گرین شرٹس اور کیویز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایکشن اختتام پذیر ہوگیا پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اگلے میچز کھیلنے کیلیے اسلام آباد پہنچ گئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز جاری ہے جب کہ اس کے بعد پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی جانی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی تین میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے جس کے بعد دونوں ٹیموں کا اگلا پڑاؤ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم ہے جس کے لیے میزبان اور مہمان ٹیمیں اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعرات 20 اور پیر 24 اپریل کو سیریز کے دو بقیہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد ون ڈے سیریز کے دو ابتدائی میچز بھی بالترتیب 27 اور 29 اپریل کو ہوں گے۔
اس کے بعد دونوں ٹیمیں کراچی کے لیے اڑان بھریں گی جہاں ون ڈے سیریز کے آخری تین میچز شیڈول ہیں۔
پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے۔