بھارت کی اشتعال انگیزی میں زخمی ہونے والے مزید دو پاکستانی بہادر سپوت شہید ہو گئے مسلح افواج کے شہدا کی تعداد 13 ہو گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں بھارت کی جانب سے کی جانے والی اشتعال انگیزی میں زخمی ہونے والے پاکستان کے مزید دو بہادر سپوت شہید ہو گئے ہیں۔ مسلح افواج کے شہدا کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
حوالدار محمد نوید اور پاک فضائیہ کے سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی اشتعال انگیزی میں شدید زخمی ہوئے تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزی میں 78 جوان دوران ڈیوٹی زخمی ہوئے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج اور پاکستان کے عوام شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ دفاع وطن کے لیے شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے گزشتہ روز بھارتی جارحیت کے خلاف معرکہ حق کے دوران شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات بھی جاری کی تھیں۔
ان تفصیلات کے مطابق بھارتی مسلح افواج کے بلا اشتعال اور وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں 40 شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 121 شہری زخمی ہوئے۔ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کے معرکہ حق کے تحت بھرپور جوابی کارروائی میں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
معرکہ حق کے دوران شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کر دی گئیں