ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے امرتسرمیں خود اپنی تنصیبات کو نشانہ بنا کر الزام پاکستان پر لگایا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ پریس بریفنگ میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت نے چار پروجیکٹائل فائر کیے جس میں سے ایک ڈنگا میں گرا، تین پروجیکٹائل اپنی سرزمین پر گراکر الزام پاکستان پر لگایا، پاکستان جب مارے گا تو بھارتی میڈیا کو بتانے کی ضرورت نہیں ہوگی پوری دنیا کو پتا چل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پروپیگنڈا کیا کہ پاکستان نے 15 مقامات پر حملہ کیا، ہم 21ویں صدی میں رہ رہے ہیں اور اب ہر چیز مانیٹر ہورہی ہوتی ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ کوئی بھی کہانی گھڑ دیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان بھارت سے آنے والی ہر شے کو مانیٹر کررہا ہے، گرائے جانے والے بھارتی ڈرونز کا فرانزک معائنہ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 29 بھارتی ڈرونز کو گرایا جاچکا ہے جس میں سے ایک ڈرون ٹارگت پر پہنچا جس سے 4 فوجی زخمی ہوئے، بھارتی ڈرونز حملے میں تین سویلینز کی شہادت ہوئی اور 4 زخمی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارت کو اپنے سنیما سے نکل کر حقیقی دنیا میں آنا ہوگا، دنیا کو بے وقوف بنانا بند کرے، 18ویں نہیں 21ویں صدی ہے جہاں ہر پروجیکٹائل اپنی ڈیجیٹل پاتھ چھور جاتا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں انجینئرڈ وار صورتحال پیش کی جارہی ہے، پاکستان میں صورتحال معمول کے مطابق ہے عوام مطمئن ہیں، ہمارے پاس ایمان کی طاقت ہے لوگ معمول کے مطابق وقت گزار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو پریشان کرنے کے لیے بھارت نے سوچا شہروں کی طرف ڈرون بھیج دیتے ہیں لیکن عوام کا پاکستان کی مسلح افواج پر مکمل اعتماد ہے اور پرسکون زندگی گزار رہے ہیں، ہمیشہ حق کی فتح ہوتی ہے اور اس مرتبہ بھی حق کی ہی فتح ہوگی۔