نیویارک : پاکستان نے ٹی ٹی پی اور مجید بریگیڈ کی دہشت گردی کے خلاف عالمی اقدام کا مطالبہ کردیا اور ملک کے اندر داعش کی بھرتی کا الزام سختی سے مسترد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے ملک کے اندر داعش کی بھرتی کا الزام سختی سے مسترد کردیا۔
پاکستانی مستقل مندوب نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل ٹی ٹی پی، مجید بریگیڈ اور داعش کےخطرے کانوٹس لے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں 2درجن سے زائد دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں، افغانستان داعش کی بھرتی اور سہولت کاری کامرکز ہے، داعش کے خطرے کی ہرطرف بات کی جارہی ہے۔
منیر اکرم نے مزید کہا کہ ٹی ٹی پی اور مجید بریگیڈ سے پاکستان کو لاحق خطرات کوئی ذکر نہیں ہورہا، پاکستان عالمی انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں صف اول میں رہا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت چکائی ہے، ہم نے 80ہزارجانیں گنوائیں،معیشت کوشدیدنقصان پہنچا۔
پاکستانی مستقل مندوب نے انسداد دہشتگردی نظام اور پابندیوں کے طریقہ کار میں ضروری اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی حکمت عملی پر بہترعمل کیلئے جنرل اسمبلی ذیلی ادارہ بنائے۔