پاکستانی نژاد مسلم عدیل منگی جنہیں صدر جو بائیڈن نے امریکا کی وفاقی اپیلٹ کورٹ کا پہلا مسلم جج نامزد کیا تھا انہیں نئی مشکل نے آن گھیرا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستانی نژاد عدیل منگی کو نیواڈا کی ڈیموکریٹ سینیٹر جیکی روزن کی اس عہدے کے لیے مخالفت کا سامنا ہے اور جیکی نے ان کی مخالفت میں ووٹ دینے کا اعلان کر دیا۔
اس سے قبل دو ڈیموکریٹس سینیٹرز کیتھرین کورٹیز ماستو اور جو منچین بھی عدیل منگی کی اس عہدے کے لیے توثیق کرنے سے انکار کر چکے ہیں جب کہ ری پبلیکنز سینیٹر پہلے ہی ان کی مخالفت کا اعلان کر چکے ہیں۔
اس صورتحال میں باوجود اس کے کہ ڈیموکریٹس کو سینیٹ میں 49 کے مقابلے میں 51 ووٹوں کی برتری حاصل ہے، سینیٹ سے عدیل منگی کی توثیق انتہائی مشکل ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں امریکا کے صدر جو بائیڈن نے پاکستانی نژاد نوجوان عدیل منگی کو وفاقی اپیلٹ کورٹ کا جج نامزد کیا تھا اور اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ عدلیہ میں تنوع کے وعدے کو پورا کر رہی ہے۔ عدلیہ اور آئین و قانون کی حکمرانی کے وقف کرنے والوں کو نامزد کیا گیا ہے۔
ویڈیو: امریکا کے پہلے نامزد مسلم جج سے ٹرمپ کے سینیٹرز کی بد اخلاقی
تاہم جب وہ دسمبر میں اپنی نامزدگی کی توثیق کے لیے سینیٹ میں پیش ہوئے تھے تو وہاں سابق صدر ٹرمپ کی جماعت ری پبلیکن کے سینیٹرز نے ان سے بد تمیزی کرتے ہوئے اسلامو فوبیا سوالات کی بوچھاڑ کر دی تھی جس کے عدیل منگی نے انتہائی تحمل اور متانت سے جوابات دیے تھے۔