بھارت کے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر تین غیر ملکی ایئر لائنز نے دونوں ممالک کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق بھارت کے پاکستان پر حملے کے بعد پاک بھارت کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس صورتحال میں خلیجی فضائی کمپنیوں نے جنوبی ایشیا کے لیے کئی پروازیں منسوخ کر دی ہیں یا ان کا رخ تبدیل کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اتحاد، امارات اور قطر ایئر ویز سمیت ایئر لائنز نے دبئی، ابوظہبی اور دوحہ ہوائی اڈوں سے بھارت اور پاکستان کے ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں فوری طور پر روک دیں یا تاخیر کا شکار کر دیں۔
اب ایمرٹس، اتحاد اور قطر ایئر ویز نے 10 مئی تک پاکستان کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ ایمرٹس کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں پروازیں معطل کی گئی ہیں۔ صورتحال کو قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں۔
اتحاد نے کہا کہ اس نے 6 مئی کو پاکستان جانے والی پروازوں کو واپس بلایا۔ اس کے علاوہ 7 مئی کو کراچی (EY297)، لاہور (EY285) اور اسلام آباد (EY303) کے لیے پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔
ایئر لائنز کی ویب سائٹ کے مطابق ایمریٹس نے دبئی اور پاکستان میں سیالکوٹ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت دیگر مقامات کے درمیان پروازیں بھی معطل کر دی ہیں۔
قطر ایئر ویز نے کہا کہ اس نے فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے پاکستان کے لیے پروازیں "عارضی طور پر معطل” کر دی ہیں۔