چترال: پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، سیلاب سے تباہ حال علاقوں میں پاکستان ایئرفورس کا طیارہ امدادی سامان لے کر پہنچ گیا۔
ملک بھر میں سیلاب نے تباہی مچائی، پاک فوج سب سے پہلے امدادی سرگرمیوں کیلئے سامنے آئی، سنگلاخ پہاڑوں میں گھری وادی چترال میں بھی سیلاب مضبوط بند، رابطہ پل اور سڑکیں بہا کر لے گیا، خطرناک راستوں کے درمیان پاک فوج مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
پاکستان ائیرفورس کا طیارہ سی ون تھرٹی امدادی سامان لیکر چترال پہنچا، فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جارہا ہے، پاک فوج اب تک چھ سو سے زائد مریضوں ،سیاحوں اور مکینوں کوچترال سے محفوظ مقام پہنچاچکی ہے۔
ائیرفورس کے جہاز میں سیلاب سے متاثرہ زخمیوں کو چترال سے اسلام آباد منتقل کیا گیا، سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج سڑکوں اور پلوں کی تعمیر میں بھی مصروفِ عمل ہے۔