شارجہ : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز کل سے شارجہ میں ہوگا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز کل سے شارجہ میں رہا ہے، اب اظہر علی کا امتحان ہوگا، انگلینڈ سے ناکامی کے بعد اظہر الیون پر سیریز جیتنے کے لئے دباؤ ہوگا، آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے کے لئے پاکستان کو کیریبئینز پر کلین سوئپ ضروری ہے۔
ویسٹ انڈیز کے لئے بھی سیریز ڈو اینڈ ڈائی ہوگی، مہمان ٹیم ہار گئی تو آٹھویں پوزیشن سے محروم ہو جائے گی۔
پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں، ویسٹ انڈیز سے ون ڈے سیریز میں عمر اکمل کی بھی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ بالنگ میں سہیل خان اور راحت علی نے بھی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔
دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ دوہزار پندرہ کے بعد مدمقابل ہوں گی، شارجہ میں میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر چار بجے شروع ہوگا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز اب تک 127ون ڈے کھیل چکے ہیں، جن میں سے 55 میں میدان قومی ٹیم نے مارا جبکہ 69 میچوں میں کالی آندھی نے پچھاڑا اور 3 مقابلے ٹائی ہوئے۔