راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں 6 خوارج ہلاک کر دیے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، پاکستان بارہا افغان عبوری حکومت سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ کا کہتا آ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش میں 3 خوارج ہلاک
آئی ایس پی آر نے کہا کہ توقع ہے افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پورے کرے گی اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلیے استعمال نہیں ہوگی، سکیورٹی فورسز سرحد محفوظ اور دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پرعزم ہے۔
19 جنوری 2025 کو سکیورٹی فورسز نے ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کرنے والے 5 خوارج ہلاک کیا تھا۔
خوارج کے ایک گروپ کی 18 اور 19 جنوری کی رات پاک افغان سرحد پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ کے قریب نقل و حرکت دیکھی گئی تھی جس پر سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے دراندازی کی یہ کوشش ناکام بنا دی۔
13 جنوری 2025 کو سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب افغان جاسوس کو ہلاک کیا تھا۔ محمد خان عرف عبداللہ افغان ایجنسی کیلیے پاکستان میں کام کر رہا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشتگرد کی شناخت محمد خان احمد خیل ولد محمد قاسم داوراں کے نام سے ہوئی، 48 سال کا دہشتگرد صوبے پکتیکا کا رہائشی تھا۔
ذرائع نے کہا تھا کہ ہلاک افغان دہشتگرد سے افغان شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا۔