لاہور: پنجاب اسمبلی میں پی سی بی عہدیداران کو برطرف کرنے کیلئے قرارداد جمع کرادی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی سے عوام میں ورلڈ کپ سے قبل ہی مایوسیاں پھیلنے لگی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی اور مسلسل شکستوں کی وجہ سے ذمہ داروں کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔
قرارداد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور اب انگلینڈ کے ہاتھوں مسلسل شکست ہوئی ہے۔
شکستوں کی وجہ سے ورلڈ کپ پر بھی قومی ٹیم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے اور کرکٹ کے شوقین عوام میں ورلڈ کپ سے قبل ہی مایوسیاں پھیلنے لگی ہیں، قومی سرمایہ خرچ کرنے کے باوجود ٹیم کی کارردگی صفر ہے، قومی کرکٹ ٹیم مسلسل 10میچ ہارنے کے باوجود کرکٹ کے کرتا دھرتا اپنے عہدوں پر برا جمان ہیں۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں مسلسل شکستوں پر چیئرمین کرکٹ بورڈ، چیف سلیکٹر کوچ اور کپتان کو فوری طور پر ان کے عہدوں سے ہٹا یاجائے اور کرکٹ میں مسلسل شکستوں کی ذمہ داری ذمہ داروں پر فکس کی جائے۔