جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

پاکستان کا 73واں جشن آزادی، ملک بھر میں چودہ اگست کا شاندار استقبال

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی / لاہور / پشاور / کوئٹہ / اسلام آباد: ملک بھر میں رات 12 بجتے ہی تمام شہروں میں شاندار آتش بازی اور چراغاں کر کے 73ویں آزادی کا جشن منایا گیا۔

جشن آزادی کی مناسب سے شہر شہر جیوے پاکستان کے نعروں کی گونج اور سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے جبکہ ہر شخص نےقومی نغمے سُن کر وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

کراچی تا کشمور اور گوادر سے خنجراب تک ہر طرف وطن سے محبت کا اظہار کیا جارہا ہے اور قوم آج یوم آزادی روایتی شان و شوکت سےمنارہی ہے جس کی وجہ سے فضاؤں میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند ہوئے۔

- Advertisement -

چودہ اگست کی مناسبت سے گلیوں اور محلوں کو جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ بچوں سمیت تمام عمر کے لوگوں نے اپنے سینے پر بیج سجا لیے تو کسی نے وطن سے محبت کا اظہار پوسٹرز بنا کر کیا۔

ملک کے تقریباً تمام ہی بڑے شہروں میں جشن آزادی کی مناسبت سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ شہری لاہور میں مینار پاکستان، کراچی میں سی ویو پر شاندار آتش بازی دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں پہنچے جبکہ نوجوان نے موٹرسائیکلوں پر نکل پر قومی پرچم تھام کر مارچ کیا۔

آزادی کے رنگ احتیاط کے سنگ

پشاور میں قومی پرچم سے بنے فیس ماسک کا فیشن عروج پر ہے اور شہری کرونا سے محفوظ رہنے کے لیے یہ ماسک خرید رہے ہیں۔

آج دن کا آغاز ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوگا، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

یوم آزادی مناتے ہوئے بھارتی مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا جائے گا اور بھارتی جبر غیر قانونی فوجی محاصرے، لاک ڈاون اور مظالم کی مذمت کی جائے گی ـ

یاد رہے کہ  73 برس قبل 14 اگست کے دن بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے لاکھوں قربانیاں دیں جس کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر آزاد اسلامی جمہوری ریاست کا قیام عمل میں لایا گیا۔

پاکستان کے قیام کا مقصد انگریز سامراج سے آزادی حاصل کرکے ایسی ریاست قائم کرنا تھا جہاں برصغیر کے مسلمان اپنی زندگیاں اپنے اسلامی طور طریقوں، روایات اور اقدار کے تحت آزادانہ گزار سکیں، اس خواب کو قائداعظم محمد علی جناح نے تعبیر دی۔

ملک کا 73 واں یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ اس مملکت خدادا پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل پر پہنچانے کے لئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں چھوڑا جائے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں