اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک ترکیہ تجارتی حجم 5 بلین ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔ مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
انقرہ میں ترک صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رجب طیب اردوان سے ملاقات پر خوشی ہوئی، ترک صدر اردوان کا دورہ پاکستان ہمارے لیے یادگار رہے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ کی جانب سے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ترک صدررجب طیب اردوان عوام کے دلوں میں بستےہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی، رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے مثالی ترقی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر طیب اردوان ایک دوراندیش اور ویژنری لیڈر ہیں، ان کی قیادت میں ترکیہ نے مثالی ترقی کی، اردوان نے ترکیہ کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے تاریخی اقدامات کیے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے صدر نےسیلاب کے دوران پاکستان کی بہت مدد کی، 2010کےسیلاب میں آپ نے پاکستان کا دورہ کرکے متاثرین سے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
2022کے تباہ کن سیلاب میں ایک بار پھرآپ نے پاکستان دورہ کیا، ترکیہ نے سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان کی بڑی کھیپ بھیجی، ترک صدر نے مشکل وقت میں جو کیا پاکستان کے عوام نہیں بھولیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترک صدر کے ساتھ ملاقات میں مختلف امور پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں اتفاق ہوا ہےکہ دونوں ممالک کا تجارتی حجم بڑھاناہے۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم شہبازشریف 2 روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے
انہوں نے کہا کہ پاک ترکیہ تجارتی حجم5بلین ڈالرتک لے جانا چاہتے ہیں، مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پراتفاق کیا گیا ہے۔