پہلگام واقعے کے بعد بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پاک فوج مکمل طور پر تیار ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی جنگی مشقیں پورے زور و شور سے جاری ہیں، جنگی حکمتِ عملی کے پیشِ نظر مشقوں میں جدید ہتھیاروں کا عملی مظاہرہ بھی کیا جا رہا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق جنگی حکمت عملی کے پیش نظر مشقوں میں جدید ہتھیاروں کا عملی مظاہرہ کیا جا رہا ہے، مشقوں میں افسران اور جوان اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کو بھرپور طریقے سے دکھارہے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ان جنگی مشقوں کا مقصد دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینا ہے، انہوں نے کہا کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کیلئے ہر دم تیار ہے۔
دوسری جانب پاک فضائیہ دشمن کو دھول چٹانے کیلئے ہردم تیار ہے، پاک فضائیہ نے ہمیشہ پاکستان کی سالمیت کی خاطر اپنی پیشہ وارانہ ذمے داریاں انتہائی پروفیشنل اور مؤثر اندازمیں ادا کی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ائیر فورس پوری دنیا میں اپنی تکنیکی مہارت اور دلیرانہ شہرت سے جانی جاتی ہے، جدید ترین لڑاکا طیاروں سے لیس پاکستان ائیر فورس کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے پُرعزم ہے۔
اس سے قبل 29/30 اپریل کی رات کو چار بھارتی رافیل طیاروں نے مقبوضہ کشمیر کی فضائی حدود میں بھارتی جغرافیائی حدود میں گشت کیا۔
پاک فضائیہ نے فوری طور پر بھارتی لڑاکا طیاروں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، پی اے ایف کی بروقت اور فوری کارروائی کی وجہ سے بھارتی طیارے گھبرا کر پیچھے ہٹ گئے۔