لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کیلئے پاک آرمی اور رینجرز کی خدمات طلب کرلی گئی ہیں، محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست بھجوادی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور، راولپنڈی، ملتان میں میچز کی سیکیورٹی کیلئے دستے طلب کیے ہیں، فول پروف سیکیورٹی میں پولیس کی معاونت کیلئے دستوں کو طلب کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی، ملتان کیلئے رینجرز کے1، 1 ونگ، آرمی کی 2، 2 کمپنیوں کی خدمات طلب کی ہیں، ایس ایس جی کمانڈوز اورآرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کی خدمات بھی طلب کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ ایڈیشن 10 کے میچز 11 اپریل سے 18 مئی تک شیڈول ہیں، سیکیورٹی کیلئے دستوں کی خدمات 6 اپریل سے 19مئی تک طلب کی گئی ہیں۔
دوسری جانب اس سال پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں انگلینڈ کے سابق کپتان سرالیسٹرکک کمنٹری پینل میں کا حصہ ہونگے۔
مارک نکولس، ڈومینک کارک، جے پی ڈومینی، مائیک ہیزمین، مارٹن گپٹل اور اطہر علی خان بھی پی ایس ایل کمنٹری پینل کاحصہ ہیں جبکہ آسٹریلوی خاتون کرکٹر لیزااسٹالکر بھی پہلی بار پی ایس ایل میں کمنٹری کریں گی۔
پاکستان کے چار سابق کپتان رمیز راجہ، وسیم اکرم، وقاریونس اور عامر سہیل کے علاوہ بازید خان عروج ممتاز اور کرکٹ انالسٹ سکندر بخت بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل کمنٹری پینل میں شامل ہیں، یاد رہے کہ وسیم اکرم بھی پہلی بار پی ایس ایل میں کمنٹری کرتے نظر آئیں گے۔
پی ایس ایل میں پہلی بار مکمل اردو کمنٹری ہوگی، اردو کمنٹری پینل میں طارق سعید، علی یونس، عقیل ثمر، مرینہ اقبال اور سلمان بٹ شامل ہیں، ایرن ہالینڈ اور زینب عباس میچوں کے دوران پریزینٹرز ہونگی۔
کراچی کنگز ٹیم بھی گبلی (Ghibli) اسٹائل کے رنگ میں رنگ گئی
کمنٹری پینل کا اعلان کرتے ہوئے پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ کرکٹ کی دنیا کے بڑے ناموں کی کمنٹری سے کوریج کا بہترین معیار نظر آئیگا، پہلی بار اردو کمنٹری سے شائقین کے بہت قریب پہنچ سکیں گے۔