دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم آج ایشیا کپ کے اپنے پہلے میچ میں سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے گی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایشیا کپ 2022 میں آج پاکستان اور بھارت ٹکرائیں گے، پاکستان ٹیم سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے گی۔
سیاہ پٹیاں باندھنے کا مقصد پاکستان میں سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنا ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی گزشتہ روز پریس کانفرنس میں سیلاب متاثرین کی امداد کا اعلان کیا تھا۔
بابر اعظم نے تمام افراد سے متاثرین کی مدد کی اپیل بھی کی تھی، ایشیا کپ کے پہلے میچ میں کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کا سیاہ پٹیاں باندھنا بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔
ایشیا کپ میں افغانستان کا فاتحانہ آغاز
ٹیم منیجر منصور رانا نے اپیل کی ہے کہ مخیر حضرات سے درخواست ہے کہ وہ پرائم منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کروائیں۔
پی سی بی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے میدان میں آگیا
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کا کل سے آغاز ہو چکا ہے، پہلے میں افغانستان نے سری لنکا کی ٹیم کا بہادری سے سامنا کیا، اور بولنگ اور بلے بازی میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہ آسانی میچ جیت لیا۔ افغان ٹیم نے سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 105 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔