اسلام آباد: ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش وجذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم دفاع یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ساتھ ساتھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔
یوم دفاع پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کی دعائیں کی گئیں۔
شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
آرمی چیف نے یادگارشہدا پرحاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی، تقریب میں بگل بجائے گئے اورشہدا کو سلامی پیش کی گئی۔
یوم دفاع پرصدرمملکت کا قوم کے نام پیغام
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر قومی ولولوں کی یاد تازہ کرنے کا یوم تجدید عہد ہے، 54 سال پہلے پاک فوج نے قوم کے شانہ بشانہ دشمن کےعزائم کو ناکام بنایا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہماری مسلح افواج جدت کے ساتھ ساتھ جذبہ حب الوطنی سے لیس ہیں، ہماری مسلح افواج ہرقسم کے چیلننجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاک فوج بیرونی مہم جوئی کو ناکام بنانے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلا کر رہیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا قوم کے نام پیغام
وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے، دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی جنگ نہیں چاہتے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اپنی سلامتی اورخودمختاری پرسمجھوتا نہیں کریں گے، دشمن کو بھر پورردعمل دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
علاوہ ازیں یوم دفاع پر مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے کیڈیٹس نے مزار قائد جبکہ پاک فوج کے کیڈیٹس نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
یوم دفاع پر وزیراعظم عمران خان آذاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد جائیں گے جہاں وہ کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی تقریبات ہوں گی جن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔