راولپنڈی : بھارتی فوج کی جانب سے ایک مرتبہ پھر کنٹرول آف لائن پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی ظہیر احمد شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کہ بھارتی فوج نے ایک بار پھر ایل اوسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئےتھب سیکٹر پربلااشتعال فائرنگ کی، بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی ظہیراحمد شہید ہوگیا، شہید سپاہی ظہیر احمد کا تعلق سلطان پور بھمبر سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے مؤثر اور جوابی کارروائی کی، جس میں دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا، جوابی کارروائی کے بعد بھارتی فوج کی توپیں خاموش ہوگئیں۔
یاد رہے 2 نومبر کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کی گئی تھی، فائرنگ سے 2 بچوں کی ماں منزہ بی بی شہید ہوگئیں تھیں، جس کے بعد پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترِ خارجہ طلب کیا اور واقعے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔
خیال رہے ترجمان دفترِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارتی فوج مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، بھارت رواں سال 2312 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔
مزید پڑھیں : بھارت 2018 میں 2312 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے، دفتر خارجہ
واضح رہے 14 اکتوبر کو بھی بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 8 سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔
اس سے قبل 11 اکتوبر کو بھارتی فوج نے سیالکوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، جس میں بھارتی فورسز نے سکھیال گاؤں کو نشانہ بنایا تھا، بلا اشتعال فائرنگ سے محمد حنیف نامی شہری شدید زخمی ہوا تھا۔
بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب وزیرِ اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر پر بھی بلا اشتعال فائرنگ کی تھی لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔