پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے بھارتی جارحیت پر کہا ہے کہ کوئی بھی خاندانی قوم پانی اور کرکٹ پر حملہ نہیں کرتی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین وٹیسٹ کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجا نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارتی جارحیت پر اس کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی خاندانی قوم پانی اور کرکٹ پر حملہ نہیں کرتی۔ بھارت نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے کرکٹ کے میدان پر حملہ کیا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بھی مشکلات کا شکار تھی لیکن ہیرو بن کر ابھری اور چار دن میں ایک قوم بن کر ابھری۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ قوم میں اعتماد دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ ہر مشکل کے بعد ہیرو بننے کا موقع ہوتا ہے اور پاکستان نے یہ کر دکھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ دنیا میں پاکستان کی پہچان ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اب کرکٹ کو اوپر کی طرف لے جانا ہوگا۔ کرکٹ پریشر گیم ہے اور دباؤ کی صورتحال سے گزر کر کھلاڑی عظیم بنتے ہیں۔