امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اس موقع پر پاک بھارت کشیدگی اور موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت کے پاکستان پر پہلے میزائل اور پھر ڈرون حملوں کے بعد دونوں ممالک میں بڑھتی کشیدہ صورتحال میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم نے بھارتی میزال اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حملوں میں شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا جب کہ ان حملوں میں 31 شہری شہید اور 57 زخمی ہوئے ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے جارحیت کر کے خطے کے امن اور استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ پاکستانی عوام بھارت کی بلا اشتعال شر انگیزی سے شدید غصہ میں ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ہم جنوبی ایشیا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے پر عزم ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت پر کشیدگی کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔