کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کے خلاف آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 556 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی، جواب میں قومی ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہوتے ہوئے فالو آن کا شکار ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز کیا گیا تو اوپنر عبداللّٰہ شفیق 13 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، میچ میں کھانے کے وقفے کے فوری بعد امام الحق 20 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی بال پر نیتھن لیون کو کیچ دے بیٹھے۔
ٹیم کا اسکور 60 رنز پر پہنچا تو اظہر علی 14 رنز پر اسٹارک کا شکار بنے جبکہ اگلی ہی بال پر فواد عالم صفر پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
ان کے بعد آنے والوں میں رضوان 6، فہیم 4، ساجد 5 اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
آسٹریلیا کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ پر 89 رنز بنالیے اور پاکستان کے خلاف 489 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کے 148 رنز پر آؤٹ ہونے پر سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر بریڈ ہوگ بھی حیران رہ گئے اور انہوں نے اس کا اظہار ٹویٹر پر کیا۔
بریڈ ہوگ نے ٹویٹر پر لکھا کہ وہ کراچی میں نہیں بلکہ بنگلور میں اس طرح سے وکٹیں گرنے کی توقع کررہے تھے، واضح رہے کہ بنگلور ٹیسٹ میں بھارت نے سری لنکا کو 238 رنز سے شکست دی ہے۔
I was expecting wickets to tumble in Bangalore today not Karachi. #PAKVSAUS #SLvIND
— Brad Hogg (@Brad_Hogg) March 14, 2022
واضح رہے کہ کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے جبکہ راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔