم شامل تھیں۔

ایریکا رابن کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کے لیے اس مقابلے کا حصہ بنی ہیں، وہ چاہتی ہیں پوری دنیا پاکستان کی ثقافت سے روشناس ہو۔

انہوں نے کہا کہ سب کو دعوت دیتی ہوں کہ پاکستان آکر یہاں کی ثقافت اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں۔

واضح رہے کہ مس یونیورس پاکستان رواں سال نومبر میں ایل سلواڈور میں ہونے والے عالمی مس یونیورس مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

انجو کے بعد سویڈش خاتون نے پاکستان پہنچ کر نوجوان سے نکاح کر لیا

0
پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی، عدالت نے فیصلہ سنا دیا

بھارتی لڑکی انجو کے بعد سویڈن سے تعلق رکھنے والی خاتون نے پاکستان کے خوبصورت ترین شہر سوات پہنچ کر نوجوان سے شادی کر لی۔

44 سالہ تنیارت ینتاست سویڈن سے سوات کی تحصیل چار باغ الہ آباد پہنچی۔ انہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد 23 سالہ احمد شاہ سے نکاح کر لیا۔

تنیارت ینتاست اور احمد شاہ میں سوشل میڈیا پر دوستوں ہوئی تھی جو بعد میں محبت میں بدل گئی۔ سوات میں نکاح کرنے کے بعد دونوں اسلام آباد منتقل ہوگئے۔

احمد شاہ باغ الہ آباد کا رہائشی ہے اور انگریزی میں بیچلر کر رہا ہے۔

انجو کے بعد سویڈش خاتون نے پاکستان پہنچ کر نوجوان سے شادی کر لی

رواں سال جولائی میں بھارت سے تعلق رکھنے والی لڑکی انجو نے پاکستان کے شہر دیر بالا پہنچ کر اپنے دوست نصر اللہ سے اسلام قبول کرنے کے بعد نکاح کیا تھا۔

جوڑے کا نکاح ڈسٹرکٹ کورٹ دیر میں ہوا تھا۔ اسلام قبول کرنے کے بعد انجو نے اپنا نام فاطمہ سے تبدیل کیا تھا۔