اسلام آباد: پاک فوج نے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس سی او سمٹ کے لیے وزارت داخلہ نے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کے احکامات دیے تھے جس کے بعد فوج نے اسلام آباد میں سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاک فوج کے دستوں کی اسلام آباد اور گردونواح میں تعیناتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور امن برقرار رکھنے کے لیے پاک فوج کا علاقے میں گشت شروع ہوگیا ہے، کسی بھی شرپسند کو امن و امان تہہ و بالا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاک فوج ایس سی او سمٹ کے دوران 17 اکتوبر تک تعینات رہے گی۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔
یاد رہے پاکستان نے بھارت کو ایس سی او سربراہان سمٹ میں شرکت کیلئے دعوت نامہ بھیجا تھا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر ایس سی اوسمٹ میں شرکت کیلئے پاکستان جائیں گے اور 15 ،16 اکتوبر کو سمٹ میں شرکت کریں گے، جے شنکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا تھا کہ ہمیں کچھ ممالک سے اجلاس میں شرکت کی تصدیق موصول ہوئی ہے، وقت آنے پر آگاہ کیا جائے گا کہ کس کس ملک نے تصدیق کی ہے۔