بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

پاکستان نے مقامی صحافیوں کے اسرائیل جانے کی اطلاعات کا نوٹس لے لیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے مقامی صحافیوں پر مشتمل ایک وفد کے مبینہ دورۂ اسرائیل کی اطلاعات کا نوٹس لے لیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بتایا کہ پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے کی اطلاعات کا نوٹس لیا، پاکستانی پاسپورٹ اسرائیل کے سفر کیلیے کار آمد نہیں ہے۔

شفقت علی خان نے بتایا کہ پاکستان کا اسرائیل سے متعلق مؤقف تبدیل نہیں ہوا، پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کرتا ہے، فلسطین کی آزادی اور خود مختاری کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ القدس الشریف کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہیں، فلسطین کے مسئلے کا منصفانہ حل چاہتے ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا حل چاہتے ہیں۔

حالیہ دنوں میں اسرائیلی اخبار ’ہیوم‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ ایک پاکستانی وفد نے خفیہ طور پر اسرائیل کا دورہ کیا ہے، آٹھ مرد اور دو خواتین پر مشتمل وفد گزشتہ ہفتے پیر کو تل ابیب پہنچا جن میں صحافی، دانشور اور انفلوئنسرز شامل تھے۔

یہ اسرائیل کے مختلف مقامات کا دورہ کرنے کے بعد معلومات اکٹھا کرنے آئے تھے، وفد کو تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں عجائب گھر، مسجد اقصیٰ اور دیگر مقمات کا دورہ کروایا گیا۔

اخبار کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد نے اپنے دورے کے دوران اسرائیل کی موجودہ سیاسی اور سماجی صورتحال کا جائزہ لیا، دورے کا انتظام اسرائیلی غیر سرکاری تنظیم شراکہ نے کیا تھا جو تعلقات بہتر بنانے کا کام کرتی ہے، شراکہ تنظیم کی بنیاد ابراہام معاہدوں کے وژن پر رکھی گئی تھی۔

چند روز قبل ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے پاکستانی وفد کے دورۂ اسرائیل سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دورے سے متعلق معلومات اکٹھی کرنے کے مرحلے میں ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایک شخص نے اسرائیل جانے سے متعلق ٹویٹ کی، دورے سے متعلق معلومات ملنے کے بعد کچھ کہنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں