میلبرن میں کھیلے جا رہے پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان کی جانب جیت کے لیے دیا گیا 204 رنز کا معمولی ہدف پاکستانی بلے بازوں نے کینگروز کے لیے پہاڑ بنا دیا تاہم اعصاب شکن مقابلے کے بعد میزبان ٹیم یہ مقابلہ 2 وکٹوں سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔
View this post on Instagram
204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی دو وکٹیں جلد گر گئیں۔ میتھیو شارٹ (1) اور جیک فریسر (16) رنز بنا کر بالترتیب شاہین شاہ اور نسیم شاہ کی وکٹیں بن گئے۔
28 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد اسٹیون اسمتھ اور جوش انگلس کے درمیان 85 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی تاہم اس موقع پر صرف 4 گیندوں پر آسٹریلیا نے تین وکٹیں گنوا کر پاکستان کو گیم میں واپس آنے کا موقع فراہم کیا۔
View this post on Instagram
113 کے مجموعے پر حارث رؤف نے اسٹیون اسمتھ کو 44 کے انفرادی اسکور پر صائم ایوب کے گٹھ جوڑ سے قابو کیا۔ شاہین شاہ نے جوش انگلس کو 49 رنز پر آؤٹ کیا اور اس کے اگلے ہی اوور میں لگاتار دو گیندوں پر مارنس لبھوشن (16) اور گلین میکسویل (0) کی وکٹیں لے کر میچ میں سنسنی پیدا کر دی۔
View this post on Instagram
ایرون ہارڈی کو محمد حسنین نے بولڈ کیا جب کہ سین ایبٹ 13 رنز پر رن آؤ ہوگئے۔ اس وقت آسٹریلیا کو جیت کے لیے 18 رنز اور پاکستان کو دو وکٹیں درکار تھیں لیکن اس کے بعد آسٹریلیا نے کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔
کینگرو کپتان پیٹ کمنز 32 رنز ذمے دارانہ اننگ کھیل کر نا قابل شکست واپس لوٹے جب کہ مچل اسٹارک دو رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر حارث رؤف رہے جنہوں نے 67 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے 43 رنز دے کر 2 جب کہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
View this post on Instagram
اس سے قبل آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی گئی اور پوری ٹیم 46.4 اوورز میں صرف 203 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی بیٹنگ کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک بلے باز بھی نصف سنچری نہ بنا سکا۔ کپتان محمد رضوان 44 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ نسیم شاہ 40 اور بابر اعظم 37 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 33 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے دو، دو جب کہ ایبٹ اور لبھوشن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آج پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور عرفان خان نیازی نے ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا ہے۔ سابق قومی کپتان وسیم اکرم نے دونوں کھلاڑیوں کو ڈیبیو کیپ دی۔
اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ مچل اسٹارک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
سیریز کا دوسرا میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ میں جب کہ تیسرا اور آخری میچ 10 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوں گے
View this post on Instagram
میلبرن میں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے پاکستانی شائقین کے لیے الگ فین زون بنایا گیا تھا جہاں پاکستانی سپورٹر باجے تاشوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں آئے تھے اور پاکستانی اننگ میں ہر شاٹ پر جب کہ فیلڈنگ کے دوران ہر وکٹ پر پاکستانی کرکٹرز کا جوش بڑھاتے رہے۔
میچ سے قبل پاکستان اور آسٹریلوی کپتانوں محمد رضوان اور پیٹ کمنز نے ون ڈے سیریز ٹرافی کی رونمائی کی اور ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں گرین شرٹس کا ریکارڈ خراب ہے اور پاکستان ٹیم کینگروز کو ان کی سر زمین پر صرف ایک ہی ون ڈے سیریز ہرا سکی ہے۔