لاہور : قومی ویمنز ٹیم کے فٹنس ٹرینر جمال حسین ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، ان کی جگہ سندھ ٹیم کے ٹرینر عمران خلیل کا خاموشی سے تقرر کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے فٹنس ٹرینر جمال حسین مستعفی ہوگئے، جمال حسین کا معاہدہ مئی میں ختم ہونا تھا، ذرائع کے مطابق انہوں نے ویمنز ورلڈ کپ کے دوران ہی مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
پاکستان ویمنز ونگ نے اس حوالے سے نوٹی فیکشن جاری نہیں کیا۔ اس حوالے سے جمال حسین کا کہنا ہے کہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزار رہا ہوں، پی سی بی کو مستعفی ہونے کے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کردیا تھا۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو بہت مس کروں گا، دوسری جانب سندھ ٹیم کے ٹرینر عمران خلیل خاموشی سے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے فٹنس ٹرینر مقرر کردیئے گئے ہیں، ٹیم کی کئی کھلاڑی نئے فٹنس ٹریننر کی تقرری سے لاعلم ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خلیل کی خدمات عارضی طور پر حاصل کی گئی ہیں، ایک دو روز میں وہ ویمنز ٹیم کو فٹنس پلان جاری کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے متعلق سے بھی پی سی بی نے کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خلیل کو ای میل کے ذریعے ذمہ داریاں سوپنی گئی ہیں، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان سے کیا اور کتنے عرصے کا معاہدہ کیا گیا ہے اور اس حوالے کوئی کاغذی کارروائی بھی نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ عمران خلیل نے 2007میں پی سی بی جوائن کیا تھا، سال 2017میں پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے ٹرینر تھے، سال2015میں انہوں نے پاکستان اے ٹیم میں اپنی خدمات انجام دیں، اس وقت وہ سندھ کی ٹیم کے ٹرینر کے فرائض بھی نبھا رہے ہیں۔