پرتھ : پاکستان اور آسٹریلیا الیون کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا ٹور میچ ڈرا ہوگیا، اسد شفیق سنچری اور کاشف بھٹی نصف سنچری اسکور کرکے نمایاں رہے۔
تفصیلات کے مطابق پرتھ میں ہونے والا ٹور میچ ہار جیت کے فیصلے بغیر ختم ہوا، پاکستان نے گزشتہ روزسات وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی تھی، اسد شفیق 101اور کاشف بھٹی 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
آسٹریلیا الیون نے کھیل کا آغاز کیا تو اس کے دونوں کھلاڑی 6 رنز پر پویلین سے باہر چلے گئے، محمد عباس نے جیک کارڈر کو کوئی رن بنانے کا بھی موقع نہیں دیا جبکہ اگلے ہی اوور میں محمد موسیٰ نے جیڈن گڈُون کو آؤٹ کردیا۔
بعد ازاں میتھیو اسپورز اور جوناتھن مرلو نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کو بے حال کردیا، دونوں کھلاڑیوں نے122 رنز کی شاندار شراکت کی۔ یاسر شاہ نے مرلو کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا جوناتھن مرلو نے 78رنز اسکور کیے۔
میزبان ٹیم کے کپتان ٹم پین صرف تین رنز بنا سکے ان کو محمد عباس نے پویلین کی راہ دکھائی، آسٹریلیا کے 165 رنز پر پاکستان کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی، میتھیوز اسپورز58رنز بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پاک ٹیم نے ڈینیئل ڈریو اور ٹام او کونل کو بھی جلد ہی گراؤنڈ سے چلتا کیا لیکن بریڈلے ہوپ پچ پر ڈٹ کر کھڑے ہوگئے اور نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے مشل پیری کے ساتھ اچھی شراکت قائم کرکے آسٹریلیا الیون کو آل آؤٹ ہونے سے بچا لیا۔
میزبان ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر246 رنز بنالیے تو امپائرز نے کپتانوں کی مشاورت سے دو روزہ میچ کا بغیر ہار جیت کے خاتمے کا فیصلہ کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21نومبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔