نیو یارک: سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے ایک بار پھر پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف بول پڑے۔
رہنما تحریک خالصتان گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ 1965 ہے اور نہ ہی 1971، یہ 2025 ہے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ ہم بھارتی فوج کو پنجاب سے گزر کر پاکستان پر حملہ نہیں کرنے دیں گے، پاکستان کا نام ہی پاک ہے، ہم 2 کروڑ سکھ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سکھ فار جسٹس نے پہلگام حملہ ’را‘ کا فالس فلیگ آپریشن قرار دے دیا
انہوں نے کہا کہ بھارت کی اتنی ہمت نہیں کہ وہ پاکستان پر حملہ کرے، ہماری روایت ہے نہ ہم نے کبھی پہلے حملہ کیا اور نہ حملہ کریں گے، لیکن جس نے بھی حملہ کیا پھر وہ بچا نہیں چاہے اندرا گاندھی ہو، نریندر مودی ہو یا امیت شاہ۔
ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی، اجیت دوول، امیت شاہ اور جے شنکر کو عالمی قوانین کے تحت کٹہرے میں کھڑا کریں گے، پہلگام میں جو ہوا انہوں نے اپنے ہی ہندوؤں کو خود مار دیا، پہلگام حملے کا مقصد راج نیتی اور ووٹوں کا حصول ہے۔
دو روز قبل گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارتی فوج میں موجود سکھ سپاہی پاکستان کے خلاف نہ لڑیں اور جنگ سے انکار کر دیں۔
گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے ہندوتوا ایجنڈے کو حاصل کرنے کیلیے سکھ سپاہیوں کو پاکستان کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔